مقبول حدیث کی اقسام و درجات (شرائط قبولیت کے اعتبار سے)
صحیح لذاتہ:
وہ حدیث جس میں صحت کی پانچ شرطیں پائی جائیں: (ا) اس کی سند متصل ہو، یعنی ہر راوی نے اسے اپنے استاد سے اخذ کیا ہو۔ (ب) اس کا ہر راوی عادل ہو، یعنی کبیرہ گناہوں سے بچتا ہو، صغیرہ گناہوں پر اصرار نہ کرتا ہو، شائستہ طبیعت کا مالک اور بااخلاق ہو۔ وہ کامل الضبط ہو، یعنی حدیث کو تحریر یا حافظے کے ذریعے سے کماحقہ محفوظ کرے اور آگے پہنچائے۔ (و) وہ حدیث شاذ نہ ہو۔ (ھ) معلول نہ ہو۔
شاذ اور معلول کی وضاحت آگے آ رہی ہے۔
صحیح لغیرہ:
جب حسن حدیث کی ایک سے زائد سندیں ہوں تو وہ حسن کے درجے سے ترقی کر کے صحیح کے درجے تک پہنچ جاتی ہے۔ اسے ”صحیح لغیرہ“ کہتے ہیں کیونکہ وہ اپنے غیر (دوسری سندوں) کی وجہ سے درجہ صحت کو پہنچی۔
حسن لذاتہ:
وہ حدیث جس کے بعض راوی صحیح حدیث کے راویوں کی نسبت: «خفيف الضبط»”ہلکے ضبط والے“ ہوں، باقی شرطیں وہی ہوں۔
حسن لغیرہ:
وہ حدیث جس کی متعدد سندیں ہوں ہر سند میں معمولی ضعف ہو مگر متعدد سندوں سے اس ضعف کی تلافی ہو جائے تو وہ ”حسن لغیرہ“ کے درجہ کو پہنچ جاتی ہے۔