امام مالک ؒ نے نافع سے اور انھوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ام المومنین حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا نے انھیں بتایاکہ جب موذن صبح کی اذان کہہ کر خاموش ہوجاتا اور صبح ظاہر ہوجاتی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کی اقامت سے پہلے دو مختصر رکعتیں پڑھتے۔
حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ جب مؤذن صبح کی اذان کہہ کر خاموش ہو جاتا اور صبح نمودار ہو جاتی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کی اقامت سے پہلے دو ہلکی رکعتیں پڑھتے۔
محمد بن جعفر نے کہا: ہمیں شعبہ نے زید بن محمد سے حدیث سنائی، انھوں نے کہا: میں نے نافع سے سنا، وہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے حدیث بیان کرتے تھے اور وہ حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا سے روایت بیان کررہے تھے حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا نے کہا: جب فجر طلوع ہوجاتی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دو مختصر رکعتوں کے سوا کوئی نماز نہ پڑھتے تھے۔
حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ طلوعِ فجر کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دو ہلکی رکعتوں کے سوا کوئی نماز نہیں پڑھتے تھے۔
سالم نے اپنے والد (عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ) سے روایت کی، انھوں نے کہا: حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا نے مجھے خبر دی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے جب فجر روشن ہوجاتی تو آپ دو رکعتیں نماز پڑھتے تھے۔
حضرت حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ جب صبح روشن ہو جاتی تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم دو رکعت نماز پڑھتے تھے۔
عبدہ بن سلیمان نے کہا: ہمیں ہشام بن عروہ نے اپنے والد کے حوالے سے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے حدیث بیان کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اذان سنتے تو فجر کی دو رکعتیں پڑھتے اور ان میں تخفیف کرتے تھے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اذان سننے کے بعد فجر کی دو رکعت تخفیف کے ساتھ پڑھتے تھے۔
علی بن مسہر، ابو اسامہ، عبداللہ بن نمیر، اور وکیع سب نے ہشام سے اسی سند کے ساتھ یہی حدیث روایت کی، البتہ ابو اسامہ کی روایت میں (جب اذان سننے کی بجائے) "جب فجر طلوع ہوتی"کے الفاظ ہیں۔
امام صاحب نے اپنے دوسرے اساتذہ سے بھی ہشام کی سند سے یہی روایت نقل کی ہے لیکن ابواسامہ نے (إِذَا سَمِعَ الْأَذَانَ) کی بجائے (إِذَا طَلَعَ فَجْرٌ) نقل کیا ہے، جب فجر طلوع ہو جائے۔
یحییٰ بن سعید نے کہا: مجھے محمد بن عبدالرحمان نے بتایا کہ انھوں نے عمرہ کوحضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا وہ کہا کرتی تھیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی (سنت) دورکعتیں پڑھتے اور ان کو اتنا ہلکا پڑھتے کہ میں (دل میں) کہتی تھی: کیا آپ نے ان میں فاتحہ بھی پڑھی ہے یا نہیں؟ (آپ صلی اللہ علیہ وسلم عموما فاتحہ بھی بہت ٹھر ٹھر کر پڑھتے تھے۔)
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی دو رکعت سنت اس قدر ہلکی پڑھتے تھے کہ میں دل میں کہتی تھی کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان میں فاتحہ پڑھی ہے؟
شعبہ نے محمد بن عبدالرحمان انصاری سے روایت کی۔انھوں نے عمرہ بنت عبدالرحمان سے سنا، انھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہا جب فجر طلوع ہوجاتی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دو رکعتیں ادا کرتے۔ (دل میں) کہتی کیا آ پ صلی اللہ علیہ وسلم ان میں فاتحہ پڑھتے ہیں؟
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ جب فجر طلوع ہو جاتی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دو رکعت ادا کرتے میں دل میں سوچتی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان میں فاتحہ پڑھی ہے؟ یعنی ہلکی اور کم قرأت کرتے تھے۔
یحییٰ بن سعید نے ابن جریج سے روایت کی، انھوں نے کہا: مجھے عطاء بن عبید بن عمیر سے حدیث سنائی اور ا نھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سےروایت کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نوافل میں سے کسی اور (نماز) کی اتنی زیادہ پاسداری نہیں کرتے تھے جتنی آپ صبح سے پہلے کی دو رکعتوں کی کرتے تھے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جس قدر اہتمام و پابندی صبح کی نماز سے پہلے کی دو رکعت کی کرتے تھے اور کسی نفل کا اس قدر اہتمام نہیں فرماتے تھے۔
حفص نے ابن جریج سے باقی ماندہ اسی سند کے ساتھ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کسی بھی نفل (کی ادائیگی) کے لئے اسقدر جلدی کرتے نہیں دیکھاجتنی جلدی آپ نماز فجر سے پہلے کی دو رکعتوں کے لئے کرتے تھے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کسی نفل کے لیے بھی اس قدر سرعت و جلدی کرتے نہیں دیکھا، جس قدر سرعت آپصلی اللہ علیہ وسلم فجر کی نماز سے پہلے کی دو رکعتوں کے لیے کرتے تھے۔
ابو عوانہ نے قتادہ سے، انھوں نے زرارہ بن اوفیٰ سے، انھوں نے سعد بن ہشام سے، انھوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اور ا نھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ نے فرمایا: "فجر کی دو رکعتیں دنیا اور جو کچھ دنیا میں ہے، اس سے بہتر ہیں۔"
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”فجر کی دو رکعت (سنت) دنیا اور جو کچھ اس میں ہے سے بہتر ہیں۔“
معتمر کے والد سلیمان بن طرخان نے قتادہ سے اسی سند کے ساتھ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے اور انھوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپ نے طلوع فجر کے وقت کی دورکعتوں کے بارے میں فرمایا: "وہ دو (رکعتیں) مجھے ساری دنیا سے زیادہ پسند ہیں۔"
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے طلوعِ فجر کے وقت کی دو رکعت کے بارے میں فرمایا: ”وہ دونوں مجھے پوری دنیا کے مقابلہ میں زیادہ پسند ہیں۔“
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فجر کی دو رکعتوں میں (قُلْ یَا أَیُّہَا الْکَافِرُونَ) اور (قُلْ ہُوَ اللہ أَحَدٌ) تلاوت کیں۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فجر کی دو رکعت سنت میں ﴿قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ﴾ اور ﴿قُلْ هُوَ اللہ أَحَدٌ﴾ پڑھیں۔
مروان بن معاویہ فزاری نے عثمان بن حکیم انصاری سے حدیث بیان کی، انھوں نے کہا: مجھے سعید بن یسار نے بتایا کہ انھیں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے خبردی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی دو رکعتوں میں سے پہلی میں (قرآن مجید سے آیت)(قُولُوا آمَنَّا بِاللَّـہِ وَمَا أُنزِلَ إِلَیْنَا)(والاحصہ) پڑھتے جو سورہ بقرہ کی آیت ہے اور دوسری میں (آل عمران کی آیت)(آمَنَّا بِاللہ وَاشْہَدْ بِأَنَّا مُسْلِمُونَ)(والا حصہ) پڑھتے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی دو رکعت سنت میں، پہلی رکعت میں ﴿قُولُوا آمَنَّا بِاللَّـهِ وَمَا أُنزِلَ إِلَيْنَا﴾ بقرة کی آیت (۱۳۶) اور دوسری رکعت میں آل عمران کی آیت نمبر (۵۲) ﴿آمَنَّا بِاللہ وَاشْهَدْ بِأَنَّا مُسْلِمُونَ﴾ پڑھتے تھے۔
ابو خالد احمر نے عثمان بن حکیم سے، انھوں نے سعید بن یسار سے اور انھوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی دو رکعتوں میں (قرآن مجید میں سے)(قُولُوا آمَنَّا بِاللَّـہِ وَمَا أُنزِلَ إِلَیْنَا)(والا حصہ) اور جو سورہ آل عمران میں ہے (تَعَالَوْا إِلَیٰ کَلِمَۃٍ سَوَاءٍ بَیْنَنَا وَبَیْنَکُمْ)(والاحصہ) پڑھا کرتے تھے۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی دو سنتوں میں ﴿قُولُوا آمَنَّا بِاللَّـهِ وَمَا أُنزِلَ إِلَيْنَا﴾ اور آل عمران کی آیت: ۶۴ ﴿تَعَالَوْا إِلَىٰ كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ﴾ پڑھتے تھے۔