الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن نسائي کل احادیث 5761 :حدیث نمبر
سنن نسائي
کتاب: خرید و فروخت کے احکام و مسائل
The Book of Financial Transactions
50. بَابُ : بَيْعِ الْفِضَّةِ بِالذَّهَبِ وَبَيْعِ الذَّهَبِ بِالْفِضَّةِ
50. باب: چاندی سونے سے اور سونا چاندی سے بیچنے کا بیان۔
Chapter: Selling Silvder For Gold And Selling Gold For Silver
حدیث نمبر: 4584
پی ڈی ایف بنائیں اعراب
(مرفوع) اخبرنا عمرو بن علي , قال: حدثنا سفيان , عن عبيد الله بن ابي يزيد , سمع ابن عباس , يقول: حدثني اسامة بن زيد , ان رسول الله صلى الله عليه وسلم قال:" لا ربا إلا في النسيئة".
(مرفوع) أَخْبَرَنَا عَمْرُو بْنُ عَلِيٍّ , قَالَ: حَدَّثَنَا سُفْيَانُ , عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي يَزِيدَ , سَمِعَ ابْنَ عَبَّاسٍ , يَقُولُ: حَدَّثَنِي أُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ , أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:" لَا رِبًا إِلَّا فِي النَّسِيئَةِ".
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ مجھ سے اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سود تو صرف ادھار میں ہے ۱؎۔

تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/البیوع 79 (2178، 2179)، صحیح مسلم/البیوع 39 (المساقاة18) (1596)، سنن ابن ماجہ/التجارات 49 (2257)، (تحفة الأشراف: 94)، مسند احمد (5/200، 202، 204، 206، 209)، سنن الدارمی/البیوع 42 (2622) (صحیح)»

وضاحت:
۱؎: یعنی: سونا سونے کے بدلے اور چاندی چاندی کے بدلے، یا اسی طرح ہم جنس غلہ جات کی نقداً خرید و فروخت میں اگر کمی بیشی ہو تو سود نہیں ہے، سود تو اسی وقت ہے جب معاملہ ادھار کا ہو، امام نووی نیز دیگر علماء کہتے ہیں کہ اہل اسلام کا اس بات پر اجماع ہے کہ اس حدیث کے ظاہر پر عمل نہیں ہے، کچھ لوگ اسے منسوخ کہتے ہیں اور کچھ تاویل کرتے ہیں کہ اس سے مراد یہ ہے کہ اجناس مختلفہ میں سود صرف ادھار کی صورت میں ہے، پچھلی حدیثوں میں صراحت ہے کہ تفاضل میں سود ہے، اس لیے حدیث کو منسوخ ماننا ضروری ہے، یا اسامہ رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے باہم مختلف اجناس کی خرید و فروخت کے بارے میں پوچھا تو آپ نے فرمایا کہ اس میں کوئی حرج نہیں اگر نقداً ہو، سود تو ادھار میں ہے۔ اس حدیث کو منسوخ ماننا، یا یہ تاویل اس لیے بھی ضروری ہے کہ ابن عباس رضی اللہ عنہما وغیرھم کو تفاضل والی حدیث پہنچ گئی تو انہوں نے اس حدیث کے مطابق فتوی دینے سے رجوع کر لیا (کما حققہ العلماء)۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: متفق عليه

   صحيح البخاري2179أسامة بن زيدلا ربا إلا في النسيئة
   صحيح مسلم4089أسامة بن زيدإنما الربا في النسيئة
   صحيح مسلم4090أسامة بن زيدلا ربا فيما كان يدا بيد
   صحيح مسلم4091أسامة بن زيدإنما الربا في النسيئة
   سنن النسائى الصغرى4585أسامة بن زيدإنما الربا في النسيئة
   سنن النسائى الصغرى4584أسامة بن زيدلا ربا إلا في النسيئة
   المعجم الصغير للطبراني544أسامة بن زيدلا ربا إلا في النسيئة
سنن نسائی کی حدیث نمبر 4584 کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4584  
اردو حاشہ:
یاد رہے یہ تب ہے جب دونوں طرف جنس مختلف ہو، مثلاً: سونا چاندی کے بدلے یا چاندی سونے کے بدلے ورنہ اگر جنس ایک ہو تو کمی بیشی بھی سود ہے جیسا کہ روایات میں صراحتاً ثابت ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4584   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4585  
´چاندی سونے سے اور سونا چاندی سے بیچنے کا بیان۔`
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے کہا: آپ جو یہ باتیں کہتے ہیں، کیا آپ نے انہیں کتاب اللہ (قرآن) میں پایا ہے یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے؟ تو انہوں نے کہا: نہ تو میں نے انہیں کتاب اللہ (قرآن) میں پایا ہے اور نہ ہی انہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے، لیکن اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سود تو صرف ادھار میں ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4585]
اردو حاشہ:
(1) چاندی کو سونے کے عوض یا سونے کو چاندی کے عوض خریدا بیچا جا سکتا ہے بشرطیکہ فریقین (دونوں) کی طرف سے نقد ادائیگی ہو۔
(2) اس حدیث مبارکہ سے یہ مسئلہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ عالم دین کو، دینی مسئلے کی بابت دوسرے عالم دین سے دلیل کے ساتھ بات کرنی چاہیے اور ہر شخص کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ عالم دین سے معلوم کرے کہ آپ نے جو مسئلہ بیان فرمایا ہے یہ قرآن مجید میں ہے یا حدیث رسول سے ثابت ہے (کیونکہ احکام شریعت کا اصل ماخذ قرآن وسنت ہے)۔ مزید برآں مسئول عنہ (جس سے ایسا سوال کیا جائے) کو اس قسم کے سوال، یعنی دلیل طلب کرنے کو اپنی شان میں گستاخی نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ بلا تاخیر جواب دے دینا چاہیے جیسا کہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کے پوچھنے پر سیدنا عبداللہ بن عباسؓ نے فوراً جواب دیا کہ مجھے اسامہ بن زیدؓ نے یہ خبر دی ہے۔
(3) یہ حدیث مبارکہ اس بات کی طرف رہنمائی کرتی ہے کہ عالم دین کا فرض ہے کہ وہ اجتماعیت سے ہٹے ہوئے شخص کو اجتماعیت کی طرف لائے اور یہ فریضہ کتاب وسنت کے دلائل کے ذریعے سے سرانجام دیا جانا چاہیے۔
(4) یہ جو آپ کہہ رہے ہیں دراصل حضرت ابن عباسؓ کو حضرت اسامہ بن زیدؓ کی روایت سے یہ غلط فہمی ہوگئی تھی کہ سونے کو سونے کے بدلے اور چاندی کو چاندی کے بدلے کم و بیش بھی خریدا بیچا جا سکتا ہے، بشرطیکہ ادھار نہ ہو، حالانکہ یہ حدیث ایک مخصوص صورت کے بارے میں ہے، یعنی جب طرفین کی جنس مختلف ہو، مثلاً: چاندی سونے کے بدلے ہو جیسا کہ اس کی طرف اوپر والی حدیث(4584) میں اشارہ ہو چکا ہے۔ کسی ایک روایت سے ایسے معنیٰ اخذ نہیں کیے جا سکتے جو دیگر صریح، مفصل اور کثیر روایات کے خلاف ہوں۔ بعض احادیث مختصر ہوتی ہیں۔ ان کے معنیٰ سمجھنے کے لیے دیگر تفصیلی روایات کی طرف رجوع کرنا پڑتا ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4585   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4089  
امام صاحب اپنے چار اساتذہ سے بیان کرتے ہیں، الفاظ عمرو کے ہیں، حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہما بیان کرتے ہیں کہ مجھے اسامہ بن زید رضی اللہ تعالی عنہ نے خبر دی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سود صرف ادھار میں ہے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4089]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
اس حدیث کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ قرآن مجید میں جس ربا (سود)
سے شدید وعید کے ساتھ روکا گیا ہے،
اس کا تعلق صرف ربا النسيئه سے ہے،
ربا الفضل سے نہیں ہے،
یا ظاہریہ کے موقف کے مطابق ربا الفضل کا تعلق صرف حدیث میں بیان کردہ چھ اشیاء سے ہے،
باقی اشیاء میں کمی و بیشی جائز ہے،
صرف ادھار ناجائز ہے،
لیکن حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے اس کو عام خیال کیا،
اس لیے ایک جنس کی صورت میں بھی تفاضل کو جائز قرار دیا۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4089   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2179  
2179. حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے انھوں نے فرمایا کہ دینار کو دینار کے عوض اور درہم کو درہم کے عوض (برابر، برابر) فروخت کرنا جائز ہے۔ راوی حدیث نے ان سے عرض کیا کہ حضرت ابن عباس ؓ تو اس کے قائل نہیں ہیں۔ چنانچہ حضرت ابو سعید خدری ؓ نے حضرت ابن عباس ؓ سے پوچھا کہ آپ نے اس سلسلے میں نبی کریم ﷺ سے سنا ہے یاکتاب اللہ میں دیکھا ہے؟ حضرت ابن عباس ؓ نے کہا کہ میں ان میں سے کوئی بات بھی نہیں کہتا کیونکہ آپ رسول اللہ ﷺ کے فرمودات کو مجھ سے زیادہ جانتے ہیں۔ البتہ مجھے حضرت اسامہ ؓ نے خبر دی تھی کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سود صرف ادھار میں ہوتا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2179]
حدیث حاشیہ:
حضرت عبداللہ بن عباس ؓ کا مذہب یہ ہے کہ بیاج اس صورت میں ہوتا ہے جب ایک طرف ادھار ہو۔
اگر نقد ایک درہم دو درہم کے بدلے میں بیچے تو یہ درست ہے۔
ابن عباس ؓ کی دلیل یہ حدیث ہے:
لا رِبَا إلَّا في النَّسِيئَةِ. حضرت عبداللہ بن عباس ؓ کے اس فتوی پر جب اعتراضات ہوئے تو انہوں نے کہا میں یہ نہیں کہتا کہ اللہ کی کتاب میں میں نے یہ مسئلہ پایا ہے، نہ یہ کہتا ہوں کہ آنحضرت ﷺ سے سنا ہے۔
کیو نکہ میں اس زمانہ میں بچہ تھا اور تم جوان تھے۔
رات دن آپ کی صحبت بابرکت میں رہا کرتے تھے۔
قسطلانی ؒ نے کہا کہ حضرت عبداللہ بن عباس ؓ کے فتوے کے خلاف اب اجماع ہو گیا ہے۔
بعض نے کہا کہ یہ محمول ہے اس پر جب جنس مختلف ہوں۔
جیسے ایک طرف چاندی دوسری طرف سونا، یا ایک طرف گیہوں اور دوسری طرف جوار ہو ایسی حالت میں کمی بیشی درست ہے۔
بعض نے کہ حدیث لا رِبَا إلَّا في النَّسِيئَةِ. منسوخ ہے مگر صرف احتمال سے نسخ ثابت نہیں ہوسکتا۔
صحیح مسلم میں ابن عباس ؓ سے مروی ہے کہ نہیں ہے بیاج اس بیع میں جو ہاتھوں ہاتھ ہو۔
بعض نے یہ بھی کہا ہے کہ حضرت عبداللہ بن عباس ؓ نے اس قول سے رجوع کر لیا تھا۔
امام شوکانی فرماتے ہیں:
و قد روی الحازمي رجوع ابن عباس و استغفارہ عندما سمع عمر بن الخطاب و ابنه عبداللہ یحدثان عن رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم بما یدل علی تحریم ربواالفضل و قال حفظتما من رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم ما لم أحفظ و روی عنه الحازمي أیضاً أنه قال کان ذلك برأي و هذا أبوسعید الخدري یحدثني عن رسول اللہ ﷺ فترکت رأيي إلی حدیث رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم الخ یعنی حازمی نے حضرت ابن عباس ؓ کا اس سے رجوع اور استغفار نقل کیا ہے جب انہوں نے حضرت عمر بن خطاب ؓ اور ان کے بیٹے سے اس بیع کی حرمت میں فرمان رسالت سنا تو افسوس کے طور پر کہا کہ آپ لوگوں نے فرمان رسالت یاد رکھا، لیکن افسوس کہ میں یاد نہ رکھ سکا۔
اور بروایت حازمی انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے جو کہا تھا وہ صرف میری رائے تھے، اور میں نے حضرت ابوسعید خدری ؓ سے حدیث نبوی سن کر اپنی رائے کو چھوڑ دیا۔
دیانتداری کا تقاضا بھی یہی ہے کہ جب قرآن وحدیث کے نصوص صریحہ سامنے آجائیں تو کسی بھی رائے اور قیاس کو حجت نہ گردانا جائے اور کتاب و سنت کو مقدم رکھا جائے حتی کہ جلیل القدر ائمہ دین کی آراءبھی نصوص صریحہ کے خلاف نظر آئیں تو نہایت ہی ادب و احترام کے ساتھ آراءکے مقابلہ میں کتاب و سنت کو جگہ دی جائے۔
ائمہ اسلام حضرت امام ابوحنیفہ و اما م شافعی و امام مالک وامام احمد بن حنبل ؒ سب کا یہی ارشاد ہے کہ ہمارے فتاوے کو کتاب و سنت پر پیش کرو، موافق ہوں توقبول کرو۔
اگر خلاف نظر آئیں تو کتاب و سنت کو مقدم رکھو۔
امام الہند حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ نے اپنی جلیل القدر کتاب حجۃ اللہ البالغہ میں ایسے ارشادات ائمہ کو کئی جگہ نقل فرمایا مگر صد افسوس کہ امت کا کثیر طبقہ وہ ہے جو اپنے اپنے حلقہ ارادت میں جمود کا سختی سے شکار ہے اور وہ اپنے اپنے مزعومہ مسلک کے خلاف قرآن مجید کی کسی آیت یا کسی بھی صاف صریح حدیث نبوی کو ماننے کے لیے تیار نہیں۔
حضرت حالی مرحوم نے ایسے ہی لوگوں کے حق میں فرمایا ہے:
سدا اہل تحقیق سے دل میں بل ہے حدیثوں پہ چلنے میں دیں کا خلل ہے فتاووں پہ بالکل مدار عمل ہے ہر اک رائے قرآں کا نعم البدل ہے نہ ایمان باقی نہ اسلام باقی فقط رہ گیا نام اسلام باقی
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2179   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2179  
2179. حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے انھوں نے فرمایا کہ دینار کو دینار کے عوض اور درہم کو درہم کے عوض (برابر، برابر) فروخت کرنا جائز ہے۔ راوی حدیث نے ان سے عرض کیا کہ حضرت ابن عباس ؓ تو اس کے قائل نہیں ہیں۔ چنانچہ حضرت ابو سعید خدری ؓ نے حضرت ابن عباس ؓ سے پوچھا کہ آپ نے اس سلسلے میں نبی کریم ﷺ سے سنا ہے یاکتاب اللہ میں دیکھا ہے؟ حضرت ابن عباس ؓ نے کہا کہ میں ان میں سے کوئی بات بھی نہیں کہتا کیونکہ آپ رسول اللہ ﷺ کے فرمودات کو مجھ سے زیادہ جانتے ہیں۔ البتہ مجھے حضرت اسامہ ؓ نے خبر دی تھی کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سود صرف ادھار میں ہوتا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2179]
حدیث حاشیہ:
جب ایک جنس کا باہمی تبادلہ ہوتو برابر، برابر اور نقد بنقد ہونا چاہیے، لیکن حضرت عبداللہ بن عباس ؓ کا موقف تھا کہ دست بدست ایک دینار کو دو دینار کے عوض فروخت کیا جاسکتا ہے۔
ان کے نزدیک سود صرف اس صورت میں تھا جب ایک طرف سے ادھا رہو۔
جب حضرت ابو سعید خدری ؓ کی ان سے ملاقات ہوئی تو انھوں نے فرمایا:
ابن عباس! تمھیں اللہ سے ڈرنا چاہیے۔
کب تک لوگوں کو سود کھلاتے رہو گے؟پھر انھوں نے یہ حدیث بیان کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
کھجور کے بدلے کھجور، گندم کے بدلے گندم، جوکے بدلے جو، سونے کے بدلے سونااور چاندی کے بدلے چاندی فروخت کرنا جائز ہے جب برابر برابر اور دست بدست ہو،جس نے زیادہ وصول کیا اس نے سود لیا اس حدیث نبوی کو سن کر حضرت ابن عباس ؓ نے کہا:
ابو سعید!اللہ تعالیٰ آپ کو جنت عطا فرمائے! آپ نے مجھے ایسا کام یاد دلادیا ہے جسے میں فراموش کرچکاتھا۔
میں اللہ سے معافی مانگتا ہوں اور اس کی طرف رجوع کرتا ہوں۔
اس کے بعد حضرت ابن عباس ؓ بہت سختی سے منع کرتے تھے۔
(المستدرك للحاکم: 43/2)
چونکہ حضرت ابن عباس ؓ کا موقف دیگر صحیح احادیث کے خلاف تھا، انھوں نے اپنے موقف سے رجوع کرلیا، البتہ حضرت ابن عباس ؓ سے مروی حدیث بھی صحیح ہے۔
اس کی حسب ذیل تاویلات کی گئی ہیں:
٭ اس سود سے زیادہ سنگین کوئی نہیں جو ادھار میں ہے۔
٭اس سے مختلف اجناس کا باہمی تبادلہ مراد ہے کہ وہاں سود صرف ادھار میں ہوتا ہے،اس میں کمی بیشی جائز ہوتی ہے۔
والله أعلم.
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2179   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.