ام المؤمنین میمونہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ”میری اس مسجد میں ایک نماز اور مسجدوں کی ہزار نمازوں سے افضل ہے، سوائے مسجد الحرام کے“۔
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2901
اردو حاشہ: بیت اللہ سب سے قدیم مسجد ہے، جسے اللہ تعالیٰ کے حکم سے تعمیر کیا گیا اور وہ تمام انبیاء علیہم السلام کا مرکز رہا ہے۔ صرف اسی کا حج اور عمرہ مشروع ہے، لہٰذا وہ مسجد نبوی سے بھی افضل ہے۔ وہ قبلہ بھی ہے۔ اور یہ عظيم فضیلت ہے۔ مسجد نبوی کی فضیلت بھی محتاج وضاحت نہیں۔ مدینے میں یہ اسلام کی پہلی مسجد ہے جو اسلام کی پہلی دینی درسگا ہ بھی تھی اور مسلمانوں کا سیاسی وعسکری مرکز بھی۔ خانہ کعبہ کی طرح اس کے لیے بھی سفر قربت جائز ومستحب ہے۔ اور مسجد نبوی کی زیارت اور سفر میں روضہ نبوی کی زیارت کا شرف بھی حاصل ہو جاتا ہے جو ہر مسمان کی دلی خواہش ہوتی ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2901