الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2272
´نبوت کے ختم ہونے اور بشارتوں کے باقی رہنے کا بیان۔`
انس بن مالک رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”رسالت اور نبوت کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے، لہٰذا میرے بعد کوئی رسول اور کوئی نبی نہ ہو گا“، انس کہتے ہیں: یہ بات لوگوں پر گراں گزری تو آپ نے فرمایا: ”البتہ بشارتیں باقی ہیں“، صحابہ نے عرض کیا: اللہ کے رسول! بشارتیں کیا ہیں؟ آپ نے فرمایا: ”مسلمان کا خواب اور یہ نبوت کا ایک حصہ ہے“ ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الرؤيا/حدیث: 2272]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
نبی اکرمﷺکی بعثت اس امت کے لیے سب سے عظیم بشارت تھی،
اللہ رب العالمین نے نبی اکرمﷺ کومبعوث فرما کر جو احسان اس امت پرکیا ہے ایسا احسان کسی دوسری امت پرنہیں کیا،
اسے اسلام جیسی نعمت سے سرفرازکیا،
رب العالمین اپنے اس احسان کا ذکرکچھ اس طرح فرما رہا ہے ﴿لَقَدْ مَنَّ اللهُ عَلَى الْمُؤمِنِينَ إِذْ بَعَثَ فِيهِمْ رَسُولاً مِّنْ أَنفُسِهِمْ ...﴾ (آل عمران: 164) آپ کی ذات گرامی اس امت کے لیے سراپا بشارت ہی بشارت تھی،
دنیا سے رخصت ہوجانے کے بعدآپﷺ کے فرمان کے مطابق بشارتوں میں سے اچھے خواب کے علاوہ کوئی دوسری چیز باقی نہ رہ گئی۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث\صفحہ نمبر: 2272