امام مالکؒ نے عبداللہ بن ابی بکر سے روایت کی، انھوں نے عباد بن تمیم سے سنا، وہ کہہ رہے تھے: میں نے حضرت عبداللہ بن زید مازنی رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہہ رہے تھے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (مدینہ سے) باہر نکل کرعیدگاہ گئے، بارش مانگی اور جب آپ قبلہ رخ ہوئے تواپنی چادر کو پلٹا۔
حضرت عبداللہ بن زید مازنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید گاہ گئے اور بارش کی دعا کی اور قبلہ رخ ہو کر اپنی چادر کو پلٹا۔
سفیان بن عینیہ نے عبداللہ بن ابی بکر سے، انھوں نے عباد بن تمیم سے اور انھوں نے اپنے چچا (عبداللہ بن زید رضی اللہ عنہ) سے روایت کی، انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (مدینہ سے) نکل کر عیدگاہ تشریف لے گئے اور بارش کی دعاکی، آپ نے قبلے کی طرف رخ کیا، اپنی چادرپلٹی اوردو رکعت نماز پڑھی۔
عباد بن تمیم اپنے چچا سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید گاہ گئے اور بارش کی دعا کی، اور قبلہ رخ ہو کر اپنی چادر پلٹی اور دو رکعت نماز پڑھی۔
ابو بکربن محمد بن عمرو نے بتایا کہ ان کو عبادبن تمیم نے خبر دی، ان کوحضرت عبداللہ بن زیدانصاری رضی اللہ عنہ نے بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بارش کی دعاکرنے کےلئے عید گاہ گئے اور جب آپ نے دعا کرنے کا ارادہ فرمایا تو قبلہ کی طرف رخ کرلیا اور اپنی چادر کو پلٹ دیا۔
حضرت عبداللہ بن زید انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بارش کی دعا کرنے کے لیے عید گاہ گئے اور جبصلی اللہ علیہ وسلم آپ نے دعا کرنے کا ارادہ فرمایا، قبلہ کی طرف رخ کر لیا اور اپنی چادر پلٹی۔
ابن شہاب نے کہا: مجھےعباد بن تمیم مازنی نے خبر دی، انھوں نے اپنے چچاسے سنا اور وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں میں سے تھے وہ کہہ رہے تھے: ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بارش کی دعا مانگنےکے لئے نکلے، اللہ سے دعاکرتے ہوئے اپنی پشت لوگوں کی طرف کی، منہ قبلہ کی طرف کیا اوراپنی چادر پلٹی، پھر دو رکعت نمازادا کی۔
عباد بن تمیم نے اپنے چچا سے سنا اور وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں میں سے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن بارش کی دعا مانگنے کے لیے نکلے۔ اپنی پشت لوگوں کی طرف کرکے اللہ سے دعا مانگتے رہے اور رخ قبلہ کی طرف تھا اور اپنی چادر پلٹی، پھر دورکعت نماز ادا کی۔