۔ عبد اللہ بن وہب نے کہا: مجھے یو نس بن یزید نے ابن شہاب سے حدیث بیان کی، کہا: مجھے علی بن حسین بن علی نے بتا یا کہ حسین بن علی رضی اللہ عنہ نے انھیں خبر دی کہ علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ مجھے بدر کے دن مال غنیمت میں ایک اونٹنی ملی اور اسی دن ایک اونٹنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے خمس میں سے اور دی۔ پھر جب میں نے چاہا کہ فاطمۃالزہراء رضی اللہ عنہا سے شادی کروں جو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی تھیں تو میں نے بنی قینقاع کے ایک سنار سے وعدہ کیا کہ وہ میرے ساتھ چلے اور ہم دونوں مل کر اذخر لائیں اور سناروں کے ہاتھ بیچیں اور اس سے میں اپنی شادی کا ولیمہ کروں۔ میں اپنی دونوں اونٹنیوں کا سامان پالان، رکابیں اور رسیاں وغیرہ اکٹھا کر رہا تھا اور وہ دونوں اونٹنیاں ایک انصاری کی کوٹھری کے بازو میں بیٹھی تھیں۔ جس وقت میں یہ سامان جو اکٹھا کر رہا تھا اکٹھا کر کے لوٹا تو کیا دیکھتا ہوں کہ دونوں اونٹنیوں کے کوہان کٹے ہوئے ہیں، ان کی کوکھیں پھٹی ہوئی ہیں اور ان کے جگر نکال لئے گئے۔ مجھ سے یہ دیکھ کر نہ رہا گیا اور میری آنکھیں تھم نہ سکیں (یعنی میں رونے لگا یہ رونا دنیا کے طمع سے نہ تھا بلکہ سیدہ فاطمۃالزہراء اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حق میں جو تقصیر ہوئی، اس خیال سے تھا) میں نے پوچھا کہ یہ کس نے کیا؟ لوگوں نے کہا کہ حمزہ رضی اللہ عنہ بن عبدالمطلب نے اور وہ اس گھر میں انصار کی ایک جماعت کے ساتھ ہیں جو شراب پی رہے ہیں، ان کے سامنے اور ان کے ساتھیوں کے سامنے ایک گانے والی نے گانا گایا تو گانے میں یہ کہا کہ اے حمزہ اٹھ ان موٹی اونٹنیوں کو اسی وقت لے۔ حمزہ رضی اللہ عنہ تلوار لے کر اٹھے اور ان کے کوہان کاٹ لئے اور کوکھیں پھاڑ ڈالیں اور جگر (کلیجہ) نکال لیا۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے کہا کہ یہ سن کر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گیا، وہاں زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ بیٹھے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے دیکھتے ہی میرے چہرے سے رنج و مصیبت کو پہچان لیا اور فرمایا کہ تجھ کو کیا ہوا؟ میں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! اللہ کی قسم! آج کا سا دن میں نے کبھی نہیں دیکھا۔ حمزہ رضی اللہ عنہ نے میری دونوں اونٹنیوں پر ظلم کیا، ان کے کوہان کاٹ لئے، کوکھیں پھاڑ ڈالیں اور وہ اس گھر میں چند شرابیوں کے ساتھ ہیں۔ یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی چادر منگوا کر اوڑھی اور پھر پیدل چلے، میں اور زید بن حارثہ دونوں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے تھے، یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس دروازے پر آئے جہاں حمزہ رضی اللہ عنہ تھے اور اندر آنے کی اجازت مانگی۔ لوگوں نے اجازت دی۔ دیکھا تو وہ شراب پئے ہوئے تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا حمزہ رضی اللہ عنہ کو اس کام پر ملامت شروع کی اور سیدنا حمزہ کی آنکھیں (نشے کی وجہ سے) سرخ تھیں انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا، پھر آپ رضی اللہ عنہ کے گھٹنوں کو دیکھا، پھر نگاہ بلند کی تو ناف کو دیکھا۔ پھر نگاہ بلند کی تو منہ کو دیکھا اور (نشے میں دھت ہونے کی وجہ سے) کہا کہ تم تو میرے باپ دادوں کے غلام ہو۔ تب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پہچانا کہ وہ نشہ میں مست ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم الٹے پاؤں پھرے اور باہر نکلے۔ ہم بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نکلے۔
حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ بدر کے دن غنیمت میں میرے حصہ ایک عمر رسیدہ اونٹنی آئی اور ایک عمر رسیدہ اونٹنی اس دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے خمس (پانچواں حصہ) میں سے عنایت فرمائی، تو جب میں نے حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی لخت جگر کی رخصتی کا ارادہ کیا، یا شب زفاف گزارنے کا ارادہ کیا، میں نے بنو قینقاع کے ایک کاریگر (سنار) سے اپنے ساتھ جانے کا وعدہ لیا، تاکہ ہم اذخر گھاس لائیں، میں نے چاہا، اس کو زرگروں سے بیچ کر اپنی دلہن کے ولیمہ کی تیاری کروں گا، اس دوران کہ میں اپنی دونوں اونٹنیوں کے لیے سامان پالان، بورے اور رسیاں اکٹھی کر رہا تھا اور دونوں اونٹنیاں ایک انصاری آدمی کے کمرہ کے پہلو میں بٹھائی ہوئی تھیں، جب میں نے جو سامان جمع کرنا تھا، جمع کر لیا، تو میں اچانک دیکھتا ہوں، میری دونوں اونٹنیوں کے کوہان کاٹے جا چکے ہیں اور ان کی کوکھیں چاک کی جا چکی ہیں اور ان کے کلیجے نکال لئے گئے ہیں، جب میں نے ان کا یہ نظارہ دیکھا تو میں اپنی آنکھوں پر قابو نہ رکھ سکا، (رو دیا) میں نے پوچھا یہ حرکت کس نے کی ہے؟ لوگوں نے بتایا، یہ کام حمزہ بن عبدالمطلب رضی اللہ تعالی عنہ نے کیا ہے اور وہ اس گھر میں ایک انصاری شرابی ٹولی کے ساتھ موجود ہے، ایک مغنیہ نے اسے اور ان کے ساتھیوں کو شعر سنائے، شعر پڑھتے ہوئے کہنے لگی، خبردار! اے حمزہ، فربہ اونٹنیوں پر پل پڑو، تو حضرت حمزہ تلوار لے کر اٹھے، ان کے کوہان کاٹ لیے، ان کی کوکھیں چاک کر کے، ان کے جگر نکال لیے، حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، میں چل پڑا حتیٰ کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پہنچ گیا، زید بن حارثہ رضی اللہ تعالی عنہ بھی آپ کے پاس تھے، تو عرف سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھ پر جو گزرا میرے چہرے سے جان لیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہیں کیا ہوا؟“ میں نے کہا، اے اللہ کے رسول! اللہ کی قسم! آج جیسا منظر میں نے کبھی نہیں دیکھا، حضرت حمزہ رضی اللہ تعالی عنہ میری دونوں اونٹنیوں پر حملہ آور ہوئے، ان کی کوہانیں کاٹ لیں اور ان کی کوکھیں پھاڑ ڈالیں اور وہ ایک گھر میں، ان کے ساتھ شرابی ٹولی ہے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی چادر منگوا کر اوڑھی پھر پیدل روانہ ہو گئے، میں اور زید بن حارثہ رضی اللہ تعالی عنہ آپ کے پیچھے پیچھے ہو لیے، حتیٰ کہ اس دروازہ پر پہنچ گئے جس کے گھر میں حضرت حمزہ رضی اللہ تعالی عنہ تھے، اجازت طلب فرمائی، گھر والوں نے اجازت دے دی اور وہ شرابی ٹولی نکلی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت حمزہ رضی اللہ تعالی عنہ کو ان کی کرتوت پر ملامت کرنے لگے اور حمزہ کی آنکھیں سرخ ہو چکیں تھیں، تو حضرت حمزہ رضی اللہ تعالی عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا، پھر نظر آپ کے گھٹنوں تک اٹھائی، پھر نظر اٹھا کر آپ کی ناف پر نظر ڈالی، پھر نظر اٹھائی اور آپ کے چہرے کو دیکھا اور حضرت حمزہ رضی اللہ تعالی عنہ نے کہا، تم میرے باپ کے غلام ہی تو ہو نا؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سمجھ گئے، وہ نشہ میں ہیں، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم الٹے پاؤں، اپنی ایڑیوں پر لوٹ آئے، گھر سے نکل گئے اور ہم بھی آپ کے ساتھ نکل آئے۔