الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن ترمذي کل احادیث 3956 :حدیث نمبر
سنن ترمذي
کتاب: دیت و قصاص کے احکام و مسائل
The Book on Blood Money
6. باب مَا جَاءَ فِيمَنْ رُضِخَ رَأْسُهُ بِصَخْرَةٍ
6. باب: جس کا سر پتھر سے کچل دیا گیا ہو اس کی دیت کا بیان۔
Chapter: What Has Been Related About One Whose Head Was Fractured With A Rock
حدیث نمبر: 1394
پی ڈی ایف بنائیں اعراب
(مرفوع) حدثنا علي بن حجر , حدثنا يزيد بن هارون , حدثنا همام , عن قتادة , عن انس , قال: خرجت جارية عليها اوضاح , فاخذها يهودي فرضخ راسها بحجر , واخذ ما عليها من الحلي , قال: فادركت وبها رمق , فاتي بها النبي صلى الله عليه وسلم، فقال: " من قتلك , افلان؟ " قالت براسها: لا , قال: " ففلان , حتى سمي اليهودي " , فقالت براسها: اي نعم , قال: فاخذ فاعترف , فامر به رسول الله صلى الله عليه وسلم فرضخ راسه بين حجرين , قال ابو عيسى: هذا حديث حسن صحيح , والعمل على هذا عند بعض اهل العلم , وهو قول: احمد , وإسحاق , وقال بعض اهل العلم: لا قود إلا بالسيف.(مرفوع) حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ حُجْرٍ , حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ , حَدَّثَنَا هَمَّامٌ , عَنْ قَتَادَةَ , عَنْ أَنَسٍ , قَالَ: خَرَجَتْ جَارِيَةٌ عَلَيْهَا أَوْضَاحٌ , فَأَخَذَهَا يَهُودِيٌّ فَرَضَخَ رَأْسَهَا بِحَجَرٍ , وَأَخَذَ مَا عَلَيْهَا مِنَ الْحُلِيِّ , قَالَ: فَأُدْرِكَتْ وَبِهَا رَمَقٌ , فَأُتِيَ بِهَا النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: " مَنْ قَتَلَكِ , أَفُلَانٌ؟ " قَالَتْ بِرَأْسِهَا: لَا , قَالَ: " فَفُلَانٌ , حَتَّى سُمِّيَ الْيَهُودِيُّ " , فَقَالَتْ بِرَأْسِهَا: أَيْ نَعَمْ , قَالَ: فَأُخِذَ فَاعْتَرَفَ , فَأَمَرَ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَرُضِخَ رَأْسُهُ بَيْنَ حَجَرَيْنِ , قَالَ أَبُو عِيسَى: هَذَا حَدِيثٌ حَسَنٌ صَحِيحٌ , وَالْعَمَلُ عَلَى هَذَا عِنْدَ بَعْضِ أَهْلِ الْعِلْمِ , وَهُوَ قَوْلُ: أَحْمَدَ , وَإِسْحَاق , وقَالَ بَعْضُ أَهْلِ الْعِلْمِ: لَا قَوَدَ إِلَّا بِالسَّيْفِ.
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ ایک لڑکی زیور پہنے ہوئے کہیں جانے کے لیے نکلی، ایک یہودی نے اسے پکڑ کر پتھر سے اس کا سر کچل دیا اور اس کے پاس جو زیور تھے وہ اس سے چھین لیا، پھر وہ لڑکی ایسی حالت میں پائی گئی کہ اس میں کچھ جان باقی تھی، چنانچہ اسے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا، آپ نے اس سے پوچھا: تمہیں کس نے مارا ہے، فلاں نے؟ اس نے سر سے اشارہ کیا: نہیں، آپ نے پوچھا: فلاں نے؟ یہاں تک کہ اس یہودی کا نام لیا گیا (جس نے اس کا سر کچلا تھا) تو اس نے اپنے سر سے اشارہ کیا یعنی ہاں! تو یہودی پکڑا گیا، اور اس نے اعتراف جرم کر لیا، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا، اور اس کا سر دو پتھروں کے درمیان کچل دیا گیا۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن صحیح ہے،
۲- اور اہل علم کے نزدیک اسی پر عمل ہے، احمد اور اسحاق بن راہویہ کا یہی قول ہے، بعض اہل علم کہتے ہیں: قصاص صرف تلوار سے لیا جائے گا ۱؎۔

تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الوصایا 5 (2746)، والطلاق 24 (تعلیقاً) والدیات 4 (6876)، و 5 (6877)، و 12 (6884)، صحیح مسلم/القسامة 3 (1672)، سنن ابی داود/ الدیات 10 (4527)، سنن النسائی/المحاربة 9 (4055)، والقسامة 13 (4745)، سنن ابن ماجہ/الدیات 24 (2665)، (تحفة الأشراف: 1391)، و مسند احمد (3/163، 183، 203، 267)، سنن الدارمی/الدیات 4 (2400) (صحیح)»

وضاحت:
۱؎: یہ اہل کوفہ کا مذہب ہے جن میں امام ابوحنیفہ اور ان کے اصحاب شامل ہیں ان کی دلیل نعمان بن بشیر کی روایت ہے جو ابن ماجہ میں «لا قود إلا بالسيف» کے الفاظ کے ساتھ وارد ہے، لیکن یہ روایت اپنے تمام طرق کے ساتھ ضعیف ہے بلکہ بقول ابوحاتم: منکر ہے۔

قال الشيخ الألباني: صحيح، ابن ماجة (2665 - 2666)

   صحيح البخاري6885أنس بن مالكقتل يهوديا بجارية قتلها على أوضاح لها
   صحيح البخاري6876أنس بن مالكرض رأسه بالحجارة
   صحيح البخاري2413أنس بن مالكرض رأسه بين حجرين
   صحيح البخاري2746أنس بن مالكيهوديا رض رأس جارية بين حجرين فقيل لها من فعل بك أفلان أو فلان حتى سمي اليهودي فأومأت برأسها فجيء به فلم يزل حتى اعترف فأمر النبي فرض رأسه بالحجارة
   صحيح البخاري6877أنس بن مالكفلان قتلك فرفعت رأسها فأعاد عليها قال فلان قتلك فرفعت رأسها فقال لها في الثالثة فلان قتلك فخفضت رأسها فدعا به رسول الله فقتله بين الحجرين
   صحيح البخاري6884أنس بن مالكيهوديا رض رأس جارية بين حجرين فقيل لها من فعل بك هذا أفلان أفلان حتى سمي اليهودي فأومأت برأسها فجيء باليهودي فاعترف فأمر به النبي فرض رأسه بالحجارة
   صحيح البخاري6879أنس بن مالكقتله النبي بحجرين
   صحيح مسلم4361أنس بن مالكيهوديا قتل جارية على أوضاح لها فقتلها بحجر قال فجيء بها إلى النبي وبها رمق فقال لها أقتلك فلان فأشارت برأسها أن لا ثم قال لها الثانية فأشارت برأسها أن لا ثم سألها الثالثة فقالت نعم وأشارت برأسها فقتله رسول الله
   صحيح مسلم4363أنس بن مالكرجلا من اليهود قتل جارية من الأنصار على حلي لها ثم ألقاها في القليب ورضخ رأسها بالحجارة فأخذ فأتي به رسول الله فأمر به أن يرجم حتى يموت فرجم حتى مات
   صحيح مسلم4365أنس بن مالكجارية وجد رأسها قد رض بين حجرين فسألوها من صنع هذا بك فلان فلان حتى ذكروا يهوديا فأومت برأسها فأخذ اليهودي فأقر فأمر به رسول الله أن يرض رأسه بالحجارة
   جامع الترمذي1394أنس بن مالكأمر به رسول الله فرضخ رأسه بين حجرين
   سنن أبي داود4535أنس بن مالكيرض رأسه بالحجارة
   سنن أبي داود4529أنس بن مالكقتل بين حجرين
   سنن أبي داود4527أنس بن مالكيرض رأسه بالحجارة
   سنن النسائى الصغرى4744أنس بن مالكيهوديا قتل جارية على أوضاح لها فأقاده رسول الله بها
   سنن النسائى الصغرى4745أنس بن مالكرضخ رأسه بين حجرين
   سنن النسائى الصغرى4783أنس بن مالكقتله بين حجرين
   سنن النسائى الصغرى4746أنس بن مالكرضخ رأسه بين حجرين
   سنن ابن ماجه2666أنس بن مالكقتله رسول الله بين حجرين
   سنن ابن ماجه2665أنس بن مالكرضخ رسول الله رأسه بين حجرين
   بلوغ المرام999أنس بن مالكفاخذ اليهودي فاقر فامر رسول الله ان يرض راسه بين حجرين
سنن ترمذی کی حدیث نمبر 1394 کے فوائد و مسائل
  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 1394  
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یہ اہل کوفہ کا مذہب ہے جن میں امام ابوحنیفہ اوران کے اصحاب شامل ہیں ان کی دلیل نعمان بن بشیرکی روایت ہے جو ابن ماجہ میں لَا قودَ إلاَّ بِالسَّيف کے الفاظ کے ساتھ وارد ہے،
لیکن یہ روایت اپنے تمام طرق کے ساتھ ضعیف ہے بلکہ بقول ابوحاتم:
منکرہے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1394   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 999  
´(جنایات کے متعلق احادیث)`
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک لونڈی ایسی حالت میں پائی گئی کہ اس کا سر دو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا گیا تھا۔ صحابہ رضی اللہ عنہم نے اس سے دریافت کیا کہ تمہارے ساتھ ایسا کس نے کیا ہے؟ پھر خود ہی کہا کہ فلاں نے، فلاں نے، اس طرح نام لیتے ہوئے ایک یہودی کے نام پر پہنچے تو اس نے سر کے اشارہ سے کہا۔ ہاں! یہودی گرفتار کر لیا گیا۔ اس نے اس جرم کا اقرار کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ اس کا سر بھی دو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا جائے۔ (بخاری و مسلم) یہ الفاظ مسلم میں ہیں۔ «بلوغ المرام/حدیث: 999»
تخریج:
«أخرجه البخاري، الديات، باب من أقاد بالحجر، حديث:6879، ومسلم، القسامة، باب ثبوت القصاص في القتل بالحجر...، حديث:1672.»
تشریح:
1. اس حدیث میں دلیل ہے کہ مقتول کا قصاص بھاری چیزوں‘ پتھروں وغیرہ سے لینا درست ہے‘ صرف لوہے کی چیزوں کے ساتھ قصاص لینا مخصوص نہیں۔
امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے سوا باقی ائمۂ متبوعین کا یہی مذہب ہے۔
2.اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ مرد کو عورت کے بدلے میں قتل کیا جائے گا اور قاتل کو اسی طرح قتل کیا جائے گا جس طرح اس نے مقتول کو قتل کیا۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 999   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4744  
´عورت کو عورت کے بدلے قتل کرنے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے زیور کی خاطر ایک لڑکی کو قتل کر دیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس (لڑکی) کے قصاص میں اسے مار ڈالنے کا حکم دیا۔ [سنن نسائي/كتاب القسامة والقود والديات/حدیث: 4744]
اردو حاشہ:
جمہور اہل علم کے نزدیک مرد عورت کو قتل کرے تو اسے قصاصاً قتل کر دیا جائے الا یہ کہ معافی ہو جائے۔ مذکورہ واقعہ چونکہ ڈاکے کی تعریف میں آتا ہے، اس لیے آپ نے مقتولہ کے اولیاء سے معافی کا عندیہ معلوم نہیں فرمایا بلکہ اسے خود قتل کرا دیا کیونکہ ڈاکا مع قتل محاربہ کی ذیل میں آتا ہے جس میں معافی نہیں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4744   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4745  
´عورت کو عورت کے بدلے قتل کرنے کا بیان۔`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے ایک لڑکی کا زیور لے لیا، اور پھر اس کا سر دو پتھروں کے درمیان کچل دیا، لوگوں نے اس عورت کو اس حال میں پایا کہ اس میں کچھ جان باقی تھی، وہ اسے لے کر لوگوں کے پاس پہنچے، یہ پوچھتے ہوئے: کیا اس نے مارا ہے، کیا اس نے مارا ہے، وہ بولی: ہاں، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا، پھر اس کا بھی سر دو پتھروں کے درمیان کچل دیا گیا۔ [سنن نسائي/كتاب القسامة والقود والديات/حدیث: 4745]
اردو حاشہ:
تفصیل کے لیے دیکھیے، حدیث: 4049، 4050۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4745   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4783  
´تلوار کے بجائے کسی اور چیز سے قصاص لینے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک یہودی نے ایک لڑکی کو زیور پہنے دیکھا تو اسے پتھر سے مار ڈالا، وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لائی گئی، اس میں کچھ جان باقی تھی، آپ نے فرمایا: کیا تمہیں فلاں نے قتل کیا ہے؟ (شعبہ نے اپنے سر سے اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ) اس نے کہا: نہیں، آپ نے فرمایا: کیا تمہیں فلاں نے قتل کیا ہے؟ (شعبہ نے اپنے سر سے اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ) اس نے کہا: نہیں، پھر آپ نے فرمایا: کیا تمہیں فلاں نے قت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب القسامة والقود والديات/حدیث: 4783]
اردو حاشہ:
معلوم ہوا یہ ضروری نہیں کہ قصاص تلوار سے ہی لیا جائے، قصاص تو بذات خود بھی مماثلت کا تقاضا کرتا ہے، اس لیے اگر قاتل نے مقتول کو درد ناک طریقے سے قتل کیا ہو تو اسے بھی درد ناک طریقے ہی سے قتل کیا جائے گا۔ رہی حدیث [لا قَوَدَ إلا بالسَّيفِ] قصاص تلوار کے بغیر نہیں لیا جائے گا۔ تو یہ ضعیف ہے۔ یہ بھی ثابت ہوا کہ قتل کسی بھی چیز سے ہو، اگر نیت قتل کی ہو تو قصاص لیا جا سکتا ہے کیونکہ اعتبار نیت کا ہے نہ کہ آلہ قتل کا بلکہ تلوار کے علاوہ تو قتل مزید دردن اک ہو جاتا ہے اور ظالمانہ بھی۔ مزید تفصیل احادیث: 4029، 4050، 4743 میں ملاحظہ فرمائیں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4783   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 4529  
´قاتل سے قصاص لیے جانے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک لونڈی اپنے زیور پہنے ہوئی تھی اس کے سر کو ایک یہودی نے پتھر سے کچل دیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے پاس تشریف لائے، ابھی اس میں جان باقی تھی، آپ نے اس سے پوچھا: تجھے کس نے قتل کیا ہے؟ فلاں نے تجھے قتل کیا ہے؟ اس نے اپنے سر کے اشارے سے کہا: نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر پوچھا: تجھے کس نے قتل کیا؟ فلاں نے قتل کیا ہے؟ اس نے پھر سر کے اشارے سے کہا: نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر پوچھا: کیا فلاں نے کیا ہے؟ اس نے سر کے اشارہ سے کہا: ہاں، اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الديات /حدیث: 4529]
فوائد ومسائل:
اس سے معلوم ہوا کہ قصاص میں قاتل ہی کو قتل کیا جائے گا، چاہے وہ کسی مرد کا قاتل ہو یا عورت کا یہاں عورت کے قصاص میں مرد کو قتل کیا گیا، کیونکہ وہ اس عورت کا قاتل تھا۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4529   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 4535  
´لوہے کے بجائے کسی اور چیز سے قصاص لینے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک لڑکی ملی جس کا سر دو پتھروں کے درمیان کچل دیا گیا تھا، اس سے پوچھا گیا: تمہارے ساتھ یہ کس نے کیا؟ کیا فلاں نے؟ کیا فلاں نے؟ یہاں تک کہ ایک یہودی کا نام لیا گیا، تو اس نے اپنے سر کے اشارہ سے کہا: ہاں، چنانچہ اس یہودی کو پکڑا گیا، اس نے اقبال جرم کر لیا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ اس کا سر پتھر سے کچل دیا جائے۔ [سنن ابي داود/كتاب الديات /حدیث: 4535]
فوائد ومسائل:
مجرم سے قصاص لینے کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ جس انداز سے اس نے قتل کیا ہو اسی اندازسے اسے قتل کیا جائے، جیسے اس واقعہ میں ہے اور عکل اور عرینہ کے لوگوں کے ساتھ بھی اسی طرح کیا گیا تھا۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4535   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2666  
´قاتل سے قصاص اسی طرح لیا جائے گا جس طرح اس نے قتل کیا ہے۔`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے ایک لڑکی کو اس کے زیورات کی خاطر مار ڈالا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لڑکی سے (اس کی موت سے پہلے) پوچھا: کیا تجھے فلاں نے مارا ہے؟ لڑکی نے سر کے اشارہ سے کہا: نہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسرے کے متعلق پوچھا: (کیا فلاں نے مارا ہے؟) دوبارہ بھی اس نے سر کے اشارے سے کہا: نہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیسرے کے متعلق پوچھا: تو اس نے سر کے اشارے سے کہا: ہاں، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس یہودی کو دو پتھروں کے درمیان رکھ کر قتل کر دیا ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الديات/حدیث: 2666]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
پتھروں کے درمیان قتل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اس کا سرپتھر پر رکھ کر اوپر سے دوسرا پتھر مارا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوتے ہوئے فوت ہوگئی۔

(2)
گواہی کےمعاملے میں واضح اشارہ کلام کے حکم میں ہے۔
نماز میں اس قسم کا اشارہ کلام کے حکم میں نہیں۔ (صحیح البخاري، الکسوف، باب صلاۃ النساء مع الرجال فی الکسوف، حدیث: 1053)

(3)
سزائے موت اسی طرح دی جائے جس طرح قاتل نے قتل کیا ہو۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2666   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4361  
حضرت انس ‬ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے چاندی کے زیورات کی خاطر ایک لڑکی کو مار ڈالا، اسے پتھر سے مارا، اس لڑکی کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا، کیونکہ ابھی اس میں زندگی کے آثار تھے، جان نہیں نکلی تھی، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا: کیا تجھے فلاں نے قتل کیا ہے؟ اس نے سر کے اشارے سے بتایا، نہیں، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوبارہ (کسی اور کے بارے میں) پوچھا، تو اس نے سر سے اشارہ کیا، کہ... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:4361]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
اوضاح،
وضح کی جمع ہے،
یہ چاندی کے زیورات کی ایک قسم ہے۔
(2)
رمق:
زندگی کا آخری حصہ یا آخری سانس۔
فوائد ومسائل:
(1)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے،
اہل شر و فساد پر نظر رکھنی چاہیے،
اور شر و فساد کی صورت میں قرائن کی موجودگی کی بناء پر ان سے پوچھ گچھ بھی ہو سکتی ہے،
لیکن اقرار جرم کے بغیر انہیں مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا،
الا یہ کہ شہادت سے جرم ثابت ہو جائے،
اور یہ بھی معلوم ہوتا ہے،
قابل فہم اشارہ معتبر اور قابل اعتماد ہے،
اس حدیث سے استدلال کرتے ہوئے،
مالکیہ نے یہ کہا ہے،
اگر مقتول،
موت سے پہلے قاتل کی نشاندہی کر دے،
اور اس پر زخم کے نشان موجود ہوں تو اس کا یہ دعویٰ،
اس بات کا قرینہ اور علامت ہو گا،
کہ اس میں اس قاتل کا دخل ہے اس لیے یہ دعویٰ قسامہ کا سبب بنے گا،
اگر اولیائے مقتول اس قاتل کے ہی قاتل ہونے کی قسم اٹھائیں اور قتل عمد کا دعویٰ کریں،
تو اس سے قصاص لیا جائے گا،
لیکن جمہور کے نزدیک،
محض مرنے والے کے دعویٰ کو بینہ قرار نہیں دیا جا سکتا،
یہاں مقتولہ کے بیان پر یہودی کو قتل نہیں کیا گیا،
بلکہ اس کے قتل کے اقرار و اعتراف کی بناء پر قتل کیا گیا ہے۔
(2)
اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے،
مرد کو عورت کے بدلہ میں قتل کر دیا جائے گا۔
(3)
ائمہ حجاز اور جمہور علماء نے اس حدیث سے یہ استدلال کیا ہے کہ قاتل جس آلہ،
ذریعہ اور طریقہ سے قتل کرے،
قصاص میں اسے اس طریقہ یا ذریعہ سے قتل کیا جائے گا،
لیکن احناف کے نزدیک اگر کوئی شخص کسی ثقیل اور بھاری چیز سے عمداً قتل کر دے،
اس میں تیز دھار آلہ استعمال نہ کرے،
مثلا تلوار،
تیر،
خنجر اور چھری،
تو یہ قتل عمد شمار نہیں ہو گا،
شبہ عمد ہو گا،
جس میں دیت مغلظہ ہوتی ہے،
امام ابو حنیفہ،
حسن،
شعبی،
ابن المسیب،
عطاء اور طاؤس کا یہی موقف ہے،
لیکن ائمہ ثلاثہ (مالک،
شافعی،
احمد)

اور صاحبین کے نزدیک اگر آلہ قتل ایسی چیز ہے،
جس سے عموماً زندگی ختم ہو سکتی ہے،
اس کا تیز دھار ہونا شرط نہیں ہے،
جیسے بڑا پتھر،
لاٹھی تو یہ قتل عمد ہے،
جس پر قصاص لازم آئے گا،
نخعی،
زھری،
ابن سیرین،
حماد،
عمرو بن دینار،
ابن لیلیٰ اور اسحاق کا یہی قول ہے۔
(المغني،
ج 11،
ص 447،
الدکتور ترکي)

لیکن خیال رہے احناف کے نزدیک اگر قاتل کا مقصد و ارادہ دوسرے کو قتل کرنا اور اس کی جان لینا ہے،
تو پھر اس کے لیے وہ کوئی بھی آلہ استعمال کرے،
وہ تیز دھار ہو یا ثقیل و بھاری،
تو یہ قتل،
قتل عمد ہو گا،
جس کی سزا،
قصاص ہے،
شبہ عمد نہیں ہو گا،
جس کی سزا بھاری دیت ہے۔
(تکملة،
ج 2،
ص 336)

گویا اختلاف صرف اس صورت میں ہے،
جب قاتل،
قتل کرنے کا اعتراف و اقرار نہ کرے،
تو پھر آلہ قتل کو دیکھا جائے گا،
لیکن آج کے دور کا تقاضا یہی ہے کہ،
قتل میں کسی قسم کا آلہ استعمال کیا جائے،
اور قتل بینہ (شہادت)
سے ثابت ہو جائے،
اس کو قتل عمد قرار دیا جائے،
جس کی اصل سزا قصاص ہے۔
علامہ تقی عثمانی نے اس کو ترجیح دی ہے کہ آج کل جمہور ائمہ اور صاحبین کی رائے پر عمل کرنا چاہیے۔
(تکملة،
ج 2،
ص 338)
(4)
جمہور کے نزدیک قصاص کا طریقہ وہی ہے جس کو ہم اوپر بیان کر چکے ہیں کہ قاتل کے ساتھ وہی سلوک اور رویہ اختیار کیا جائے گا،
جو اس نے اختیار کیا تھا،
اگر اس نے کسی کو پتھر سے قتل کیا ہے،
تو اسے پتھر سے قتل کیا جائے گا،
اگر کسی کو پانی میں غرق کیا ہے تو اسے پانی میں ڈبویا جائے گا،
اگر لاٹھی سے قتل کیا ہے،
تو لاٹھی سے قتل کیا جائے گا،
لیکن امام ابو حنیفہ کے نزدیک،
قاتل کو صرف تلوار سے قتل کیا جائے گا،
امام احمد کا ایک قول یہی ہے،
صاحبین اور ثوری کا بھی یہی نظریہ ہے۔
بعض حضرات کے نزدیک تلوار سے قتل کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ایسا آلہ قتل جس سے فوراً جان نکل جائے،
اس لیے احناف کے موقف کے مطابق،
اس کے لیے وہ جدید آلات قتل استعمال کیے جا سکتے ہیں،
جس سے انسان کی فوری طور پر جان نکل جائے اور وہ تڑپ تڑپ کر نہ مرے۔
(تفصیلات کے لیے دیکھئے،
اسلامی قوانین ڈاکٹر تنزیل الرحمٰن،
حصہ دوم،
بحث قصاص و دیت)

   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4361   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4365  
حضرت انس بن مالک ‬ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ایک لڑکی اس حالت میں پائی گئی کہ اس کا سر دو پتھروں کے درمیان کوٹ ڈالا گیا تھا، تو لوگوں نے اس سے پوچھا، تیرے ساتھ یہ حرکت کس نے کی؟ فلاں نے؟ فلاں نے؟ حتی کہ لوگوں نے ایک یہودی کا نام لیا، تو اس نے سر کے اشارے سے تصدیق کی، یہودی کو پکڑ لیا گیا، تو اس نے اقرار کر لیا، اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس یہودی کا سر پتھروں سے کچلنے کا حکم دیا۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4365]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
اس حدیث سے ثابت ہے،
مریض یا قریب الموت کا ایسا اشارہ جو سمجھ میں آتا ہو اس کے فہم میں کسی قسم کا شک و اشتباہ نہ ہو،
وہ معتبر اور قابل اعتماد ہے۔
ائمہ حجاز کا یہی نظریہ ہے،
لیکن امام ابو حنیفہ اور ثوری کے نزدیک صرف گونگے کا اشارہ معتبر ہے،
اس سے حکم ثابت ہو گا،
مریض جب تک کلام نہ کرے،
محض اس کے اشارے سے کوئی حکم ثابت نہیں ہو گا۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4365   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2413  
2413. حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ کسی یہودی نے ایک لڑکی کا سردو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا۔ جب اس لڑکی سے پوچھا گیا کہ تیرے ساتھ یہ برتاؤ کس نے کیا ہے؟ کیا فلاں نے؟ کیا فلاں نے؟ یہاں تک کہ اس یہودی کا نام لیاگیا تو لڑکی نے اپنے سر سے اشارہ کیا۔ تب وہ یہودی گرفتار کیا گیا اور اس نے (اپنے جرم کا) اعتراف بھی کرلیا تو نبی کریم ﷺ کے حکم سے اس کا سر بھی پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2413]
حدیث حاشیہ:
علامہ قسطلانی ؒ فرماتے ہیں کہ وہ مقتولہ لڑکی انصار سے تھی۔
و عند الطحاوي عدا یهودي في عهد رسول اللہ صلی اللہ علیه علی جاریة فأخذ أوضاخا کانت علیها و رضح رأسها و الأوضاخ نوع من الحلي یعمل من الفضة و لمسلم فرضح رأسها بین حجرین و للترمذي خرجت جاریة علیها أوضاح فأخذها یهودي فرضح رأسها و أخذا ما علیها من الحلي قال فأدرکت و بها رمق فأتي بها النبي صلی اللہ علیه وسلم قیل الحدیث۔
یعنی زمانہ رسالت میں ایک یہودی ڈاکو نے ایک لڑکی پر حملہ کیا، جو چاندی کے کڑے پہنے ہوئے تھی۔
یہودی نے اس بچی کا سر دو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا اور کڑے اس کے بدن سے اتار لیے چنانچہ وہ بچی اس حال میں کہ اس میں جان باقی تھی، آنحضرت ﷺ کی خدمت میں لائی گئی اور اس نے اس یہودی کا یہ ڈاکہ ظاہر کر دیا۔
اس کی سزا میں یہودی کا بھی سر دو پتھروں کے درمیان کچل کر اس کو ہلاک کیا گیا۔
احتج بہ المالکیة و الشافعیة و الحنابلة و الجمهور علی أن من قتل بشيئ یقتل بمثله (قسطلانی)
یعنی مالکیہ اور شافعیہ اور حنابلہ اور جمہور نے اس سے دلیل پکڑی ہے کہ جو شخص کسی چیز سے کسی کو قتل کرے گا اسی کے مثل سے اس کو بھی قتل کیا جائے گا۔
قصاص کا تقاضا بھی یہی ہے۔
مگر حضرت امام ابوحنیفہ ؒ کی رائے اس کے خلاف ہے۔
وہ مماثلت کے قائل نہیں ہیں اور یہاں جو مذکور ہے اسے محض سیاسی اور تعزیری حیثیت دیتے ہیں۔
قانونی حیثیت سے اسے تسلیم نہیں کرتے مگر آپ کا یہ خیال حدیث کے خلاف ہونے کی وجہ سے قابل قبول نہیں ہے۔
حضرت امام ؒ نے خود فرما دیا ہے إذا صح الحدیث فهو مذھب یعنی جب صحیح حدیث مل جائے تو وہی میرا مذہب ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2413   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2746  
2746. حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے کسی لڑکی کا سر دو پتھرں کے درمیان رکھ کر کچل دیا۔ لڑکی سے پوچھا گیا: تیرے ساتھ یہ سلوک کس نے کیا ہے؟ کیا فلاں شخص نے یا فلاں شخص نے کیا ہے؟ح تیٰ کہ اس یہودی کا نام لیاگیا تو اس نے اپنے سر سے اشارہ کیا (ہاں)، چنانچہ اس یہودی کو پکڑ کر لایا گیا۔ اس سے مسلسل باز پرس ہوتی رہی حتیٰ کہ اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا، پھر رسول اللہ ﷺ کے حکم پر اس کا سر بھی پتھر سے کچل دیاگیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2746]
حدیث حاشیہ:
آپ ﷺ نے اس لڑکی کا بیان جو سر کے اشارے سے تھا‘ شہادت میں قبول کیا اور یہودی کی گرفتاری کا حکم دیا گو قصاص کا حکم صرف شہادت کی بنا پر نہیں دیا گیا بلکہ یہودی کے اقبال جرم پر لہذا ایسے مظلوم کے سر کے اشارے سے بھی اہل قانون نے موت کے وقت کی شہادت کو معتبر قراردیا ہے کیونکہ آدمی مرتے وقت اکثر سچ ہی کہتا ہے اور جھوٹ سے پرہیز کرتا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2746   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 6876  
6876. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے کسی لڑکی کا سر دو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا، پھر اس لڑکی سے پوچھا گیا: تیرے ساتھ یہ برتاؤ کس نے کیا ہے؟ کیا فلاں نے؟ یہاں تک کہ اس یہودی کا نام لیا گیا (تو لڑکی نے سر کے اشارہ سے ہاں کہا) پھر اس یہودی کو نبی ﷺ کے پاس لایا گیا۔ آپ اس سے مسلسل پوچھتے رہے حتیٰ کہ اس نے اقرار کرلیا تو اس کا سر بھی پتھروں سے کچل دیا گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6876]
حدیث حاشیہ:
اس حدیث سے حنفیہ کا رد ہوا جو کہتے ہیں کہ قصاص ہمیشہ تلوار ہی سے لیا جائے گا اور یہ بھی ثابت ہوا کہ مرد عورت کے بدلے قلت کیا جائے گا۔
بعض لوگوں نے اس سے دلیل لی ہے کہ اجماع کا منکر کافر ہے مگر یہ صحیح نہیں ہے۔
ایسی اجماعی بات کا منکر کافر ہے جس کا وجوب شریعت سے تواتراً ثابت ہو لیکن جس مسئلہ کا ثبوت حدیث صحیح متواتر یا آیت قرآن سے ثابت نہ ہو اور اس میں کوئی اجماع کا خلاف کرے تو وہ کافر نہ ہوگا۔
قاضی عیاض نے کہا جو عالم کے حدوث کا منکر ہو اور اسے قدیم کہے وہ کافر ہے اور جماعت کے چھوڑنے میں باغی اور رہزن اور اس قول سے مڑنے والے اور امام برحق سے مخالفت کرنے والے بھی آگئے ان کا بھی قتل درست ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6876   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2413  
2413. حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ کسی یہودی نے ایک لڑکی کا سردو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا۔ جب اس لڑکی سے پوچھا گیا کہ تیرے ساتھ یہ برتاؤ کس نے کیا ہے؟ کیا فلاں نے؟ کیا فلاں نے؟ یہاں تک کہ اس یہودی کا نام لیاگیا تو لڑکی نے اپنے سر سے اشارہ کیا۔ تب وہ یہودی گرفتار کیا گیا اور اس نے (اپنے جرم کا) اعتراف بھی کرلیا تو نبی کریم ﷺ کے حکم سے اس کا سر بھی پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2413]
حدیث حاشیہ:
(1)
پہلی دو روایات میں تھا کہ ایک یہودی کے دعویٰ کرنے پر مسلمان کی سرزنش کی گئی، اس طرح عدل و انصاف کا بول بالا ہوا، اس روایت میں ایک جرم کی پاداش میں یہودی کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔
اسلامی عدالت سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ بےجا کسی کی طرف داری کرے یا بلاوجہ کسی کی حق تلفی کی مرتکب ہو۔
(2)
اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ قاتل کو اسی طرح سزائے موت دی جائے جس طرح اس نے مقتول کو قتل کیا ہو لیکن کچھ ائمۂ کرام کا موقف ہے کہ قصاص صرف تلوار سے لیا جائے گا لیکن ان کا یہ موقف حدیث کے خلاف ہونے کی وجہ سے محل نظر ہے۔
اصل واقعہ یہ ہے:
ایک یہودی ڈاکو نے ایک لڑکی پر حملہ کیا جس نے چاندی کے کڑے پہن رکھے تھے۔
یہودی نے لڑکی کا سر پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا اور اس کے کڑے اتار لیے، چنانچہ سزا کے طور پر یہودی کو بھی اسی طرح قتل کیا گیا۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2413   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2746  
2746. حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے کسی لڑکی کا سر دو پتھرں کے درمیان رکھ کر کچل دیا۔ لڑکی سے پوچھا گیا: تیرے ساتھ یہ سلوک کس نے کیا ہے؟ کیا فلاں شخص نے یا فلاں شخص نے کیا ہے؟ح تیٰ کہ اس یہودی کا نام لیاگیا تو اس نے اپنے سر سے اشارہ کیا (ہاں)، چنانچہ اس یہودی کو پکڑ کر لایا گیا۔ اس سے مسلسل باز پرس ہوتی رہی حتیٰ کہ اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا، پھر رسول اللہ ﷺ کے حکم پر اس کا سر بھی پتھر سے کچل دیاگیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2746]
حدیث حاشیہ:
اس مقام پر دو مسئلے ہیں جن کی وضاحت یہ ہے کہ اشارے سے وصیت کا ثبوت ہو سکتا ہے کیونکہ اشارہ، کلام کے قائم مقام ہے بشرطیکہ اشارہ واضح ہو، اس سے مقصد میں کسی قسم کا شک پیدا نہ ہوتا ہو۔
اشارہ سر سے کیا جائے یا ہاتھ سے، اگر حاضرین مقصد سمجھ جاتے ہیں تو وصیت کے لیے کافی ہے۔
بعض حضرات کا موقف ہے کہ مریض کے اشارے سے کسی وصیت کا ثبوت نہیں ہو گا جب تک کلام نہ کرے، لیکن یہ موقف حدیث بالا کے پیش نظر محل نظر ہے۔
دوسرا مسئلہ قصاص کا ہے۔
وہ اشارے سے ثابت نہیں ہو گا جب تک کہ ملزم اپنی زبان سے اس کا اعتراف نہ کرے کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے قصاص کا حکم اشارے سے گواہی کی بنا پر نہیں دیا بلکہ یہودی کے اقرار جرم کے بعد اس کا سر کچلا گیا، چنانچہ امام بخاری ؒ نے کتاب الدیات میں خود ایک عنوان ان الفاظ میں قائم کیا ہے:
(باب:
إذا أقر بالقتل مرة قتل به)

جب کوئی شخص ایک مرتبہ قتل کا اقرار کرے تو اسے قصاص کے طور پر قتل کیا جائے گا۔
وہاں دلیل کے طور پر یہی حدیث پیش کی گئی ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2746   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6876  
6876. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے کسی لڑکی کا سر دو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا، پھر اس لڑکی سے پوچھا گیا: تیرے ساتھ یہ برتاؤ کس نے کیا ہے؟ کیا فلاں نے؟ یہاں تک کہ اس یہودی کا نام لیا گیا (تو لڑکی نے سر کے اشارہ سے ہاں کہا) پھر اس یہودی کو نبی ﷺ کے پاس لایا گیا۔ آپ اس سے مسلسل پوچھتے رہے حتیٰ کہ اس نے اقرار کرلیا تو اس کا سر بھی پتھروں سے کچل دیا گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6876]
حدیث حاشیہ:
(1)
ایک روایت میں ہے کہ اس یہودی نے لڑکی کے زیورات چھیننے کے لیے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، لیکن ابھی کچھ سانس باقی تھے کہ اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا۔
آپ نے پوچھا:
تجھے فلاں نے قتل کیا تو اس نے سر سے اشارہ کیا کہ نہیں، پھر اس یہودی کا نام لیا گیا تو اس نے سر سے اشارہ کیا کہ ہاں، پھر اس یہودی سے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف جرم کرلیا تو اسے بھی اس جرم کی پاداش میں کیفر کردار تک پہنچا دیا گیا۔
(جامع الترمذي، الدیات، حدیث: 1394) (2)
صرف مقتول کے کہنے سے کسی ملزم کو سزا نہیں دی جائے گی اور نہ داخلی یا خارجی قرائن ہی قصاص کے لیے کافی ہوتے ہیں بلکہ جب تک ملزم اپنے جرم کا اعتراف نہ کر لے اس وقت تک اسے سزا نہیں دی جا سکتی، چنانچہ حدیث میں ہے کہ اس یہودی نےاپنےجرم کا اعتراف کر لیا۔
(صحیح البخاري، الخصومات، حدیث: 2413)
اس لڑکی کے مرنے کے بعد یہودی سے اس کا قصاص لیا گیا کیونکہ لڑکی کو جب لایا گیا تھا تو وہ آخری سانس لے رہی تھی، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا کہ تجھے کس نے قتل کیا ہے؟ (فتح الباري: 248/12)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6876   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6877  
6877. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا: مدینہ طیبہ میں ایک لڑکی چاندی کے زیورات پہنے باہر نکلی۔ ایک یہودی نے اسے پتھر مارا۔ اس میں آخری سانس تھى کہ اسے نبی ﷺ کے پاس لایا گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس سے پوچھا: کیا تجھے فلاں نے مارا ہے؟ لڑکی نے (انکار کرتے ہوئے) اپنا سر اٹھایا۔ آپ ﷺ نے دوبارہ پوچھا: کیا تجھے فلاں نے مارا ہے؟ لڑکی نے پھر(انکار کرتے ہوئے) اپنا سر اوپر کیا۔ جب آپ نے تیسری مرتبہ پوچھا: کیا تجھے فلاں نے مارا ہے؟ تو اس نے (ہاں کرتے ہوئے) اپنا سر نیچے کر لیا، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے اس (یہودی) کو بلایا اور اس کا سر دو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6877]
حدیث حاشیہ:
(1)
کچھ حضرات کا خیال ہے کہ قصاص ہمیشہ تلوار سے لینا چاہیے، پتھر یا لکڑی سے قاتل کو نہیں مارا جائے گا لیکن جمہور اہل علم کہتے ہیں کہ جس طرح قاتل نے قتل کیا ہے اس طرح بھی قصاص لیا جا سکتا ہے، تلوار سے قصاص لینا ضروری نہیں۔
تلوار سے قصاص لینے کے متعلق ایک روایت حسب ذیل ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
قصاص سرف تلوار کے ساتھ ہے۔
(سنن ابن ماجة، الدیات،، حدیث: 2667)
لیکن یہ روایت ضعیف ہے جیسا کہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اسے صراحت سے بیان کیا ہے۔
(تلخیص الحبیر: 39/4)
اس لیے یہ مسئلہ صحیح نہیں، قصاص کسی بھی چیز کے ذریعے سے لیا جا سکتا ہے۔
(2)
دراصل امام بخاری رحمہ اللہ یہ بیان کرنا چاہتے ہیں کہ جب بھی کسی کی دست اندازی سے موت واقع ہو جائے، اس میں قصاص ہے، خواہ پتھر سے ہو یا لکڑی سے۔
کچھ حضرات نے قتل عمد کے لیے ہتھیار سے قتل کرنے کی شرط لگائی ہے، لیکن ان شرائط کی کوئی حقیقت نہیں جیسا کہ حدیث بالا سے ثابت ہے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6877   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6879  
6879. حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے کسی لڑکی کو اس کے زیورات کے لالچ میں آ کر پتھر سے قتل کر دیا۔ وہ لڑکی نبی ﷺ کے پاس لائی گئی تو اس کے جسم میں کچھ جان باقی تھی۔ آپ ﷺ نے پوچھا: کیا تجھے فلاں نے مارا ہے؟ اس نے سر کے اشارے سے انکار کر دیا۔ آپ ﷺ نے دوبارہ پوچھا تو اس مرتبہ بھی اس نے سر کے اشارے سے انکار کیا۔ پھر آپ ﷺ نے تیسری مرتبہ پوچھا تو اس نے سر کے اشارے سے اقرار کیا، چنانچہ نبی ﷺ نے اس (قاتل یہودی) کو دو پتھروں سے کچل کر قتل کرا دیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6879]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس لڑکی کے کہنے سے ہی یہودی کو قتل کرنے کا حکم دے دیا تھا، حالانکہ ایسا نہیں ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تحقیق وتفتیش کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے یہودی سے پوچھا۔
جب اس نے اعتراف کیا تو پھر اس کو قتل کرنے کا حکم دے دیا۔
(2)
قصاص کے لیے ضروری نہیں کہ تلوار یا تیز دھار ہتھیار ہی سے قتل کیا جائے، بلکہ کوئی بھی چیز قصاص کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔
اگرچہ تلوار سے قصاص لینے کے متعلق ایک حدیث بیان کی جاتی ہے لیکن وہ قانل حجت نہیں ہے کیونکہ وہ ضعیف ہے۔
(فتح الباري: 249/12)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6879   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6884  
6884. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے کہ ایک یہودی نے کسی لڑکی کا سر دو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا۔ اس لڑکی سے پوچھا گیا: تیرے ساتھ یہ برتاؤ کس نے کیا ہے؟ کیا فلاں نے کیا ہے؟ کیا فلاں نے کیا ہے؟ آخر جب اس یہودی کا نام لیا گیا تو اس نے سر سے اشارہ کیا۔ پھر اس یہودی کو لایا گیا تو اس نے اعتراف کر لیا۔ چنانچہ نبی ﷺ کے حکم سے اس کا سر بھی پتھروں سے کچل دیا گیا۔ راوی حدیث ہمام نے کہا: اس یہودی کا سر دو پتھروں کے درمیان رکھ کر کچل دیا گیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6884]
حدیث حاشیہ:
(1)
مقتول کے اقرار سے کچھ ثابت نہیں ہوتا، لڑکی سے صرف اس لیے پوچھا گیا تھا کہ مشکوک شخص کی نشاندہی ہو جائے، پھر اس سے پوچھا جائے، اگر اقرار کر لے تو حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
(2)
اہل کوفہ نے قتل کو زنا پر قیاس کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ قاتل کو کم ازکم دو بار اقرار کرنا چاہیے، محض ایک مرتبہ اقرار کرنا کافی نہیں۔
لیکن جمہور اہل علم کا موقف ہے کہ قاتل اگر ایک بار اعتراف کر لے تو کافی ہے۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے جمہور کی تائید کرتے ہوئے یہ حدیث پیش کی ہے کہ قاتل یہودی نے صرف ایک مرتبہ ہی اقرار کیا، پھر اسے کیفر کردار تک پہنچا دیا گیا۔
اس سےبار بار اقرار نہیں کرایا گیا۔
اس حدیث میں عدد کا کوئی ذکر نہیں، لہٰذا مطلق اقرار ہی کافی ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6884   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6885  
6885. حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ایک یہودی کو ایک لڑکی کے بدلے میں قتل کرا دیا تھا کیونکہ یہودی نے اس لڑکی کو اس کے زیورات کے لالچ میں قتل کر دیا تھا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:6885]
حدیث حاشیہ:
بعض اہل علم کا موقف ہے کہ اگر عورت، کسی آدمی کو قتل کر دے تو مقتول کے ورثاء عورت کے خاندان سے نصف دیت لینے کے حق دار ہوں گے اور اسی طرح اگر کوئی آدمی کسی عورت کو مار دے تو عورت کے ورثاء صرف نصف دیت لینے کے مجاز ہوں گے۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے ان کی تردید کی ہے کہ جان ایک جیسی ہے، اس میں فرق نہیں کیا جائے گا، اس بنا پر اگر کوئی مرد کسی عورت کو قتل کر دے تو اس کے بدلے میں مرد کو قتل کیا جائے گا جیسا کہ مذکورہ حدیث میں ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس یہودی کو قتل کیا کیونکہ اس نے ایک لڑکی کو قتل کیا تھا۔
اس موقف پر اکثر اہل علم کا اتفاق ہے۔
چند ایک فقہاء نے اس سے اختلاف کیا ہے لیکن نص کی مقابلے میں ان کی کوئی حیثیت نہیں۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے جمہور اہل علم کی تائید کی ہے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6885   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.