عقیدہ:
مسئلہ خلق قرآن:
قرآن اللہ کا کلام ہے، جو حکم اللہ تعالیٰ کی ذات کا ہے وہی اس کی صفات کا ہے، سلف صالحین کے نزدیک اس بارے میں اجماع ہے، عقیدہ سلف کے مخالفین جو قرآن کو مخلوق کہتے ہیں کی اجماعی طور پر سلف نے مذمت کی، بلکہ ان کا یہ فتویٰ مشہور ہے کہ جس نے اللہ کے کلام کو مخلوق کہا وہ کافر ہے۔
اس اہم مسئلہ پر امام نسائی کا فتویٰ بھی موجود ہے، آپ کے ایک شاگر قاضی مصر ابوالقاسم ابوعبداللہ بن ابی العوام السعدی کہتے ہیں: ”ہم سے نسائی نے اور نسائی سے اسحاق بن راہویہ نے بیان کیا کہ محمد بن اعین کا بیان ہے کہ میں نے ابن مبارک سے کہا کہ فلاں آدمی یہ کہتا ہے کہ جس شخص نے اللہ کے قول «إنني أنا الله لا إله إلا أنا فاعبدني» کے بارے میں مخلوق ہونے کا اعتقاد رکھا وہ کافر ہے، تو ابن مبارک نے کہا: اس نے سچ کہا، نسائی کہتے ہیں: میرا بھی یہی مذہب ہے۔“ [تذكرة الحفاظ 2/700]