سیدنا سہل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک مالدار شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے گزرا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم لوگ اس کے بارے میں کیا کہتے ہو؟“ انھوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا شخص ہے کہ اگر کہیں (نکاح کا) پیغام بھیجے تو وہ پیغام قبول کیا جائے، اگر کسی کی سفارش کرے تو منظور کی جائے اور اگر کوئی بات کہے کہ تو کان لگا کر سنی جائے (سیدنا سہل رضی اللہ عنہ) کہتے ہیں کہ پھر آپ خاموش ہو گئے، اس کے بعد ایک دوسرا شخص جو مسلمانوں میں فقیر اور محتاج تھا، گزرا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ اس کے بارے میں تم کیا کہتے ہو؟ انھوں نے جواب دیا یہ ایک ایسا شخص ہے کہ اگر کہیں پیغام (نکاح) بھیجے تو وہ قبول نہ کیا جائے، اگر کسی کی سفارش کرے تو وہ منظور نہ کی جائے اور اگر کوئی بات کہے تو غور سے نہ سنی جائے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”ساری زمین ایسے امیروں سے بھر جائے تو تب بھی یہ فقیر ان سے بہتر ہے۔“