تفسير ابن كثير



تفسیر القرآن الکریم

(آیت 45) وَ اِذَا قِيْلَ لَهُمُ اتَّقُوْا مَا بَيْنَ اَيْدِيْكُمْ …: کائنات میں پھیلی ہوئی توحید اور آخرت کی نشانیوں اور دلیلوں کے ذکر کے بعد، جن سے مشرکین نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، اب نصیحت کرنے والوں کے ساتھ ان کے سلوک کا ذکر فرمایا۔ جس کا خلاصہ یہ ہے کہ انھوں نے خیر خواہی کی ہر بات سے بھی کان بند کر رکھے ہیں۔ مَا بَيْنَ اَيْدِيْكُمْ سے مراد پہلے گناہ اور وَ مَا خَلْفَكُمْ سے مراد بعد کے گناہ ہیں، یا مَا بَيْنَ اَيْدِيْكُمْ سے مراد دنیا کا عذاب اور وَ مَا خَلْفَكُمْ سے مراد آخرت کا عذاب ہے۔ یعنی جب ان سے ان گناہوں سے بچنے کے لیے کہا جاتا ہے جو وہ کر چکے ہیں کہ ان پر نادم ہو جاؤ، ان سے توبہ کر لو اور آئندہ کے لیے ان سے بچ جاؤ، یا جب ان سے کہا جاتا ہے کہ اس عذاب سے بچ جاؤ جو تمھارے گناہوں کی پاداش میں تم پر دنیا میں آ سکتا ہے اور اس سے بھی جو آخرت میں آ رہا ہے، تا کہ تم پر رحم کیا جائے۔ اس جملے کا جواب یہ ہے أَعْرَضُوْا عَنْهُ یعنی وہ اس نصیحت سے منہ پھیر لیتے ہیں، مگر یہاں یہ جواب حذف کر دیا گیا ہے، کیونکہ یہ اگلی آیت سے خود بخود معلوم ہو رہا ہے۔



https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.