ابوالطفیل عامر بن واثلہ کہتے ہیں کہ میں سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھا تھا کہ اتنے میں ایک شخص آیا اور کہنے لگا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آپ کو چھپا کر کیا بتلاتے تھے؟ یہ سن کر سیدنا علی رضی اللہ عنہ غصہ ہوئے اور کہنے لگے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے کوئی ایسی چیز نہیں بتلائی جو اور لوگوں سے چھپائی ہو مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے چار باتیں فرمائیں۔ وہ شخص بولا کہ اے امیرالمؤمنین! وہ کیا ہیں؟ سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: 1۔ اللہ تعالیٰ اس شخص پر لعنت کرے جو اپنے باپ پر لعنت کرے۔ 2۔ اللہ تعالیٰ اس پر لعنت کرے جو اللہ کے سوا اور کسی کے لئے ذبح کرے۔ 3۔ اللہ تعالیٰ اس پر لعنت کرے جو کسی بدعتی کو جگہ دے۔ 4۔ اور اللہ تعالیٰ اس پر لعنت کرے جو زمین کے نشان کو بدل دے۔