-" افضل الساعات جوف الليل الآخر".-" أفضل الساعات جوف الليل الآخر".
سیدنا عمرو بن عبسہ رضی اللہ عنہ، کہتے ہیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: اے اللہ کے رسول! کس کس نے اس دین کے معاملے میں آپ کی اطاعت کی ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” ایک آزاد نے اور ایک غلام نے۔“ میں نے کہا: اسلام کسے کہتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پاکیزہ کلام کرنا اور لوگوں کو کھانا کھلانا (اسلام ہے)۔“ میں نے کہا: ایمان کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”صبر کرنا اور نرم روی اختیار کرنا (ایمان ہے)۔ “ میں نے کہا: کون سا اسلام افضل ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” (وہ صاحب اسلام سب سے افضل ہے) جس کی زبان اور ہاتھ (کے شر) سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔“ میں نے کہا: کون سا ایمان افضل ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”حسن اخلاق۔“ میں نے کہا: کون سی نماز افضل ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لمبے قیام والی۔“ میں نے کہا کون سی ہجرت افضل ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”رب کی ناپسندیدہ چیزیں ترک کر دینا۔“ میں نے کہا: کون سا جہاد افصل ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” (وہ مجاہد افضل ہے) جس کے گھوڑے کی کونچیں کاٹ دی جائیں اور اس کا خون بہا دیا جائے۔“ میں نے کہا: کون سا وقت افضل ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”رات کا آخری حصہ (یا آخری رات کا درمیانہ حصہ)۔“