وہ حدیث جس میں تواتر کی چار شرطیں پائی جائیں: (ا) اسے راویوں کی بڑی تعداد روایت کرے۔ (ب) انسانی عقل و عادت ان کے جھوٹا ہونے کو محال سمجھے۔ (ج) یہ کثرت عہد نبوت سے لے کر صاحب کتاب محدث کے زمانے تک سند کے ہر طبقے میں پائی جائے۔ (د) حدیث کا تعلق انسانی مشاہدے یا سماعت سے ہو۔
نوٹ: راویوں کی جماعت جس نے ایک استاد یا زیادہ اساتذہ سے حدیث کا سماع کیا ہو، ”طبقہ“ کہلاتی ہے۔
خبر واحد:
وہ حدیث جس میں متواتر حدیث کی شرطیں جمع نہ ہوں۔
خبر واحد کی چار قسمیں ہیں:
➊ مشھور
➋ مستفیض
➌ عزیز
➍ غریب
مشھور:
وہ حدیث جس کے راویوں کی تعداد ہر طبقے میں دو سے زیادہ ہو مگر یکساں نہ ہو، مثلاً کسی طبقے میں تین، کسی میں چار اور کسی میں پانچ راوی اسے بیان کرتے ہوں۔
مشہور حدیث کی ایک اور تعریف: مشہور حدیث: اس حدیث کو کہتے ہیں جسے روایت کرنے والے راوی ہر طبقہ میں کم از کم تین ہوں۔ تین سے زیادہ رواۃ والی حدیث کو بھی مشہور ہی کہتے ہیں جب تک وہ تواتر کی حد کو نہ پہنچے۔
تنبیہ: خبر کا مشہور ہونا اس کی صحت کی دلیل نہیں ہے۔ بسا اوقات جھوٹی خبریں بھی مشہور ہوتی ہیں۔
تنبیہ ثانی: عام طور پر مشہور روایت ایسی روایت کو سمجھا جاتا ہے جسے اکثر لوگ جانتے ہوں مثلا: علم حاصل کرو خواہ تمہیں چین جانا پڑے۔
مستفیض:
وہ حدیث جس کے راوی ہر طبقے میں دو سے زیادہ اور یکساں تعداد میں ہوں یا سند کے اول و آخر میں ان کی تعداد یکساں ہو۔
عزیز:
وہ حدیث جس کے راوی کسی طبقے میں صرف دو ہوں۔
غریب:
وہ حدیث جسے بیان کرنے والا کسی زمانے میں صرف ایک راوی ہو۔ اگر وہ صحابی یا تابعی ہے تو اسے ”غریب مطلق“ کہیں گے اور اگر کوئی اور راوی ہے تو اسے ”غریب نسبی“ کہیں گے۔
نوٹ: مذکورہ بالا اقسام میں سے متواتر حدیث علم الیقین کی حد تک سچی ہوتی ہے۔ باقی اقسام مقبول یا مردود ہو سکتی ہیں۔
غريب حديث کی ایک اور تعریف: غريب حديث وہ ہوتی ہے جس کی سند کے کسی طبقہ ميں صرف ايک راوی رہ جائے۔
تنبیہ: عموما لوگ غریب روایت کو ضعیف سمجھتے ہيں، جبکہ ايسا نہيں ہے بلکہ غریب روایات صحيح بھی ہوتی ہيں اور ضعیف بھی۔