سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں(ایک مرتبہ) سورج گرہن ہوا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خوف زدہ ہو کر کھڑے ہو گئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس بات کا خوف تھا کہ کہیں قیامت نہ آ جائے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تشریف لائے اور بڑے لمبے قیام اور رکوع اور سجود کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز پڑھی، اس قدر طویل نماز پڑھتے میں نے کبھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نہیں دیکھا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ نشانیاں ہیں جن کو اللہ عزوجل اپنے بندوں کو ڈرانے کے لیے بھیجتا ہے، نہ کسی کی موت کے سبب ایسا ہوتا ہے اور نہ کسی کی زندگی کے سبب بلکہ اس کے ذریعہ اللہ اپنے بندوں کو ڈراتا ہے لہٰذا جب تم اسے دیکھو تو اللہ کے ذکر کی طرف اور اس سے دعا مانگنے اور اس سے استغفار کرنے کی طرف جھک جاؤ۔