ابوبکر شیبانی کہتے ہیں اس گھر کے مالک نے مجھ سے حدیث بیان کی۔ اور انہوں نے سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے گھر کی طرف اشارہ کیا کہ انہوں (سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ) نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ اللہ کے نزدیک سب سے بہتر یا سب سے زیاده محبوب عمل کونسا ہے؟ فرمایا: نماز کو اس کے (اول) وقت میں پڑھنا۔ [سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1259]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 1261] » یہ حدیث صحیح متفق علیہ ہے۔ دیکھئے: [بخاري 527] ، [مسلم 86] ، [ترمذي 170] ، [أبويعلی 5256] ، [ابن حبان 1474]
سیدنا کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس مسجد میں تشریف لائے، ہم سات اشخاص تھے تین عربی اور چار موالی (غلام) تھے، یا چار عربی اور تین موالی میں سے تھے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم حجرے سے آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ گئے، فرمایا: ”یہاں کس وجہ سے بیٹھے ہو“، عرض کیا: نماز کا انتظار ہے۔ راوی نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کچھ دیر سر جھکائے زمین کریدتے رہے، پھر اپنا سر مبارک اٹھاتے ہوئے فرمایا: ”کیا تم جانتے ہو تمہارا رب کیا فرماتا ہے؟“ ہم نے عرض کیا: اللہ اور اس کے رسول ہی زیادہ جانتے ہیں۔ فرمایا: ”الله تعالیٰ فرماتا ہے: جو شخص نماز کو اس کے (اول) وقت میں پڑھے اور اس کے شروط و ارکان صحیح سے ادا کرے، تو میرا وعدہ ہے کہ اس کو جنت میں داخل کردوں گا، اور جو شخص نماز کو اس کے وقت میں نہ پڑ ھے نہ اس کے شروط و ارکان ادا کرے اس سے میرا کوئی عہد و پیمان نہیں ہے، اگر چاہوں تو اسے جہنم میں داخل کردوں یا چاہوں تو جنت میں پہنچا دوں۔“[سنن دارمي/من كتاب الصللاة/حدیث: 1260]
تخریج الحدیث: تحقيق الحديث: حسين سليم أسد الداراني: «إسناده جيد، [مكتبه الشامله نمبر: 1262] » اس حدیث کی سند جید ہے۔ دیکھئے: [مجمع الزوائد تحقيق حسين الداراني 1701]
وضاحت: (تشریح احادیث 1258 سے 1260) ان احادیث سے فرض نمازیں اوّل وقت میں ادا کرنے کی فضیلت اور نماز کے شروط و ارکان صحیح طریق سے ادا کرنے کی ترغیب ہے جو جنت میں داخلے کا سبب ہے اور اس میں اس سے تحذیر بھی ہے کہ اگر نماز تعدیل اور ارکان کے ساتھ ادا نہ کی جائے یا بے وقت ادا کی جائے تو جہنم میں لے جاسکتی ہے۔ «(أعاذنا اللّٰه منه)»