الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3858
3858. حضرت ابو اسحاق سعد بن ابی وقاص ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: جس دن میں مسلمان ہوا، دوسرے لوگ بھی اس دن اسلام لائے اور مسلمان ہونے والے تیسرے آدمی کی حیثیت سے مجھ پر سات دن گزرے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3858]
حدیث حاشیہ:
حضرت سعد ؓ نے یہ بات اپنے علم سے کہی ورنہ ان سے پہلے حضرت علی ؓ، حضرت خدیجہ ؓ، حضرت ابوبکر ؓ، اورحضرت زید بن حارثہ ؓ اسلام لاچکے تھے۔
ممکن ہے کہ یہ سب لوگ ایک ہی دن میں مسلمان ہوئے ہوں۔
یہ حضرات دن کے پہلے حصے میں مسلمان ہوئے اور حضرت سعد ؓ نے دن کے آخری حصے میں اسلام قبول کیا ہو۔
اس کی یہ توجیہ بھی کی جاسکتی ہے کہ حضرت سعد ؓ کا مذکورہ کلام بالغ افراد کے اعتبار سے ہے اور وہ صرف حضرت ابوبکرصدیق ؓ اور حضرت زید بن حارثہ ؓ ہیں۔
حضرت علی ؓ اس وقت نابالغ تھے اور سیدہ خدیجہ ؓ خاتون تھیں۔
واللہ اعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث\صفحہ نمبر: 3858