سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ایک شخص مسجد میں کھڑا ہوا اور اس نے کہا کہ یا رسول اللہ! آپ ہمیں احرام باندھنے کا کس مقام سے حکم دیتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مدینہ کے لوگ ذوالحلفیہ سے احرام باندھیں اور شام کے لوگ حجفہ سے احرام باندھیں اور نجد کے لوگ مقام قرن سے احرام باندھیں۔“ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا، لوگ گمان کرتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (یہ بھی) فرمایا کہ یمن کے لوگ یلملم سے احرام باندھیں۔“ اور ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے صاف اور صحیح طور پر یہ بات نہیں سنی۔