تفسير ابن كثير



تفسیر القرآن الکریم

(آیت60،59)وَ لَمَّا جَهَّزَهُمْ بِجَهَازِهِمْ …: جَهَازٌ وہ سامان جس کی مسافر کو ضرورت ہوتی ہے۔ یوسف علیہ السلام نے کہا: « ائْتُوْنِيْ بِاَخٍ لَّكُمْ » یہ نہیں کہا بِأَخِيْكُمْ کہ اپنے بھائی کو جو تمھارے باپ سے ہے لے کر آنا، بلکہ بِاَخٍ لَّكُمْ کہا، یعنی اَخٌ کو نکرہ رکھا، تاکہ بھائیوں کے سامنے یہی ظاہر ہو کہ عزیز مصر اس بھائی کو نہیں جانتا۔ یہ سب سے چھوٹے اور یوسف علیہ السلام کے سگے بھائی تھے۔ ان کا نام بنیامین مشہور ہے جس کی کوئی پختہ دلیل نہیں، جیسا کہ عزیز مصر کا نام فوطیفار، اس کی بیوی کے نام زلیخا یا راعیل، بادشاہ کا نام ریان بن ولید اور یوسف علیہ السلام کے دوسرے بھائیوں کے ناموں کی دلیل اسرائیلی روایات کے سوا کچھ نہیں، جن پر اعتبار ممکن نہیں۔ یوسف علیہ السلام کی اس فرمائش سے معلوم ہوتا ہے کہ خود بھائیوں نے یوسف علیہ السلام کو اپنے خاندان کا تعارف کرواتے ہوئے اس بھائی کا ذکر کیا۔

اَلَا تَرَوْنَ …: چھوٹے بھائی کو بلوانے کے لیے یوسف علیہ السلام نے اپنی تجارتی ایمان داری اُوْفِي الْكَيْلَ اور بہترین مہمان نوازی کا ذکر بھی کیا اور اگلی آیت میں دھمکی بھی دی کہ اس بھائی کو ساتھ نہ لائے تو نہ غلہ ملے گا اور نہ مجھ سے ملاقات کی امید رکھنا۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یوسف علیہ السلام نے غلہ لینے کے لیے آنے والے تمام لوگوں کے لیے مہمان نوازی کا، ان کے ٹھہرنے اور کھانے پینے کا بہترین انتظام کر رکھا تھا اور بھائی تو پھر بھائی تھے۔



https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.