تفسير ابن كثير



تفسیر القرآن الکریم

(آیت67)وَ مِنْ ثَمَرٰتِ النَّخِيْلِ وَ الْاَعْنَابِ …: النَّخِيْلِ اور اَلنَّخْلُ اسم جنس ہیں، کھجور کا درخت۔ اگر ایک درخت واضح کرنا ہو تو تاء لگا دیتے ہیں، نَخِيْلَةٌ اور نَخْلَةٌ ۔ نَخَلَ يَنْخُلُ کا معنی ہے چھان کر عمدہ حصہ الگ کرنا، چھاننا۔ اس لیے بعض اہل علم کا کہنا ہے کہ چونکہ کھجور پھلوں میں منتخب ترین پھل ہے، اس لیے اسے نَخِيْلٌ کہتے ہیں۔ اس کے پھل کے مختلف وقتوں کے لحاظ سے الگ الگ نام ہیں، اَلْبَلَحُ پھر اَلْبُسْرُ پھر اَلرُّطَبُ پھر اَلتَّمْرُ۔ اس لیے اس کے درخت کا نام لیا اور انگور کے پھل کا نام جمع کے ساتھ الْاَعْنَابِ لیا، کیونکہ انگور کی بے شمار قسمیں ہیں، البتہ اس کی بیل کو عربی میںاَلْكَرْمُ کہتے ہیں۔ سَكَرًا نشہ آور چیز، یہ سَكَرٌ اور سُكْرٌ دونوں طرح پڑھا جاتا ہے، جیسے رَشَدٌ اور رُشْدٌ۔

➋ دودھ والے جانوروں کے بعد پھلوں کی نعمت ذکر فرمائی۔ عرب میں یہ دو پھل زیادہ تھے، پھر یہ تازہ بھی کھائے جاتے ہیں اور ذخیرہ بھی ہو سکتے ہیں۔ ان سے بے شمار مصنوعات بھی بنتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ان سے بنائی ہوئی چیزوں کو دو قسمیں قرار دیا، ایک نشہ آور اور ایک رزق حسن۔ اس سے اشارہ فرمایا کہ نشہ بھی اگرچہ فائدے سے خالی نہیں مگر وہ اچھا رزق نہیں۔ یہ آئندہ شراب کی حرمت کی تمہید ہے اور بطور نعمت اس لیے ذکر کیا کہ مکہ میں شراب حلال تھی اور یہ سورت مکی ہے۔

لِقَوْمٍ يَّعْقِلُوْنَ: رزق حسن میں لذت و قوت تو ہے، مگر سکر کی طرح عقل سے ہاتھ دھو بیٹھنے کا نقصان نہیں، یہ بات عقل والے ہی سمجھتے ہیں۔



https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.