تفسير ابن كثير



تفسیر القرآن الکریم

(آیت23) وَ اُدْخِلَ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا …: اللہ تعالیٰ نے اپنی سنت کے مطابق یہاں بھی مشرکین اور شیطان کے ذکر کے بعد ایمان اور عمل صالح والوں کا انجام ذکر فرمایا کہ وہ جنتوں میں داخل کر دیے گئے۔ مراد یہ ہے کہ کیے جائیں گے، مگر بات اتنی یقینی ہے کہ اسے ماضی کے لفظ سے بیان کیا کہ سمجھو یہ کام ہو چکا۔ اس سے پہلے شیطان اور مشرکین، کمزور اور سرداروں کی گفتگو میں بھی ماضی کا صیغہ یہی حکمت رکھتا ہے۔

وَ اُدْخِلَ: داخل کیے جائیں گے داخل کون کرے گا؟ اس کی تین جہتیں ہیں، اصل تو اللہ تعالیٰ ہے جو جنت میں بھیجنے کا حکم دے گا، پھر فرشتے ہیں جو اس کے حکم سے انھیں جنت میں لے جائیں گے، تیسرے ان کا ایمان اور عمل صالح ہیں جو اللہ کی رحمت اور ان کے جنت میں جانے کا ذریعہ بنیں گے، اس لیے مجہول کا صیغہ استعمال کیا۔ بِاِذْنِ رَبِّهِمْ یعنی یہ سب کچھ ان کے رب کی توفیق اور مہربانی سے ہوگا۔

تَحِيَّتُهُمْ فِيْهَا سَلٰمٌ: یعنی آپس میں ملتے وقت وہ السلام علیکم کہیں گے۔ فرشتے ان سے کہیں گے: « سَلٰمٌ عَلَيْكُمْ بِمَا صَبَرْتُمْ » [ الرعد: ۲۴ ] سلام ہو تم پر اس کے بدلے میں جو تم نے صبر کیا۔ یعنی تم پر سلامتی ہو، پھر رب رحیم انھیں سلام کہے گا: « سَلٰمٌ قَوْلًا مِّنْ رَّبٍّ رَّحِيْمٍ » [ یٰسٓ: ۵۸ ] سلام ہو۔ اس رب کی طرف سے کہا جائے گا جو بے حد مہربان ہے۔ اس میں مبارک باد کا مفہوم بھی ہے، سلامتی کی دعا بھی اور اللہ کی طرف سے سلامتی کا عطیہ بھی۔



https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.