سلیمان بن بلال نے ہمیں یحییٰ بن سعید سے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: سعید بن مسیب حدیث بیان کرتے تھے کہ حضرت معمر رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جس نے ذخیرہ اندوزی کی وہ گناہ گار ہے۔" سعید سے کہا گیا: آپ خود (کھانے کی بنیادی چیزوں کے سوا دوسری اشیاء میں) ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں؟ سعید نے کہا: حضرت معمر رضی اللہ عنہ جو یہ حدیث بیان کرتے تھے، وہ بھی (اس طرح کی) ذخیرہ اندوزی کرتے تھے۔
حضرت معمر رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس شخص نے ذخیرہ اندوزی کی ہے، وہ قصوروار ہے۔“ تو اس حدیث کے راوی حضرت سعید سے پوچھا گیا، آپصلی اللہ علیہ وسلم تو ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں؟ سعید نے جواب دیا، یہ حدیث بیان کرنے والے حضرت معمر رضی اللہ تعالی عنہ خود ذخیرہ کرتے تھے۔
محمد بن عجلان نے محمد بن عمرو بن عطاء سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے، انہوں نے حضرت معمر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے اور انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی، آپ نے فرمایا: "گناہ گار کے سوا کوئی اور شخص ذخیرہ اندوزی نہیں کرتا۔"
حضرت معمر بن عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”گناہ گار ہی ذخیرہ کرتا ہے۔“
عمرو بن یحییٰ نے محمد بن عمرو سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے اور انہوں نے بنو عدی بن کعب کے ایک فرد حضرت معمر بن ابی معمر سے روایت کی، انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔۔ آگے یحییٰ سے سلیمان بن بلال کی روایت کردہ حدیث کی طرح بیان کیا۔
امام صاحب اپنے ایک مجہول ساتھی سے، پہلی حدیث کی طرح روایت بیان کرتے ہیں۔