تفسير ابن كثير



سورۃ المرسلات

[ترجمہ محمد جوناگڑھی][ترجمہ فتح محمد جالندھری][ترجمہ عبدالسلام بن محمد]
إِنَّ الْمُتَّقِينَ فِي ظِلَالٍ وَعُيُونٍ[41] وَفَوَاكِهَ مِمَّا يَشْتَهُونَ[42] كُلُوا وَاشْرَبُوا هَنِيئًا بِمَا كُنْتُمْ تَعْمَلُونَ[43] إِنَّا كَذَلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِينَ[44] وَيْلٌ يَوْمَئِذٍ لِلْمُكَذِّبِينَ[45] كُلُوا وَتَمَتَّعُوا قَلِيلًا إِنَّكُمْ مُجْرِمُونَ[46] وَيْلٌ يَوْمَئِذٍ لِلْمُكَذِّبِينَ[47] وَإِذَا قِيلَ لَهُمُ ارْكَعُوا لَا يَرْكَعُونَ[48] وَيْلٌ يَوْمَئِذٍ لِلْمُكَذِّبِينَ[49] فَبِأَيِّ حَدِيثٍ بَعْدَهُ يُؤْمِنُونَ[50]

[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] یقینا پرہیز گار لوگ اس دن سایوں اور چشموں میں ہوں گے۔ [41] اور پھلوں میں، جس قسم میں سے وہ چاہیں گے۔ [42] مزے سے کھاؤ اور پیو، اس کے عوض جو تم کیا کرتے تھے۔ [43] یقینا ہم نیکی کرنے والوں کو اسی طرح بدلہ دیتے ہیں۔ [44] اس دن جھٹلانے والوں کے لیے بڑی ہلاکت ہے۔ [45] (اے جھٹلانے والو!) کھالو اور تھوڑا سا فائدہ اٹھا لو، یقینا تم مجرم ہو۔ [46] اس دن جھٹلانے والوں کے لیے بڑی ہلاکت ہے۔ [47] اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ جھک جاؤ تو وہ نہیں جھکتے۔ [48] اس دن جھٹلانے والوں کے لیے بڑی ہلاکت ہے۔ [49] پھر اس کے بعد وہ کس بات پر ایمان لائیں گے؟ [50]
........................................

[ترجمہ محمد جوناگڑھی] بیشک پرہیزگار لوگ سایوں میں ہیں اور بہتے چشموں میں [41] اور ان میووں میں جن کی وه خواہش کریں [42] (اے جنتیو!) کھاؤ پیو مزے سےاپنے کیے ہوئے اعمال کے بدلے [43] یقیناً ہم نیکی کرنے والوں کو اسی طرح جزا دیتے ہیں [44] اس دن سچا نہ جاننے والوں کے لیے ویل (افسوس) ہے [45] (اے جھٹلانے والو) تم دنیا میں تھوڑا سا کھا لو اور فائده اٹھا لو بیشک تم گنہگار ہو [46] اس دن جھٹلانے والوں کے لیے سخت ہلاکت ہے [47] ان سے جب کہا جاتا ہے کہ رکوع کر لو تو نہیں کرتے [48] اس دن جھٹلانے والوں کی تباہی ہے [49] اب اس قرآن کے بعد کس بات پر ایمان ﻻئیں گے؟ [50]۔
........................................

[ترجمہ فتح محمد جالندھری] بےشک پرہیزگار سایوں اور چشموں میں ہوں گے [41] اور میؤوں میں جو ان کو مرغوب ہوں [42] اور جو عمل تم کرتے رہے تھے ان کے بدلے میں مزے سے کھاؤ اور پیو [43] ہم نیکو کاروں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں [44] اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہوگی [45] (اے جھٹلانے والو!) تم کسی قدر کھا لو اور فائدے اُٹھا لو تم بےشک گنہگار ہو [46] اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے [47] اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ (خدا کے آگے) جھکو تو جھکتے نہیں [48] اس دن جھٹلانے والوں کی خرابی ہے [49] اب اس کے بعد یہ کون سی بات پر ایمان لائیں گے؟ [50]۔
........................................


تفسیر آیت/آیات، 41، 42، 43، 44، 45، 46، 47، 48، 49، 50،

دنیا اور آخرت کے فائدوں کا موازنہ ٭٭

اوپر چونکہ بدکاروں کی سزاؤں کا بیان ہوا تھا یہاں نیک کاروں کی جزا کا بیان ہو رہا ہے کہ ” جو لوگ متقی پرہیزگار تھے، اللہ کے عبادت گزار تھے، فرائض اور واجبات کے پابند تھے، اللہ کی نافرمانیوں سے حرام کاریوں سے بچتے تھے وہ قیامت کے دن جنتوں میں ہوں گے، جہاں قسم قسم کی نہریں چل رہی ہیں۔ گنہگار سیاہ بدبودار دھوئیں میں گھرے ہوئے ہوں گے اور یہ نیک کردار جنتوں کے گھنے ٹھنڈے اور پرکیف سایوں میں باآرام تمام لیٹے بیٹھے ہوں گے۔ سامنے صاف شفاف چشمے اپنی پوری پوری روانی سے جاری ہیں۔ قسم قسم کے پھل میوے اور ترکاریاں موجود ہیں، جسے جب جی چاہے کھائیں، نہ روک ٹوک ہے، نہ کمی اور نقصان کا اندیشہ ہے، نہ فنا ہونے اور ختم ہونے کا خطرہ ہے “۔

پھر حوصلہ بڑھانے اور دل میں خوشی کو دوبالا کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے باربار فرمایا جاتا ہے کہ اے میرے پیارے بندو! تم باخوشی اور با فراغت لذیذ پر کیف طَعام خوب کھاؤ پیو، ہم ہر نیک کار پرہیزگار مخلص انسان کو اسی طرح بھلا بدلہ اور نیک جزا دیتے ہیں۔ ہاں جھٹلانے والوں کی تو آج بڑی خرابی ہے “۔

ان جھٹلانے والوں کو دھمکایا جاتا ہے کہ ” اچھا دنیا میں تو تم کچھ کھا پی لو، برت برتا لو، فائدے اٹھا لو، عنقریب یہ نعمتیں بھی فنا ہو جائیں گی اور تم بھی موت کے گھاٹ اترو گے۔ پھر تمہارا نتیجہ جہنم ہی ہے “۔ جس کا ذکر اوپر گزر چکا ہے۔

” تمہاری بد اعمالیوں اور سیاہ کاریوں کی سزا ہمارے پاس تیار ہے کوئی مجرم ہماری نگاہ سے باہر نہیں، قیامت کو، ہمارے نبی کو، ہماری وحی کو، نہ ماننے والا، اسے جھوٹا جاننے والا، قیامت کے دن سخت نقصان میں اور پورے خسارے میں ہو گا۔ اسی کی سخت خرابی ہے “۔

جیسے اور جگہ ارشاد ہے «‏‏‏‏نُمَـتِّعُهُمْ قَلِيْلًا ثُمَّ نَضْطَرُّهُمْ اِلٰى عَذَابٍ غَلِيْظٍ» [31-لقمان:24] ‏‏‏‏ ” دنیا میں ہم انہیں تھوڑا سا فائدہ پہنچا دیں گے پھر تو ہم انہیں سخت عذاب کی طرف بے بس کردیں گے “۔

اور جگہ فرمان ہے «‏‏‏‏قُلْ اِنَّ الَّذِيْنَ يَفْتَرُوْنَ عَلَي اللّٰهِ الْكَذِبَ لَا يُفْلِحُوْنَ» [10-یونس:69] ‏‏‏‏ یعنی ” اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنے والے کامیاب نہیں ہو سکتے۔ دنیا میں یونہی سا فائدہ اٹھا لیں پھر ان کا لوٹنا تو ہماری ہی طرف ہے، ہم انہیں ان کے کفر کی سزا میں سخت تر عذاب چکھائیں گے “۔
10165

پھر فرمایا کہ ” ان نادان منکروں کو جب کہا جاتا ہے کہ آؤ اللہ کے سامنے جھک تو لو، جماعت کے ساتھ نماز تو ادا کر لو تو ان سے یہ بھی نہیں ہو سکتا، اس سے بھی جی چراتے ہیں بلکہ اسے حقارت سے دیکھتے ہیں اور تکبر کے ساتھ انکار کر دیتے ہیں، ان کے لیے جو جھٹلانے میں عمریں گزار دیتے ہیں قیامت کے دن بڑی مصیبت ہو گی “۔

پھر فرمایا ” جب یہ لوگ اس پاک کلام پر بھی ایمان نہیں لاتے تو پھر کس کلام کو مانیں گے؟۔

جیسے اور جگہ ہے «فَبِاَيِّ حَدِيْثٍۢ بَعْدَ اللّٰهِ وَاٰيٰتِهٖ يُؤْمِنُوْنَ» [45-الجاثية:6] ‏‏‏‏ یعنی ” اللہ تعالیٰ پر اور اس کی آیتوں پر جب یہ ایمان نہ لائے تو اب کس بات پر ایمان لائیں گے؟ “، ابن ابی حاتم میں سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اس سورت کی اس آیت کو پڑھے اسے اس کے جواب میں «آمَنْت بِاَللَّهِ وَبِمَا أَنْزَلَ» کہنا چاہیئے۔ یعنی میں اللہ تعالیٰ پر اور اس کی اتاری ہوئی کتابوں پر ایمان لایا ۔ [سنن ابوداود:887،قال الشيخ الألباني:ضعیف] ‏‏‏‏ یہ حدیث سورۃ القیامہ کی تفسیر میں بھی گزر چکی ہے۔

سورۃ والمرسلات کی تفسیر ختم ہوئی۔

اللہ تعالیٰ کا ہزار ہزار شکر ہے کہ انتیسویں پارے کی تفسیر بھی پوری ہوئی۔ یہ محض اسی کا فضل و کرم اور لطف و رحم ہے۔ «فالْحَمْدُ لِلَّـه»
10166



https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.