الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3655
´ابوبکر صدیق رضی الله عنہ کے مناقب کا بیان`
عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں ہر خلیل کی «خلت» (دوستی) سے بری ہوں اور اگر میں کسی کو خلیل (دوست) بناتا تو ابن ابی قحافہ کو، یعنی ابوبکر رضی الله عنہ کو خلیل بناتا، اور تمہارا یہ ساتھی اللہ کا خلیل ہے۔“ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3655]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
(خُلّت) دوستی کی ایک خاص حالت ہے جس کے معنی ہیں دوست کی دوستی کا دل میں رچ بس جانا،
یہ ”محبت“ سے اعلی وارفع حالت ہے،
اسی لیے آپﷺ یا ابراہیم علیہ السلام نے یہ مقام صرف اللہ تعالیٰ کو دیا ہے،
رہی محبت کی بات تو آپﷺ کو سارے صحابہ،
صدیقین وصالحین سے محبت ہے،
اور صحابہ میں ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ کا مقام سب سے افضل ہے،
حتی کہ ممکن ہوتا تو آپﷺ ابوبکرکو ”خلیل“ بنا لیتے،
یہ بات ابوبکر رضی اللہ عنہ کی ایک بہت بڑی فضیلت پر دلالت کر رہی ہے۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث\صفحہ نمبر: 3655