[ترجمہ محمد عبدالسلام بن محمد] اے میرے رب! مجھے حکم عطا کر اور مجھے نیک لوگوں کے ساتھ ملا۔ [83] اور پیچھے آنے والوں میں میرے لیے سچی ناموری رکھ۔ [84] اور مجھے نعمت کی جنت کے وارثوں میں سے بنا۔ [85] اور میرے باپ کو بخش دے، یقینا وہ گمراہوں میں سے تھا۔ [86] اور مجھے رسوا نہ کر، جس دن لوگ اٹھائے جائیں گے۔ [87] جس دن نہ کوئی مال فائدہ دے گا اور نہ بیٹے۔ [88] مگر جو اللہ کے پاس سلامتی والا دل لے کر آیا۔ [89] ........................................
[ترجمہ محمد جوناگڑھی] اے میرے رب! مجھے قوت فیصلہ عطا فرما اور مجھے نیک لوگوں میں ملا دے [83] اور میرا ذکر خیر پچھلے لوگوں میں بھی باقی رکھ [84] مجھے نعمتوں والی جنت کے وارﺛوں میں سے بنادے [85] اور میرے باپ کو بخش دے یقیناً وه گمراہوں میں سے تھا [86] اور جس دن کے لوگ دوباره جلائے جائیں مجھے رسوا نہ کر [87] جس دن کہ مال اور اوﻻد کچھ کام نہ آئے گی [88] لیکن فائده واﻻ وہی ہوگا جو اللہ تعالیٰ کے سامنے بے عیب دل لے کر جائے [89]۔ ........................................
[ترجمہ فتح محمد جالندھری] اے پروردگار مجھے علم ودانش عطا فرما اور نیکوکاروں میں شامل کر [83] اور پچھلے لوگوں میں میرا ذکر نیک (جاری) کر [84] اور مجھے نعمت کی بہشت کے وارثوں میں کر [85] اور میرے باپ کو بخش دے کہ وہ گمراہوں میں سے ہے [86] اور جس دن لوگ اٹھا کھڑے کئے جائیں گے مجھے رسوا نہ کیجیو [87] جس دن نہ مال ہی کچھ فائدہ دے سکا گا اور نہ بیٹے [88] ہاں جو شخص خدا کے پاس پاک دل لے کر آیا (وہ بچ جائے گا) [89]۔ ........................................
تفسیر آیت/آیات، 83، 84، 85، 86، 87، 88، 89،
حکم سے کیا مراد ہے؟ ٭٭
حکم سے مراد علم عقل الوہیت کتاب اور نبوت ہے۔ آپ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ مجھے یہ چیزیں عطا فرما کر دنیا اور آخرت میں نیک لوگوں میں شامل رکھ۔ چنانچہ صحیح حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی آخری وقت میں دعا مانگی تھی کہ اے اللہ اعلیٰ رفیقوں میں ملادے تین بار یہی دعا کی ۔ [صحیح بخاری:4436]
ایک حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ دعا بھی مروی ہے۔ «اللَّهُمَّ أَحْيِنَا مُسْلِمِينَ وَأَمِتْنَا مُسْلِمِينَ وَأَلْحِقْنَا بِالصَّالِحِينَ غَيْر خَزَايَا وَلَا مُبَدِّلِينَ» ۔ یعنی اے اللہ! ہمیں اسلام پر زندہ رکھ اور مسلمانی کی حالت میں ہی موت دے اور نیکوں میں ملادے ۔ [مسند احمد:424/3:صحیح] در آنحالیکہ نہ رسوائی ہو نہ تبدیلی۔
پھر اور دعا کرتے ہیں کہ میرے بعد بھی میرا ذکر خیر لوگوں میں جاری رہے۔ لوگ نیک باتوں میں میری اقتداء کرتے رہیں۔ اللہ تعالیٰ نے بھی ان کا ذکر پچھلی نسلوں میں باقی رکھا۔ ہر ایک آپ علیہ السلام پر سلام بھیجتا ہے اللہ کسی نیک بندے کی نیکی اکارت نہیں کرتا۔ ایک جہان ہے جن کی زبانیں آپ علیہ السلام کی تعریف وتوصیف سے تر ہیں۔ دنیا میں بھی اللہ نے انہیں اونچائی اور بھلائی دی۔ عموماً ہر مذہب وملت کے لوگوں خلیل اللہ علیہ السلام سے محبت رکھتے ہیں۔
اور دعا کرتے ہیں کہ ”میرا ذکر جمیل جہاں میں باقی رہے وہاں آخرت میں بھی جنتی بنایا جاؤں۔ اور اے اللہ میرے گمراہ باپ کو معاف فرما۔“ لیکن اپنے کافر باپ کے لیے یہ استغفار کرنا ایک وعدے پر تھا جب آپ علیہ السلام پر اس کا دشمن اللہ ہونا کھل گیا کہ وہ کفر پر ہی مرا تو آپ علیہ السلام کے دل سے اس کی عزت ومحبت جاتی رہی اور استغفار کرنا بھی ترک کر دیا۔
ابراہیم علیہ السلام بڑے صاف دل اور بردبار تھے۔ ہمیں بھی جہاں ابراہیم علیہ السلام کی روش پر چلنے کا حکم ملا ہے وہیں یہ بھی فرما دیا گیا ہے کہ اس بات میں ان کی پیروی نہ کرنا پھر دعا کرتے ہیں کہ ”مجھے قیامت کے دن کی رسوائی سے بچالینا۔ جب کہ تمام اگلی پچھلی مخلوق زندہ ہو کر ایک میدان میں کھڑی ہوگی۔“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ قیامت کے دن ابراہیم علیہ السلام کی اپنے والد سے ملاقات ہوگی۔ آپ علیہ السلام دیکھیں گے کہ اس کا منہ ذلت سے اور گردوغبار سے آلودہ ہو رہا ہے ۔ [صحیح بخاری:4768]
اور روایت میں ہے کہ اس وقت آپ علیہ السلام جناب باری تعالیٰ میں عرض کریں گے کہ پروردگار تیرا مجھ سے قول ہے کہ مجھے قیامت کے دن رسوا نہ کرے گا۔ اللہ فرمائے گا ” سن لے جنت تو کافر پر قطعاً حرام ہے “۔ [صحیح بخاری:4768]
اور روایت میں ہے کہ ابراہیم علیہ السلام اپنے باپ کو اس حالت میں دیکھ کر فرمائیں گے کہ ”دیکھ میں تجھے نہیں کہہ رہا تھا کہ میری نافرمانی نہ کر“ باپ جواب دے گا کہ ”اچھا اب نہ کرونگا۔“ آپ اللہ تعالیٰ کی جناب میں عرض کریں گے کہ ”پروردگار تو نے مجھے سے وعدہ کیا ہے کہ اس دن مجھے رسوا نہ فرمائے گا۔ اب اس سے بڑھ کر اور رسوائی کیا ہو گی کہ میرا باپ اس طرح رحمت سے دور ہے۔“ اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہ ” میرے خلیل علیہ السلام میں نے جنت کو کافروں پر حرام کر دیا ہے “، پھر فرمائے گا ” ابراہیم (علیہ السلام) دیکھ تیرے پیروں تلے کیا ہے؟ “ آپ علیہ السلام دیکھیں گے کہ ایک بدصورت بچھو کیچڑ و پانی میں لتھڑا کھڑا ہے جس کے پاؤں پکڑ کر جہنم میں پھینک دیا جائے گا۔ [صحیح بخاری:3350]
6210
حقیقتاً یہ ان کے والد ہونگے جو اس صورت میں کر دئیے گئے اور اپنی مقررہ جگہ پہنچادئے گئے اس دن انسان اگر اپنا فدیہ مال سے ادا کرنا چاہے گو دنیا بھر کے خزانے دیدے لیکن بےسود ہے، نہ اس دن اولاد فائدہ دے گی۔ تمام اہل زمین کو اپنے بدلے میں دینا چاہے پھر بھی لاحاصل۔ اس دن نفع دینے والی چیز ایمان اخلاص اور شرک اور اہل شرک سے بیزاری ہے۔
جس کا دل صالح ہو یعنی شرک و کفر کے میل کچیل سے صاف ہو، اللہ کو سچا جانتا ہو قیامت کو یقینی مانتا ہو دوبارہ کے جی اٹھنے پر ایمان رکھتا ہو اللہ کی توحید کا قائل اور عامل ہو۔ نفاق وغیرہ سے دل مریض نہ ہو۔ بلکہ ایمان واخلاص اور نیک عقیدے سے دل صحیح اور تندرست ہو۔ بدعتوں سے نفرت رکھتا ہو اور سنت سے اطمینان اور الفت رکھتا ہو۔