امیرالمؤمنین سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے اپنے پروردگار سے تین باتوں میں موافقت کی میں نے (ایک مرتبہ) کہا کہ یا رسول اللہ! کاش ہم مقام ابراہیم کو نماز کی جگہ بنا لیں پس یہ آیت نازل ہوئی ”اور مقام ابراہیم پر نماز ادا کرو۔“(البقرہ: 125) اور حجاب کی آیت بھی میری خواہش کے مطابق نازل ہوئی۔ میں نے کہا کہ یا رسول اللہ! کاش آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی بیویوں کو پردہ کرنے کا حکم دے دیں، اس لیے کہ ان سے ہر نیک و بد گفتگو کرتا ہے۔ پس حجاب کی آیت نازل ہوئی اور (ایک مرتبہ) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر جوش میں (آ کر) جمع ہوئیں تو میں نے ان سے کہا کہ ”اگر وہ (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ) تم کو طلاق دے دیں تو عنقریب ان کا رب انھیں تم سے اچھی بیویاں تمہارے بدلے میں دیدے گا۔“(التحریم: 5) پس یہی آیت نازل ہوئی۔