سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز ظہر کی پہلی دو رکعتوں میں سورۃ الفاتحہ اور (کوئی اور) دو سورتیں پڑھتے تھے۔ پہلی رکعت میں لمبی قرآت کرتے تھے اور دوسری میں (اس سے) چھوٹی سورت پڑھتے تھے اور کبھی کبھی کوئی آیت ہمیں سنا دیتے تھے اور عصر کی نماز میں سورۃ الفاتحہ اور کوئی دو سورتیں، پہلی رکعت میں لمبی (سورت پڑھتے تھے) اور دوسری میں اس سے چھوٹی (سورت) اور صبح کی نماز کی پہلی رکعت میں (بھی) بڑی سورت پڑھتے تھے اور دوسری رکعت میں (اس سے) چھوٹی سورت پڑھتے تھے۔