موسیٰ بن یزید کندی کہتے ہیں: سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ ایک آدمی کو قرآن مجید پڑھاتے تھے، ( ایک دن) اس نے «انما الصدقات للفقراء والمساكين» کو خوش اسلوبی سے تیز تیز پڑھا۔ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے اس طرح نہیں پڑھایا، جس طرح تم پڑھ رہے ہو۔ اس نے کہا: اے ابوعبدالرحمٰن! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تجھے کیسے پڑھایا؟ انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے «انما الصدقات للفقرا والمساكين» کھینچ کھینچ کر اور لمبا لمبا کر کے پڑھایا۔