تفسير ابن كثير



تفسیر سورۃ الزلزلۃ:

مسند احمد میں ہے کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: یا رسول اللہ ! مجھے پڑھائیے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «الر» والی تین سورتیں پڑھو، تو اس نے کہا بوڑھا ہو گیا، حافظہ کمزور ہو گیا، زبان موٹی ہو گئی، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اچھا! «حم» والی سورتیں پڑھا کرو۔ اس نے پھر وہی عذر بیان کیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «يسبح» والی تین سورتیں پڑھ لیا کرو۔ اس نے پھر وہی عذر بیان کیا اور درخواست کی کہ یا رسول اللہ ! مجھے تو کوئی جامع سورت کا سبق دے دیجئے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے یہ سورت پڑھائی، جب پڑھا چکے تو وہ کہنے لگا، اس اللہ کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ نبی بنا کر بھیجا ہے کہ میں کبھی اس پر زیادتی نہ کروں گا پھر وہ پیٹھ پھیر کر جانے لگا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس مرد نے فلاح پا لی یہ نجات کو پہنچ گیا۔ پھر فرمایا: ذرا اسے بلاؤ، وہ حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے بقر عید کا حکم کیا گیا ہے اس دن کو اللہ تعالیٰ نے اس امت کی عید کا دن بنایا ہے تو اس شخص نے کہا: اگر میرے پاس قربانی کا جانور نہ ہو اور کسی شخص نے مجھے دودھ پینے کے لیے کوئی جانور تحفہً دے رکھا ہو تو کیا میں اس کو ذبح کر ڈالوں؟ فرمایا: نہیں! پھر تو اپنے بال کتروا، ناخن کٹوا، مونچھیں پست کرا، زیر ناف کے بال صاف کر، اللہ تعالیٰ عزوجل کے نزدیک تیری پوری قربانی یہی ہے۔ [سنن ابوداود:1399،ضعيف] یہ حدیث مسند احمد، ابوداؤد نسائی میں بھی ہے۔

ترمذی شریف کی اور حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: جو شخص اس سورت کو پڑھے اسے نصف قرآن پڑھنے کا ثواب ملتا ہے۔ [سنن ترمذي:2893،قال الشيخ الألباني:حسن دون فضل زلزلت‏‏‏‏] یہ حدیث غریب ہے۔

اور روایت میں ہے «إِذَا زُلْزِلَتِ» آدھے قرآن کے برابر ہے اور «قُلْ هُوَ اللَّـهُ أَحَدٌ» تہائی قرآن کے برابر ہے اور «قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ» چوتھائی قرآن کے برابر۔ [سنن ترمذي:2894،قال الشيخ الألباني:صحيح دون فضل زلزلت‏‏‏‏] یہ حدیث بھی غریب ہے۔

اور حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابیوں میں سے ایک سے فرمایا: کیا تم نے نکاح کر لیا؟ اس نے کہا: نہیں یا رسول اللہ ! میرے پاس اتنا ہے ہی نہیں جو میں اپنا نکاح کر سکوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «قُلْ هُوَ اللَّـهُ أَحَدٌ» تیرے ساتھ نہیں؟ اس نے کہا: ہاں یہ تو ہے، فرمایا: تہائی قرآن یہ ہوا، «إِذَا جَاءَ نَصْرُ اللَّـهِ وَالْفَتْحُ» نہیں؟ کہا: وہ بھی ہے، فرمایا: چوتھائی قرآن یہ ہوا، فرمایا: «قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ» یاد نہیں؟ کہا: ہاں۔ فرمایا: چوتھائی قرآن کے برابر یہ ہے، جا اب نکاح کر لے۔ [سنن ترمذي:2895،قال الشيخ الألباني:ضعيف] ‏‏‏‏ یہ حدیث حسن ہے یہ تینوں حدیثیں صرف ترمذی میں ہیں۔



https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.