سلسله احاديث صحيحه کل احادیث 4035 :ترقیم البانی
سلسله احاديث صحيحه کل احادیث 4103 :حدیث نمبر
سلسله احاديث صحيحه
فتنے، علامات قیامت اور حشر
2331. قیامت کی پہلی بڑی علامت، آگ کا لوگوں کو شام میں جمع کرنا
حدیث نمبر: 3599
Save to word مکررات اعراب Hindi
- (اما اول اشراط الساعة؛ فنار تخرج من المشرق، فتحشر الناس إلى المغرب، واما اول ما ياكل منه اهل الجنة؛ زيادة كبد الحوت، واما شبه الولد اباه وامه؛ فإذا سبق ماء الرجل ماء المراة؛ نزع إليه الولد، وإذا سبق ماء المراة ماء الرجل؛ نزع إليها).- (أمّا أولُ أشْراطِ السّاعةِ؛ فنارٌ تخرجُ من المشْرقِ، فتحشرُ النّاسَ إلى المغربِ، وأمّا أوّلُ ما يأْكلُ منه أهْلُ الجنّة؛ زيادةُ كبِدِ الحوتِ، وأمّا شَبَهُ الولَد أباهُ وأمَّه؛ فإذا سبقَ ماءُ الرجُل ماءَ المرأةِ؛ نزعَ إليه الولدُ، وإذا سبقَ ماءُ المرأةِ ماءَ الرجُل؛ نزعَ إليها).
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں تشریف لائے تو سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا: اے اللہ کے رسول! میں آپ سے تین چیزوں کے بارے میں سوال کروں گا، صرف نبی کو ان کا علم ہوتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: پوچھو۔ انہوں نے کہا: قیامت کی پہلی علامت کون سی ہے؟ جنتی لوگ سب سے پہلے کون سی چیز کھائیں گے؟ اور بچے کی اپنے باپ یا ماں سے مشابہت کیسے ہوتی ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جبریل علیہ السلام نے مجھے ابھی ابھی یہ باتیں بتلائی ہیں۔ انھوں نے کہا: یہ فرشتہ تو یہودیوں کا دشمن ہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قیامت کی پہلی علامت ہو گی کہ مشرق سے آگ نکلے گی، وہ لوگوں کو مغرب کی طرف اکٹھا کرے گی، جنتی لوگ سب سے پہلے مچھلی کے جگر کا بڑھا ہوا حصہ کھائیں گے اور رہا مسئلہ بچے کا اپنے باپ یا ماں سے مشابہ ہونا تو جب مرد کا مادہ منویہ عورت کے پانی سے سبقت لے جاتا ہے تو بچے کی اس سے مشابہت ہو جاتی ہے اور جب عورت کا مادۂ منویہ مرد کے پانی پر غالب آ جاتا ہے تو اسے مشابہت ہو جاتی ہے۔ سیدنا عبداللہ بن سلام نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ ہی برحق ہے اور آپ اللہ کے رسول ہیں۔ مزید کہا: اے اللہ کے رسول! بیشک یہودی لوگ الزام تراش ہیں جب انہیں میرے اسلام کا پتہ چلے گا تو وہ مجھ پر جھوٹے الزامات دھریں گے۔ آپ اس طرح کریں کہ ان کو بلائیں اور میرے بارے میں یوں پوچھیں: تم میں یہ ابن سلام کون اور کیسا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو بلایا اور پوچھا: تم میں یہ عبداللہ بن سلام کون اور کیسا ہے؟، انہوں نے کہا: وہ بہترین فرد ہے اور بہترین باپ کا بیٹا ہے اور وہ عالم ہے اور عالم باپ کا بیٹا ہے اور وہ بہت عظیم فقیہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا: اگر وہ مسلمان ہو جائے تو کیا تم بھی مسلمان ہو جاؤ گے؟ انہوں نے کہا: اللہ تعالیٰ اسے اس طرح کرنے سے بچائے رکھے۔ اتنے میں سیدنا عبداللہ بن سلام رضی اللہ عنہ نکلے اور کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ ہی معبود برحق ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں۔ یہ سن کر وہ کہنے لگ گئے: یہ بدترین آدمی ہے اور بدترین باپ کا بیٹا ہے اور جاہل ہے اور جاہل باپ کا بیٹا ہے۔ ابن سلام نے کہا: یہی بات ہے جس کا مجھے اندیشہ تھا۔

https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.