مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث38
´جان بوجھ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جھوٹی حدیث روایت کرنے والے کی مذمت۔`
علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص مجھ سے کوئی حدیث یہ جانتے ہوئے بیان کرے کہ وہ جھوٹ ہے تو وہ دو جھوٹوں میں سے ایک ہے“۔ [سنن ابن ماجه/كتاب السنة/حدیث: 38]
اردو حاشہ:
➊ جس طرح جھوٹی حدیث گھڑنا حرام اور کبیرہ گناہ ہے،
اسی طرح اس جعلی حدیث کو دوسروں تک پہنچانا بھی بڑا جرم ہے۔
ایسی حدیث روایت کرنے والا اسے گھڑنے والے کے ساتھ گناہ
میں شریک ہے، لہٰذا وہ بھی اسی وعید کا مستحق ہے، جو حدیث گھڑنے
والے کے حق میں وارد ہے، یعنی وہ جہنمی ہے۔
➋ «الْكَاذِبَيْنِ» حدیث کا یہ لفظ دو طرح سے پڑھا گیا ہے،
تثنیہ کے صیغے سے «الْكَاذِبَيْنِ»
اور جمع کے صیغے سے «الْكَاذِبِيْنَ»
مذکورہ بالا ترجمہ تثنیہ کے لحاظ سے کیا گیا ہے۔
جمع کے لحاظ سے ترجمہ یوں ہو گا:
”وہ بھی جھوٹ بولنے والوں میں سے ایک جھوٹا ہے۔“
اس اختلاف سے اصل مسئلہ پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
➌ ان دو جھوٹوں سے مراد دو مدعی نبوت ہیں،
مسیلمہ کذاب یمامہ (نجد) میں اور اسود عنسی یمن میں۔
دونوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں نبوت کا دعوی کر دیا تھا،
اس لیے جس نے کوئی حدیث گھڑی تو گویا اس نے دعویٰ کیا کہ
وہ نبی ہے کیونکہ قرآن کی طرح حدیث بھی ایک طرح سے وحی ہے
کیونکہ یہ بھی اللہ کی طرف سے الہام ہوتی ہے۔
جمع والا معنی کرنے سے مراد ہو گا کہ قیامت تک جتنے نبوت کا
دعویٰ کرنے والے آئیں گے، وہ بھی ان میں سے ایک ہو گا۔
ایک حدیث میں آپ نے قیامت سے پہلے پہلے تیس کذاب و دجال
(جھوٹے نبیوں) کا ذکر فرمایا ہے [مسند احمد: 104/2]
اور جھوٹی روایت گھڑنے والے کو ان کے ساتھ شمار کیا ہے۔
➍ لوگوں کو خبردار کرنے کے لیے ایسی روایت بیان کرنا جائز ہے
تاکہ وہ اس سے دھوکا کھا کر اس پر عمل نہ کر بیٹھیں،
کیونکہ اس صورت میں مقصود دھوکا دینا نہیں،
بلکہ دھوکے سے بچانا ہوتا ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث\صفحہ نمبر: 38