سوانح حیات ہمام بن منبہ رحمہ اللہ
سوانح حیات​:​
سیرت:
ہمام بن منبہ بن کامل بن شیخ الیمانی ابوعقبہ الصنعانی ابناء میں سے تھے، اور اپنے بھائی وہب بن منبہ رحمہ اللہ سے عمر میں بڑے تھے۔ وہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے تعلیم کے سلسلے میں ملے اور ان سے بہت سی حدیثیں روایت کی ہیں۔ میمونی رحمہ اللہ نے احمد رحمہ اللہ سے روایت کی ہے کہ ہمام بن منبہ رحمہ اللہ غزوات میں شریک ہوتے اور اپنے بھائی وہب رحمہ اللہ کے لئے کتابیں خریدتے تھے۔ انہوں نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے پاس زانوے تلمذ طے کیا اور ان سے حدیثیں سنیں جو تقریباً 140 ہیں، سب کی سب ایک اسناد رکھتی ہیں۔ معمر بن راشد رحمہ اللہ نے ان کا زمانہ پایا جب کہ یہ بوڑھے ہو گئے اور ان کی بھویں ان کی آنکھوں پرگرگئی تھیں، ہمام بن منبہ رحمہ اللہ نے معمر بن راشد رحمہ اللہ کو یہ حدیں پڑھ کر سنانی شروع کیں لیکن جب تھک گئے تو معمر بن راشد رحمہ اللہ نے رسالہ ہاتھ میں لے لیا اور باقی کو خود پڑھ کر سنایا۔ عبدالرزاق (راوی) یہ نہیں بتا سکے کہ کون سا حصہ انہوں نے پڑھا اور کون سا ان کو پڑھ کر سنایا۔
ابن سعد رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ ان کی وفات سن اکتیس 31ھ میں ہوئی۔
امام بخاری رحمہ اللہ کہتے ہیں: علی رحمہ اللہ نے بیان کیا کہ میں نے ایک شخص سے جو ہمام بن منبہ رحمہ اللہ سے ملا تھا، پوچھا: ہمام بن منبہ رحمہ اللہ کی وفات کب ہوئی؟ کہا: سنہ دو 2 میں۔
اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ابن عیینہ رحمہ اللہ کے حوالے سے بیان کیا ہے کہ میں ہمام منبہ رحمہ اللہ کا دس برس تک انتظار کرتا رہا۔ میں (ابن حجر) کہتا ہوں کہ ابن سعد، خلیفہ اور ابن حبان رحمہم اللہ نے بیان کیا ہے کہ ان کی وفات ایک سو اکتیس یا بتیس میں ہوئی۔
➊ عجلی رحمہ اللہ نے بیان کیا ہے کہ یہ یمنی، تابعی اور ثقہ تھے۔
➋ اسحاق بن منصور رحمہ اللہ نے ابن معین رحمہ اللہ کے حوالے سے بیان کیا ہے کہ ہمام ثقہ تھے۔
➌ ابن حبان رحمہ اللہ نے انہیں ثقات میں ذکر کیا ہے۔
➍ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے تقریب میں ثقہ قرار دیا ہے۔ مصادر الترجمة: [تهذيب التهذيب 59/11، ت: 7936]، [التقريب، ت: 7317]، [الكمال 298/30، ت: 6600]، [التاريخ الكبير 8/ت: 2847]، [الجرح 9/ت: 453]، [الكاشف 3/ت 6085]، [سير أعلام النبلاء 311/5، ت: 148]، [كتاب الثقات 510/5]، [تهذيب الأسماء واللغات 140/2]


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.