سوانح حیات امام ابن ماجہ رحمہ اللہ
سوانح حیات​:​
سوانح حیات:
امام ابن ماجہ رحمہ اللہ علم حدیث کے ا‏‏‏‏ن درخشندہ ستاروں میں سے ہیں جو افق عالم پر آج بھی روشن اور تاباں ہیں۔ آپ کا شمار فن حدیث کے جلیل القدر اور عظیم ترین ائمہ میں ہوتا ہے۔ آپ کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ آپ کا نام ان ائمہ ستہ کی فہرست میں آتا ہے جن کی کتب حدیث کو مسلمانوں کے ہاں قبول عام حاصل ہے۔

دوسرے ائمہ کی طرح امام ابن ماجہ رحمہ اللہ نے بھی خدمت حدیث میں بڑا نام کمایا اور تدوین حدیث میں اہم کردار ادا کیا۔ آپ نے پوری زندگی گلستان حدیث کی آبیاری کرتے ہوئے گزاری۔ فرامین نبوی کی جمع و تدوین کے لیے مختلف ممالک کی طرف رخت سفر باندھا اور اپنے دور کے عظیم شیوخ الحدیث و محدثین سے کسب فیض اور حدیث نبوی کے لؤلوئے آبدار سے نہ صرف اپنے ہی دامن کو بھرا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ان کو یکجا کر دیا۔

امام ابن ماجہ رحمہ اللہ حدیث، تفسیر اور تاریخ کے بہت بڑے عالم تھے، خصوصاً علم حدیث میں تو آپ حافظ اور ماہر فن گردانے جاتے تھے، اسی لیے حافظ شمس الدین ذہبی، حافظ ابن حجر رحہما اللہ اور دیگر ناقدین فن نے علم حدیث میں آپ کی امامت، رفعت شان، وسعت نظر، حفظ حدیث اور ثقاہت کا اعتراف کیا ہے اور آپ کی علمی و فنی خدمات کو سراہا ہے۔


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.