الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن نسائي کل احادیث 5761 :حدیث نمبر
سنن نسائي
کتاب: حج کے احکام و مناسک
The Book of Hajj
99. بَابُ : النَّهْىِ عَنْ أَنْ يُحَنَّطَ الْمُحْرِمُ إِذَا مَاتَ
99. باب: محرم مر جائے تو اسے خوشبو نہ لگائی جائے۔
Chapter: The Prohibition Of Applying Aromatics To The Muhrum If He Dies
حدیث نمبر: 2858
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب
(مرفوع) اخبرنا قتيبة، قال: حدثنا حماد، عن ايوب، عن سعيد بن جبير، عن ابن عباس، قال: بينا رجل واقف بعرفة مع رسول الله صلى الله عليه وسلم، إذ وقع من راحلته، فاقعصه او قال: فاقعصته، فقال رسول الله صلى الله عليه وسلم:" اغسلوه بماء وسدر، وكفنوه في ثوبين، ولا تحنطوه، ولا تخمروا راسه، فإن الله عز وجل يبعثه يوم القيامة ملبيا".
(مرفوع) أَخْبَرَنَا قُتَيْبَةُ، قَالَ: حَدَّثَنَا حَمَّادٌ، عَنْ أَيُّوبَ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ، قَالَ: بَيْنَا رَجُلٌ وَاقِفٌ بِعَرَفَةَ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، إِذْ وَقَعَ مِنْ رَاحِلَتِهِ، فَأَقْعَصَهُ أَوْ قَالَ: فَأَقْعَصَتْهُ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" اغْسِلُوهُ بِمَاءٍ وَسِدْرٍ، وَكَفِّنُوهُ فِي ثَوْبَيْنِ، وَلَا تُحَنِّطُوهُ، وَلَا تُخَمِّرُوا رَأْسَهُ، فَإِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ يَبْعَثُهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مُلَبِّيًا".
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ایک شخص عرفہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھڑا تھا کہ وہ اپنی سواری سے گر گیا اور اس کی اونٹنی نے اسے کچل کر ہلاک کر دیا۔ (راوی کو شک ہے کہ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے «فأقعصه» (مذکر کے صیغہ کے ساتھ) کہا یا «فأقعصته» (مونث کے صیغہ کے ساتھ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیر کی پتی سے غسل دو، اور اسے اس کے دونوں کپڑوں ہی میں کفنا دو، نہ اسے خوشبو لگاؤ، اور نہ اس کے سر کو ڈھانپو، اس لیے کہ اللہ عزوجل اسے قیامت کے دن لبیک پکارتا ہوا اٹھائے گا۔

تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الجنائز 19 (1265)، 20 (1266)، 21 (1268)، جزاء الصید 20 (1850)، صحیح مسلم/الحج 14 (1206)، سنن الدارمی/المناسک 3239، 3240)، (تحفة الأشراف: 5437)، مسند احمد (1/333)، سنن الدارمی/المناسک 35 (1894) (صحیح)»

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: متفق عليه

   صحيح البخاري1265عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ولا تحنطوه ولا تخمروا رأسه يبعث يوم القيامة ملبيا
   صحيح البخاري1266عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ولا تحنطوه ولا تخمروا رأسه الله يبعثه يوم القيامة ملبيا
   صحيح البخاري1849عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ولا تحنطوه ولا تخمروا رأسه الله يبعثه يوم القيامة يلبي
   صحيح البخاري1268عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ولا تحنطوه ولا تخمروا رأسه يبعث يوم القيامة ملبيا
   صحيح البخاري1850عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ولا تمسوه طيبا ولا تخمروا رأسه ولا تحنطوه الله يبعثه يوم القيامة ملبيا
   صحيح البخاري1851عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبيه ولا تمسوه بطيب ولا تخمروا رأسه يبعث يوم القيامة ملبيا
   صحيح البخاري1267عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ولا تمسوه طيبا ولا تخمروا رأسه الله يبعثه يوم القيامة ملبدا
   صحيح البخاري1839عبد الله بن عباساغسلوه وكفنوه ولا تغطوا رأسه ولا تقربوه طيبا يبعث يهل
   صحيح مسلم2897عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبيه ولا تمسوه بطيب ولا تخمروا رأسه يبعث يوم القيامة ملبدا
   صحيح مسلم2896عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبيه ولا تخمروا رأسه ولا وجهه يبعث يوم القيامة ملبيا
   صحيح مسلم2894عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وألبسوه ثوبيه ولا تخمروا رأسه يأتي يوم القيامة يلبي
   صحيح مسلم2892عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ولا تحنطوه ولا تخمروا رأسه
   صحيح مسلم2898عبد الله بن عباسيغسل بماء وسدر لا يمس طيبا لا يخمر رأسه يبعث يوم القيامة ملبدا
   صحيح مسلم2899عبد الله بن عباسيغسل بماء وسدر يكفن في ثوبين لا يمس طيبا خارج رأسه
   صحيح مسلم2900عبد الله بن عباسيغسلوه بماء وسدر وأن يكشفوا وجهه ورأسه يبعث يوم القيامة وهو يهل
   صحيح مسلم2901عبد الله بن عباساغسلوه ولا تقربوه طيبا ولا تغطوا وجهه يبعث يلبي
   صحيح مسلم2891عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبيه ولا تخمروا رأسه الله يبعثه يوم القيامة ملبيا
   جامع الترمذي951عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبيه ولا تخمروا رأسه يبعث يوم القيامة يهل أو يلبي
   سنن أبي داود3238عبد الله بن عباسكفنوه في ثوبيه واغسلوه بماء وسدر ولا تخمروا رأسه الله يبعثه يوم القيامة يلبي
   سنن أبي داود3241عبد الله بن عباساغسلوه وكفنوه ولا تغطوا رأسه ولا تقربوه طيبا يبعث يهل
   سنن النسائى الصغرى1905عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبيه ولا تمسوه بطيب ولا تخمروا رأسه يبعث يوم القيامة محرما
   سنن ابن ماجه3084عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبيه ولا تخمروا وجهه ولا رأسه يبعث يوم القيامة ملبيا
   سنن النسائى الصغرى2714عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر ويكفن في ثوبين خارجا رأسه ووجهه يبعث يوم القيامة ملبيا
   سنن النسائى الصغرى2715عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثيابه ولا تخمروا وجهه ورأسه يبعث يوم القيامة ملبيا
   سنن النسائى الصغرى2856عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبيه ولا تمسوه بطيب ولا تخمروا رأسه يبعث يوم القيامة ملبيا
   سنن النسائى الصغرى2857عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ثم قال على إثره خارجا رأسه ولا تمسوه طيبا يبعث يوم القيامة ملبيا
   سنن النسائى الصغرى2858عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين ولا تحنطوه ولا تخمروا رأسه الله يبعثه يوم القيامة ملبيا
   سنن النسائى الصغرى2859عبد الله بن عباساغسلوه وكفنوه ولا تغطوا رأسه ولا تقربوه طيبا يبعث يهل
   سنن النسائى الصغرى2860عبد الله بن عباسيغسل ويكفن في ثوبين ولا يغطى رأسه ووجهه يقوم يوم القيامة ملبيا
   سنن النسائى الصغرى2861عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر وألبسوه ثوبيه ولا تخمروا رأسه يأتي يوم القيامة يلبي
   بلوغ المرام434عبد الله بن عباس‏‏‏‏اغسلوه بماء وسدر وكفنوه في ثوبين
   المعجم الصغير للطبراني434عبد الله بن عباس اغسلوه بماء وسدر ، وكفنوه فى ثوبيه ، ولا تخمروا رأسه ، ولا تقربوه طيبا ، فإنه يبعث يوم القيامة ملبيا
   المعجم الصغير للطبراني457عبد الله بن عباس اغسلوه بماء وسدر ، وكفنوه فى ثوبيه ، ولا تقربوه طيبا ، ولا تخمروا رأسه ، فإنه يبعث يوم القيامة ملبيا
   مسندالحميدي471عبد الله بن عباساغسلوه بماء وسدر، وكفنوه في ثوبيه، ولا تخمروا رأسه؛ فإنه يبعث يوم القيامة يهل أو قال يلبي
   مسندالحميدي472عبد الله بن عباسولا تقربوه طيبا
سنن نسائی کی حدیث نمبر 2858 کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2858  
اردو حاشہ:
حنوط چونکہ خوشبو کی ایک قسم ہے، لہٰذا میت یا اس کے کفن کو حنوط یا کسی بھی قسم کی خوشبو نہیں لگائی جا سکتی تاکہ اس کے احرام کا احترام قائم رہے حتیٰ کہ خوشبو دار صابن بھی نہ لگایا جائے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2858   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 434  
´حالت احرام میں جو گر کر فوت ہو جائے اسے بھی پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دینا`
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو اپنی سواری سے گر کر جاں بحق ہو گیا اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور اسی کے دو کپڑوں میں کفن دے دو . . . [بلوغ المرام /كتاب الجنائز/حدیث: 434]
لغوی تشریح:
«فِي الَّذِي سَقَطَ عَنْ رَاحِلَتِهِ» یہ ایک صحابی رسول تھے۔ حج کا احرام باندھے مقام عرفہ میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ دوران احرام میں ہی اپنے اونٹ سے گر گئے جس سے ان کی گردن ٹوٹ گئی اور وفات پا گئے۔
«‏‏‏‏بِمَاءِ وَسِدْر» بیری کے پتوں کا طریقہ استعمال تین طرح سے ہے: ① پہلا طریقہ تو یہ ہے کہ بیری کے پتوں کو پانی میں ڈال کر اسے اتنا زور سے ہلائیں کہ اس کا جھاگ باہر نکل آئے۔ اس پانی سے میت کے جسم کو مل کر غسل دیا جائے۔
② دوسرا طریقہ یہ ہے کہ پتوں کو پانی میں خوب ابالیں۔
③ اور تیسرا طریقہ یہ ہے کہ بیری کے پتوں کو جلا کر راکھ بنالی جائے اور اسے میت کے جسم پر خوب ملا جائے، پھر خالص اور صاف پانی سے میت کو اچھی طرح صاف کیا جائے۔ یہ غسل دینا ایک ہی مرتبہ ہو گا۔
«كَفّنُوهُ» ‏‏‏‏ تکفین (باب تفعيل) سے امر کا صیغہ ہے۔
فوائد و مسائل:
اس حدیث سے درج ذیل مسائل ثابت ہوتے ہیں:
➊ عرفات میں سواری پر جانا جائز ہے۔
➋ اونٹ کے سواری بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
➌ حالت احرام میں جو آدمی گر کر فوت ہو جائے اسے بھی پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دیا جائے۔
➍ انہی احرام کے کپڑوں میں اسے دفن کیا جائے۔ نیا کفن خریدنے کی ضرورت نہیں۔ اس کا سر نہ ڈھانپا جائے اور نہ خوشبو ہی لگائی جائے۔ سر ننگا رکھنے اور خوشبو نہ لگانے کی حکمت یہ ہے کہ قیامت کے روز یہ اسی حالت «لبيك اللهم لبيك» پڑھتا ہوا اٹھے گا۔ [صحيح البخاري، جزاء الصيد، باب سنة المحرم إذا مات، حديث: 1851] بیری کے پتوں کے استعمال میں یہ حکمت معلوم ہوتی ہے کہ ایک تو اس سے بدن صاف اور نرم ہو جاتا ہے اور دوسرا اس پر خرچ بھی نہیں آتا۔ اس دور میں یہ سب سے آسان طریقہ تھا۔ صابن وغیرہ کا استعمال غالباً نہ ہونے کے برابر تھا۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 434   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله، سنن نسائي، تحت الحديث 1905  
´محرم جب مر جائے تو اس کی تکفین کیسے کی جائے؟`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: محرم کو اس کے ان ہی دونوں کپڑوں میں غسل دو جن میں وہ احرام باندھے ہوئے تھا، اور اسے پانی اور بیر (کے پتوں) سے نہلاؤ، اور اسے اس کے دونوں کپڑوں ہی میں کفناؤ، نہ اسے خوشبو لگاؤ، اور نہ ہی اس کا سر ڈھکو، کیونکہ وہ قیامت کے دن احرام باندھے ہوئے اٹھے گا۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الجنائز/حدیث: 1905]
1905۔ اردو حاشیہ: اس حدیث سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ محرم فوت بھی ہو جائے، تب بھی اس کا احرام قائم رکھا جائے، یعنی اسے خوشبو لگائی جائے نہ اس کا سر ڈھانپا جائے، مگر احناف نے اس خاص اور صریح روایت کو چھوڑ کر ایک عام روایت: جب انسان مر جائے تو اس کا عمل منقطع ہو جاتا ہے۔ (صحیح مسلم، الوصیۃ، حدیث: 1631) سے استدلال کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم کو بھی عام انسان کی طرح غسل اور کفن دیا جائے، حالانکہ صحیح مسلم کی اس روایت سے کیسے معلوم ہوتا ہے کہ غسل اور کفن کے خصوصی احکام اس پر لاگو نہیں ہو سکتے؟ جبکہ شہید کے بارے میں خود احناف مانتے ہیں کہ شہید کو غسل نہیں دیا جائے گا، اسی خون آلود حالت میں اسے دفن کیا جائے گا تو کیا اعتراض ہے اگر محرم کو احرام کی حالت میں دفن کر دیا جائے؟ کیا سب احادیث پر عمل ضروری نہیں؟ اگر شہید کا خاص حکم ہو سکتا ہے تو محرم کا کیوں نہیں؟ جبکہ حدیث صریح اور واضح ہے۔ احناف کہتے ہیں یہ حدیث اس محرم کے ساتھ خاص ہے جس کے بارے میں آپ نے یہ بیان فرمائی تھی، مگر پوچھا: جا سکتا ہے کہ حضرت والا! شہید کو غسل نہ دینے والی حدیث شہدائے احد کے ساتھ خاص کیوں نہیں؟ بہرحال واضح حدیث کی موجودگی میں قیاس اور رائے کی کوئی حیثیت نہیں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1905   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2714  
´محرم کے سر اور چہرہ ڈھانپنے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ ایک شخص اپنی سواری سے گر پڑا تو سواری نے اسے کچل کر ہلاک کر دیا۔ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیر کے پتوں سے غسل دو، اور اسے دو کپڑوں میں کفنایا جائے، اور اس کا سر اور چہرہ کھلا رکھا جائے کیونکہ وہ قیامت کے دن لبیک کہتا ہوا اٹھایا جائے گا۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2714]
اردو حاشہ:
(1) مرد کو احرام کی حالت میں چہرہ ننگا رکھنا چاہیے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے حدیث: 2674۔
(2) روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ محرم فوت ہو جائے تو اس کی احرام والی حالت قائم رکھی جائے۔ اسے یا کفن کو خوشبو لگائی جائے۔ اور سر اور چہرہ ننگا رکھا جائے۔ وہ قیامت کے دن بھی احرام کی حالت میں اٹھے گا۔ مگر احناف اسے ہر محرم کے لیے درست نہیں سمجھتے کیونکہ موت سے اعمال ختم ہو جاتے ہیں، احرام کیسے باقی رہ گیا؟ لیکن یہ صریح فرمان نبوی کے مقابلے میں قیاس ہے جو بہت بری بات ہے، نیز میت کا ایمان باقی رہ سکتا ہے تو احرام کیوں نہیں؟ احناف اس حکم کو صرف اس شخص کے ساتھ خاص رکھتے ہیں کہ اس کے بارے میں خاص وحی آئی ہو گی۔ مگر یہ بات بلا دلیل ہے۔ ہوگا، ہوگی سے کوئی مسئلہ ثابت نہیں ہوتا۔ حدیث کے آخری الفاظ: وہ قیامت کے دن لبیک کہتا ہوا اٹھے گا۔ بھی اس حکم کو عام کرتے ہیں کیونکہ لبیک کہنا اس شخص کے ساتھ خاص نہیں تھا۔ پھر دیگر احادیث بھی دلالت کرتی ہیں کہ کوئی شخص جس حالت میں فوت ہوگا، اسی حالت میں اٹھے گا، مثلاً شہید اور خود کشی کرنے والا وغیرہ۔
(3) اس روایت میں سر کے ساتھ چہرہ ننگا رکھنے کا بھی حکم ہے جس سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ احرام کی حالت میں چہرہ ننگا رکھنا مرد کے لیے ضروری ہے، مگر امام شافعی کا خیال ہے کہ چہرہ ننگا رکھنا صرف سر ننگا رکھنے کے لیے ہے ورنہ احرام میں مرد کے لیے چہرہ ننگا رکھنا ضروری نہیں۔ بہر صورت احتیاط یہی ہے کہ چہرہ بھی ننگا رکھا جائے۔ اہل ظاہر اس مسئلے میں امام شافعی رحمہ اللہ کے ساتھ ہیں مگر میت محرم کی صورت میں چہرہ ننگا رکھنے کے قائل ہیں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2714   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2856  
´محرم جب مر جائے تو اسے بیری کے پتے سے غسل دینے کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا، اس کی اونٹنی نے گرا کر اس کی گردن توڑ دی، اور وہ محرم تھا تو وہ مر گیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتے سے غسل دو اور اسے اس کے (احرام کے) دونوں کپڑوں ہی میں کفنا دو، نہ اسے خوشبو لگاؤ، اور نہ اس کا سر ڈھانپو کیونکہ وہ قیامت کے دن لبیک پکارتا ہوا اٹھایا جائے گا۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2856]
اردو حاشہ:
بیری کے پتے جسم کی صفائی اور نرمی کے لیے ہوتے ہیں۔ آج کل صابون وغیرہ یہی کام دے سکتے ہیں، لہٰذا بیری کے پتے کوئی ضروری نہیں، ہاں مسنون سمجھتے ہوئے صابن کے استعمال سے قبل یا بعد میں اس کا پانی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ البتہ محرم میت کو چونکہ خوشبو لگانا منع ہے، لہٰذا خوشبو دار صابن محرم کے غسل میں استعمال نہ کیا جائے۔ عام میت کے غسل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حدیث کے باقی متعلقہ مسائل کے لیے دیکھیے فوائد حدیث: 2714۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2856   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2857  
´محرم جب مر جائے تو کتنے کپڑوں میں کفنا دیا جائے۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ ایک محرم اپنی اونٹنی سے گر گیا، تو اس کی گردن ٹوٹ گئی، ذکر کیا گیا کہ وہ مر گیا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیر کی پتی سے غسل دو، اور دو کپڑوں ہی میں اسے کفنا دو، اس کے بعد یہ بھی فرمایا: اس کا سر کفن سے باہر رہے، فرمایا: اور اسے کوئی خوشبو نہ لگانا کیونکہ وہ قیامت کے دن تلبیہ پکارتا ہوا اٹھایا جائے گا۔‏‏‏‏ شعبہ (جو اس حدیث کے راوی ہیں) کہتے ہیں: م۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2857]
اردو حاشہ:
عام میت کو بھی دو کپڑوں میں کفنایا جا سکتا ہے۔ تیسرا کپڑا ضروری نہیں، مستحب ہے تاکہ اس کا چہرہ وغیرہ ڈھانپا جا سکے، مگر محرم کے لیے چونکہ احرام کی حالت میں باقی رکھنا ضروری ہے، لہٰذا وہاں تیسرے کپڑے، یعنی لفافے کی ضرورت ہی نہیں تاکہ سر اور چہرہ ننگا رہ سکے۔ ویسے بھی محرم کا احرام دو دو کپڑوں ہی میں ہوتا ہے، لہٰذا اس کے کفن میں بھی دو کپڑے ہی مسنون ہیں۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2857   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2860  
´محرم کے مر جانے پر اس کا منہ اور سر ڈھانپنے کی ممانعت کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ حج کر رہا تھا کہ اس کے اونٹ نے اسے گرا دیا جس سے وہ مر گیا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے غسل دیا جائے، اور دونوں کپڑوں ہی میں اسے کفنا دیا جائے، اور اس کا سر اور چہرہ نہ ڈھانپا جائے، کیونکہ وہ قیامت کے دن لبیک پکارتا ہوا اٹھے گا۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2860]
اردو حاشہ:
یہ حدیث تفصیلاً پیچھے گزر چکی ہے۔ دیکھیے حدیث: 2814۔ صحابہ میں سے حضرت عثمان، حضرت علی اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم اسی بات کے قائل ہیں۔ فقہاء میں سے امام شافعی، امام احمد اور امام اسحاق رحمہم اللہ کا مسلک بھی یہی ہے مگر امام مالک، امام ابوحنیفہ اور اوزاعی رحمہم اللہ اس حدیث کے قائل نہیں کیونکہ ان کے نزدیک موت کے ساتھ تمام اعمال منقطع ہو جاتے ہیں، لہٰذا احرام بھی ختم ہوگیا، مگر صریح فرمان کے مقابلے میں قیاس درست نہیں۔ شارع علیہ السلام کو تخصیص کا حق حاصل ہے۔ بہت سی عام ایسی آیات و احادیث ہیں جن کی تخصیص رسول اللہﷺ نے فرمائی اور ان بزرگوں نے قبول فرمائی تو یہاں تخصیص پر اعتراض کیوں؟ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ﴾ (الحشر59: 7) رسول تمھیں جو دے، وہ لے لو۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2860   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2861  
´محرم کے مر جانے پر اس کے سر کو ڈھانپنا منع ہے۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ایک شخص احرام باندھے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ آیا، تو وہ اپنے اونٹ پر سے گر پڑا تو اسے کچل ڈالا گیا اور وہ مر گیا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیر کی پتی سے غسل دو، اور اسے اس کے یہی دونوں (احرام کے) کپڑے پہنا دو، اور اس کا سر نہ ڈھانپو کیونکہ وہ قیامت کے دن لبیک پکارتا ہوا آئے گا۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2861]
اردو حاشہ:
محرم کا سر ننگا رکھنے پر تو سب متفق ہیں۔ باقی رہا چہرہ تو امام شافعی رحمہ اللہ کا خیال ہے کہ چہرہ ننگا رکھنا صرف سر کو ننگا رکھنے کے لیے ہے ورنہ چہرہ ڈھانپنا منع نہیں مگر نبیﷺ کے ظاہر الفاظ تو اس کے خلاف ہیں، خصوصاً محرم میت کے مسئلے میں۔ ویسے بھی احتیاط بہتر ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2861   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3241  
´محرم مر جائے تو اس کے ساتھ کیا کیا جائے؟`
اس سند سے بھی ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں ایک محرم کو اس کی اونٹنی نے گردن توڑ کر ہلاک کر دیا، اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا تو آپ نے فرمایا: اسے غسل دو اور کفن پہناؤ (لیکن) اس کا سر نہ ڈھانپو اور اسے خوشبو سے دور رکھو کیونکہ وہ لبیک پکارتا ہوا اٹھایا جائے گا۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3241]
فوائد ومسائل:
حالت احرام میں موت کی بڑی فضیلت ہے۔
کہ اس کا عمل قیامت تک جاری رہے گا۔
اور اس پر قیاس ہے۔
کہ اگر کوئی طالب علم یا جہاد میں فوت ہوجائے۔
اور وہ اپنے اس عمل کوپورا کرنے کا عزم رکھتا ہو تو اسے ان شاء اللہ قیامت تک کےلئے اس کا ثواب ملتا رہے گا۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3241   

  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3084  
´محرم مر جائے تو کیا کیا جائے؟`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ احرام کی حالت میں ایک شخص کی اونٹنی نے اس کی گردن توڑ ڈالی، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کو پانی اور بیر کی پتی سے غسل دو، اور اس کے دونوں کپڑوں ہی میں اسے کفنا دو، اس کا منہ اور سر نہ ڈھانپو کیونکہ وہ قیامت کے دن لبیک کہتا ہوا اٹھایا جائے گا۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب المناسك/حدیث: 3084]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1) (اوقصت)
گردن توڑدی کا مطلب یہ ہے کہ وہ اونٹ پر سے سر کے بل گرا جس سے اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
دوسری روایت میں (اعقصت)
کا لفظ ہے جس کے معنی "موڑدینا" ہیں۔
کیونکہ سر کے بل گرنے سے ہڈی بل کھا جاتی اور ٹوٹ جاتی ہے اور اس سے موت واقع ہوتی ہے۔

(2)
احرام کی حالت میں فوت ہونے والے شخص کو بھی غسل اور کفن دیکر جنازہ پڑھ کر دفن کرنا چاہیے۔

(3)
احرام کی حالت میں فوت ہونے والے کو احرام کی چادروں ہی میں دفنایا جائے۔
اور احرام کی پابندیوں کے مطابق اس کا سر نہ ڈھانپا جائے، نہ اسے خوشبو لگائی جائے۔

(4)
جو شخص نیکی کے کاموں میں مشغول ہونے کی حالت میں فوت ہوا، وہ قیامت کے دن اسی حال میں قبر سے اٹھے گا جس سے لوگوں کو اس کی نیکی کا علم ہوجائے گا۔
یہ اللہ کی طرف سے اس کی عزت افزائی ہوگی۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3084   

  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 951  
´محرم حالت احرام میں مر جائے تو کیا کیا جائے؟`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ ہم لوگ ایک سفر میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے، آپ نے دیکھا کہ ایک شخص اپنے اونٹ سے گر پڑا، اس کی گردن ٹوٹ گئی اور وہ مر گیا وہ محرم تھا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور اسے اس کے انہی (احرام کے) دونوں کپڑوں میں کفناؤ اور اس کا سر نہ چھپاؤ، اس لیے کہ وہ قیامت کے دن تلبیہ پکارتا ہوا اٹھایا جائے گا۔‏‏‏‏ [سنن ترمذي/كتاب الحج/حدیث: 951]
اردو حاشہ: 1؎:
یہ قول حنفیہ اورمالکیہ کا ہے،
ان کی دلیل ابوہریرہ کی حدیث ' إذا مات ابن آدم انقطع عمله 'ہے اورباب کی حدیث کا جواب وہ یہ دیتے ہیں کہ ممکن ہے نبی اکرمﷺ کو وحی کے ذریعہ یہ بتادیا گیا ہوکہ یہ شخص مرنے کے بعداپنے احرام ہی کی حالت میں باقی رہے گا،
یہ خاص ہے اسی آدمی کے ساتھ،
لیکن کیا اس خصوصیت کی کوئی دلیل ہے؟،
ایسی فقہ کا کیا فائدہ جو قرآن وسنت کی نصوص کے ہی خلاف ہو۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 951   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:471  
471- سيدنا عبدالله بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: ہم لوگ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک سفر کررہے تھے، ایک شخص اپنے اونٹ سے گرا، اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹی اور وہ انتقال کرگیا۔ وہ احرام باندھے ہوئے تھا۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں کے ذریعے غسل دو اور اسے اس کے دو کپڑوں میں کفن دو، تم اس کے سر کو نہ ڈھانپنا، کیونکہ قیامت کے دن اسے تلبیہ پڑھتے ہوئے زندہ کیا جائے گا۔ (یہاں اک لفظ کے بارے میں راوی کو شک ہے) [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:471]
فائدہ:
اس حدیث میں ہے کہ جو بندہ حالت احرام میں فوت ہو جائے اس کوغسل اور کفن دفن کیسے دیا جائے، اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جو انسان جس حالت میں فوت ہو گا، اسی حالت میں قیامت کے دن اٹھایا جائے گا، اور جو احرام کی حالت میں فوت ہوا، اس کو احرام میں ہی دفنانا چاہیے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 471   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:472  
472- یہی روایت ایک اور سند کے ہمراہ بھی منقول ہے، تاہم اس میں یہ الفاظ زائد ہیں: اسے خوشبو نہ لگانا۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:472]
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جو احرام کی حالت میں فوت ہو، اس کو خوشبو نہیں لگانی چاہیے، اور احرام کی حالت میں بھی خوشبو نہیں لگانی چاہیے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 472   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2891  
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، ایک آدمی اپنے اونٹ سے گر گیا اور اس کی گردن ٹوٹ گئی تو وہ مر گیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کو پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور اسے اس کے دونوں کپڑوں کا کفن دو اور اس کے سر کو نہ ڈھانپو کیونکہ قیامت کے دن اللہ اسے تلبیہ کہتے ہوئے اٹھائے گا۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:2891]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
وُقِصَ:
سواری سے گر کر گردن کا ٹوٹ جانا۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2891   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2892  
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ اسی اثناء میں ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ عرفات میں ٹھہرا ہوا تھا کہ وہ اچانک اپنی سواری سے گر گیا، ایوب کی روایت میں، اسے سواری نے گرا کر گردن توڑ ڈالی یا گرا کر مار ڈالا، عمرو نے فَوَقَصَتْهُ کہا، گرا کر گردن توڑ دی، اس کا تذکرہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور اسے دو کپڑوں میں کفن دو،... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:2892]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
وَقَصَتْهُ اور اَوْقَصَتْهُ:
دونوں کا معنی ہےگرا کر گردن توڑ دی اورأَقْصَعَتْهُ کا معنی ہے،
اسے فوراً قتل کردیا۔
(2)
حَنُوْط:
اس خوشبو کو کہتے ہیں،
جو خاص طور پر میت کے لیے تیار کی جاتی ہے۔
فوائد ومسائل:
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایات سے ثابت ہوتا ہے کہ جب محرم احرام کی حالت میں فوت ہو جائے تو اس کی حالت احرام بر قرار رہے گی۔
اس لیے اس کو احرام کے کپڑوں کا کفن دیا جائے گا اس کا سر بھی نہیں ڈھانپا جائے گا اور نہ ہی خوشبو لگائی جائے گی امام احمد رحمۃ اللہ علیہ،
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ،
اسحاق رحمۃ اللہ علیہ اور محدثین کا یہی مؤقف ہے۔
امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ اور امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک اس کا احرام ختم ہو جائے گا اس لیے اسے عام اموات کی طرح کفن دیا جائے گا،
اس کو سلے ہوئے کپڑے پہنانا سر ڈھانپنا خوشبو لگانا جائز ہے لیکن یہ صحیح حدیث کے خلاف ہے اور محض اپنے وضعی قاعدہ کے تحت،
اس حدیث کو اس آدمی کے ساتھ خاص قرار دیا گیا ہے۔
باقی رہا بیری کے پتوں سے غسل دینا تو یہ خوشبو کے لیے نہیں ہے اگربالفرض خوشبو ہو بھی توحدیث میں موت کی صورت میں اس کا حکم موجود ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2892   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 2896  
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی کو اس کی سواری نے گرا کر گردن توڑ دی، جبکہ وہ محرم تھا اور وہ مر گیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور اس کے دونوں کپڑوں کا کفن دو، اس کے سر اور چہرہ کو نہ ڈھانپو، کیونکہ وہ قیامت کے دن تلبیہ کہنے والا اٹھایا جائے گا۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:2896]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ محرم کے فوت ہونے کی صورت میں اس کا چہرہ بھی نہیں ڈھانپا جائے گا اس لیے محرم کے لیے چہرہ ڈھانپنے کے بارے میں ائمہ میں اختلاف ہے۔
امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور احمد رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک چہرہ ڈھانپنا جائز ہے۔
کیونکہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہ۔
عبدالرحمان بن عوف رضی اللہ تعالیٰ عنہ۔
زید بن ثابت رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ وغیرہم سے اس کا جواز ثابت ہے اور اس حدیث میں چہرہ ڈھانپنے کی ممانعت سر کے کھلا رکھنے کی خاطر ہے۔
لیکن امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ۔
اورامام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک اس روایت کی بنا پرمحرم کے لیے زندگی میں چہرہ ڈھانپنا جائز نہیں ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2896   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1265  
1265. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہےمانھوں نےفرمایا:ایک شخص مقام عرفہ میں ٹھہرا ہوا تھا کہ اچانک اپنی سواری سےگرا، جس سے اس کی گردن ٹوٹ گئی۔ نبی کریم ﷺ نےفرمایا:اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دے کردو کپڑوں میں کفن دو مگر حنوط (ایک خوشبو) نہ لگانا اور نہ اس کا سر ڈھانپنا، کیونکہ یہ قیامت کےدن لبیك کہتا ہوا اٹھایا جائے گا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1265]
حدیث حاشیہ:
ثابت ہوا کہ محرم کو دو کپڑوں میں دفنایا جائے۔
کیونکہ وہ حالت احرام میں ہے اور محرم کے لیے احرام کی صرف دو ہی چادریں ہیں، برخلاف ا س کے دیگر مسلمانوں کے لیے مرد کے لیے تین چادریں اور عورت کے لیے پانچ کپڑے مسنون ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1265   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1266  
1266. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے،انھوں نے فرمایا:ایک شخص ر سول اللہ ﷺ کے ہمراہ مقام عرفہ میں ٹھہرا ہوا تھا کہ اچانک اپنی سواری سے گر پڑا جس سے اس کی گردن ٹوٹ گئی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دے کر دو کپڑوں میں کفن دو۔ اسے خوشبو نہ لگاؤ اور نہ اس کے سر ہی کو ڈھانپو، کیونکہ اسے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس حال میں اٹھائے گا کہ یہ تلبیہ کہہ رہا ہوگا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1266]
حدیث حاشیہ:
محرم کو خوشبو نہ لگائی جائے۔
اس سے ثابت ہوا کہ غیر محرم میت کو خوشبو لگانی چاہیے۔
باب کامقصد یہی ہے۔
محرم کو خوشبو کے لیے اس واسطے منع فرمایا کہ وہ حالت احرام ہی میں ہے اور قیامت میں اس طرح لبیك پکارتا ہوا اٹھے گا اور ظاہر ہے کہ محرم کو حالت احرام میں خوشبو کا استعمال منع ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1266   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1268  
1268. حضرت ابن عباس ؓ ہی سے رویت ہے، انھوں نے فرمایا:ایک شخص نبی کریم ﷺ کے ہمراہ مقام عرفہ میں ٹھہرا ہواتھا۔ وہ ا پنی سواری سے گرگیا۔ ایوب راوی نےکہا:فوقصته اور عمرو نے کہا: فاقصعته، یعنی سواری نے اس کی گردن توڑ دی اور وہ مرگیا۔ رسول اللہ ﷺ نےفرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور دو کپڑوں میں کفناؤ۔اسے خوشبو نہ لگاؤ اور نہ اس کاسر ہی ڈھانپو، کیونکہ یہ قیامت کے دن اٹھے گا تو تلبیہ پکاررہا ہوگا۔ ایوب راوی نے (مضارع) يلبي اور عمرو نے(اسم فاعل) ملبيا کے الفاظ بیان کیے ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1268]
حدیث حاشیہ:
معلوم ہوا کہ محرم مر جائے تو اس کا احرام باقی رہے گا۔
شافعیہ اور اہلحدیث کا یہی قول ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1268   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1839  
1839. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ ایک محرم شخص کو رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں لایا گیا جس کی گردن اس کی اونٹنی نے توڑدی تھی اور اسے مار ڈالا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے غسل دو، کفن پہناؤ لیکن اس کا سر نہ ڈھانپو اور نہ خوشبو ہی اس کے قریب لے جاؤ کیونکہ وہ قیامت کے دن تلبیہ کہتا ہوا اٹھایا جائے گا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1839]
حدیث حاشیہ:
مطلب یہ ہے کہ اس کا احرام باقی ہے۔
دوسری راویت میں ہے کہ اس کا منہ نہ ڈھانکو، حافظ ؒنے کہا مجھے اس شخص کا نام نہیں معلوم ہوا، اس بارے میں کوئی مستند روایت نہیں ملی، اس سے بھی حضرت امام بخاری ؒ نے یہ ثابت فرمایا کہ محرم کو خوشبو لگانا منع ہے کیوں کہ آپ نے مرنے والے کو محرم گردان کر اس کے جسم پر خوشبو لگانے سے منع فرمایا۔
حدیث سے عمل حج کی اہمیت بھی ثابت ہوئی کہ ایسا شخص روز قیامت میں حاجی ہی کی شکل میں پیش ہوگا بشرطیکہ اس کا حج عنداللہ مقبول ہوا ہو اور جملہ آداب و شرائط کو سامنے رکھ کر ادا کیا گیا ہو۔
حدیث سے اونٹ کی فطری طینت پر بھی روشنی پڑتی ہے۔
اپنے مالک سے اگر یہ جانور خفا ہو جائے تو موقع پانے پر اسے ہلاک کرنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے اگرچہ اس جانور میں بہت سی خوبیاں بھی ہیں مگر اس کی کینہ پروری بھی مشہور ہے قرآن مجید میں اللہ نے اونٹ کا بھی ذکر فرمایا ہے ﴿إِلَى الْإِبِلِ كَيْفَ خُلِقَتْ﴾ (الغاشیة: 17)
یعنی اونٹ کی طرف دیکھو وہ کس طرح پیدا کیا گیا ہے۔
اس کے جسم کا ہر حصہ شان قدرت کا ایک بہترین نمونہ ہے، اللہ نے اسے ریگستان کا جہاز بنایا ہے۔
جہاں اور سب گھبرا جاتے ہیں مگر یہ ریگستانوں میں خوب جھوم جھوم کر سفر طے کرتا ہے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1839   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1265  
1265. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہےمانھوں نےفرمایا:ایک شخص مقام عرفہ میں ٹھہرا ہوا تھا کہ اچانک اپنی سواری سےگرا، جس سے اس کی گردن ٹوٹ گئی۔ نبی کریم ﷺ نےفرمایا:اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دے کردو کپڑوں میں کفن دو مگر حنوط (ایک خوشبو) نہ لگانا اور نہ اس کا سر ڈھانپنا، کیونکہ یہ قیامت کےدن لبیك کہتا ہوا اٹھایا جائے گا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1265]
حدیث حاشیہ:
(1)
سنن نسائی کی ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
اسے انہی دو کپڑوں میں کفن دیا جائے جن میں اس نے احرام باندھا تھا۔
(سنن النسائی، الجنائز:
حدیث: 1905)

امام بخاری ؒ کا اس عنوان اور پیش کردہ حدیث سے مقصود یہ ہے کہ کفن کے لیے تین کپڑوں کا ہونا شرط نہیں، البتہ مستحب ضرور ہے، جیسا کہ جمہور کا موقف ہے۔
(2)
کفن کی تین اقسام ہیں:
٭ کفن ضرورت جو فرض ہے کہ ایک ہی چادر جو تمام جسم کے لیے ساتر ہو۔
٭ کفن کفایہ:
اس کے لیے دو چادریں کافی ہیں۔
٭ کفن سنت:
اس میں تین چادریں ہیں۔
اس بات پر اجماع ہے کہ کم از کم ایک چادر ضرور ہونی چاہیے جس سے میت کو ڈھانپا جا سکے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1265   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1266  
1266. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے،انھوں نے فرمایا:ایک شخص ر سول اللہ ﷺ کے ہمراہ مقام عرفہ میں ٹھہرا ہوا تھا کہ اچانک اپنی سواری سے گر پڑا جس سے اس کی گردن ٹوٹ گئی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دے کر دو کپڑوں میں کفن دو۔ اسے خوشبو نہ لگاؤ اور نہ اس کے سر ہی کو ڈھانپو، کیونکہ اسے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس حال میں اٹھائے گا کہ یہ تلبیہ کہہ رہا ہوگا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1266]
حدیث حاشیہ:
صحیح بخاری کی ایک روایت میں ہے:
اسے خوشبو کے قریب تک نہ کرو کیونکہ یہ قیامت کے دن احرام کی حالت میں تلبیہ کہتا ہوا اٹھایا جائے گا۔
(صحیح البخاري، جزاء الصید، حدیث: 1839)
ان روایات میں خوشبو سے ممانعت کا سبب یہ بتایا گیا ہے کہ اسے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اٹھائے گا تو یہ تلبیہ کہہ رہا ہو گا۔
چونکہ وہ شخص حالتِ احرام میں اٹھایا جائے گا اور احرام کی حالت میں خوشبو لگانا منع ہے، اس لیے اس کی میت کو بھی خوشبو لگانے سے روک دیا گیا۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ ممانعت کا سبب احرام ہے۔
اگر احرام نہیں ہو گا تو ممانعت بھی نہیں ہو گی، اس لیے میت کو خوشبو لگانے میں کوئی حرج نہیں، بلکہ حضرت جابر ؓ کی روایت میں صراحت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
جب تم میت کو خوشبو کی دھونی دو تو تین مرتبہ دو۔
(مسند أحمد: 331/3)
حضرت جابر ؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی فوت ہو گیا تو ہم نے اسے غسل دیا، کفن پہنایا اور اسے خوشبو کی دھونی دی، پھر ہم نے اسے جنازے کے لیے رکھ دیا۔
اس کے بعد ہم نے رسول اللہ ﷺ کو جنازے کی اطلاع دی تو آپ ﷺ نے دریافت فرمایا:
اس کے ذمہ قرض تو نہیں؟ (المستدرك للحاکم: 58/2)
ان روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ میت کو خوشبو لگانا مستحب امر ہے، کیونکہ فرشتے حاضر ہوتے ہیں اور اس نے بھی اللہ کے حضور پیش ہونا ہے، لہذا اچھی حالت میں پیش ہونا چاہیے۔
والله أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1266   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1268  
1268. حضرت ابن عباس ؓ ہی سے رویت ہے، انھوں نے فرمایا:ایک شخص نبی کریم ﷺ کے ہمراہ مقام عرفہ میں ٹھہرا ہواتھا۔ وہ ا پنی سواری سے گرگیا۔ ایوب راوی نےکہا:فوقصته اور عمرو نے کہا: فاقصعته، یعنی سواری نے اس کی گردن توڑ دی اور وہ مرگیا۔ رسول اللہ ﷺ نےفرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور دو کپڑوں میں کفناؤ۔اسے خوشبو نہ لگاؤ اور نہ اس کاسر ہی ڈھانپو، کیونکہ یہ قیامت کے دن اٹھے گا تو تلبیہ پکاررہا ہوگا۔ ایوب راوی نے (مضارع) يلبي اور عمرو نے(اسم فاعل) ملبيا کے الفاظ بیان کیے ہیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1268]
حدیث حاشیہ:
(1)
مرنے کے بعد عبادات و اعمال کا سلسلہ منقطع ہو جاتا ہے، جیسا کہ حدیث میں ہے:
جب آدمی مر جاتا ہے تو اس کا عمل ختم ہو جاتا ہے۔
احرام بھی ایک عمل ہے جو مرنے سے ختم ہو جاتا ہے لیکن رسول اللہ ﷺ نے حکمی طور پر اسے باقی رکھا ہے اور اس پر ان پابندیوں کو جاری رہنے دیا ہے جو محرم آدمی کی زندگی میں ہوتی ہیں، مثلاً:
آپ نے حکم دیا کہ اس کے چہرے اور سر کو نہ ڈھانپا جائے اور اسے خوشبو وغیرہ نہ لگائی جائے۔
امام بخاری ؒ نے اس عنوان اور پیش کردہ حدیث سے ثابت کیا ہے کہ محرم انسان اگر مر جائے تو حکمی طور پر اس کی حالتِ احرام کو باقی رکھا جائے۔
اسے عام انسانوں کی طرح خوشبو لگانے اور سر ڈھانپنے کی اجازت نہیں۔
حدیث سے یہ مسئلہ واضح طور پر ثابت ہوتا ہے۔
(2)
بعض حضرات نے حدیث میں مذکور واقعے کو خصوصیت پر محمول کیا ہے اور محرم کے لیے خوشبو لگانے اور سر ڈھانپنے کا جواز ثابت کیا ہے، لیکن خصوصیت والی بات بلادلیل ہے۔
محدثین کا اتفاق ہے کہ محرم انسان کو کفن دینے کا طریقہ وہی ہے جو حدیث میں بیان ہوا ہے۔
سنن نسائی کی روایت میں ہے کہ محرم کو احرام کی دو چادروں میں کفن دو، اسے قیامت کے دن حالتِ احرام ہی میں اٹھایا جائے گا۔
(سنن النسائي، الجنائز، حدیث: 1905)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1268   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1839  
1839. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ ایک محرم شخص کو رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں لایا گیا جس کی گردن اس کی اونٹنی نے توڑدی تھی اور اسے مار ڈالا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے غسل دو، کفن پہناؤ لیکن اس کا سر نہ ڈھانپو اور نہ خوشبو ہی اس کے قریب لے جاؤ کیونکہ وہ قیامت کے دن تلبیہ کہتا ہوا اٹھایا جائے گا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1839]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث میں وضاحت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے مرنے والے محرم کو خوشبو لگانے اور اس کا سر ڈھانپنے سے منع فرمایا کیونکہ محرم کے لیے خوشبو استعمال کرنا اور سر ڈھانپنا جائز نہیں۔
(2)
اس حدیث سے عمل حج کی اہمیت ثابت ہوتی ہے کہ ایسا شخص اگر دوران حج میں فوت ہو گیا تو قیامت کے دن اللہ کے حضور حج کرتا ہوا، تلبیہ کہتا ہوا پیش ہو گا بشرطیکہ عقیدۂ توحید مضبوط ہو اور حج کے آداب و شرائط کو سامنے رکھتے ہوئے اس فریضے کو ادا کرنے کے لیے گیا ہو۔
(3)
امام بخاری ؒ کا مقصد اس حدیث سے صرف یہ ثابت کرنا ہے کہ دوران حج میں مرد یا عورت کو خوشبو نہیں استعمال کرنی چاہیے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1839   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1850  
1850. حضرت ابن عباس ؓ ہی سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ ایک آدمی نبی ﷺ کے ہمراہ عرفات میں وقوف کیے ہوئے تھا کہ وہ اپنی اونٹنی سے گرپڑا۔ اونٹنی نے اس کی گردن توڑدی۔ تب نبی ﷺ نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے نہلاؤ اور دوکپڑوں میں کفن دو۔ اسے خوشبومت لگاؤ۔ نہ اس کا سر ڈھانپواور نہ اس کو حنوط ہی لگاؤ کیونکہ اللہ تعالیٰ جب قیامت کے دن اسے اٹھائےگا تو یہ تلبیہ کہتا ہوگا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1850]
حدیث حاشیہ:
(1)
رسول اللہ ﷺ نے اس کے ورثاء کو یہ حکم نہیں دیا کہ اس کا حج مکمل کیا جائے، حالانکہ رمی جمار، حلق، قربانی اور طواف افاضہ باقی تھے۔
چونکہ اسے بقیہ احکام ادا کرنے کا موقع ہی نہیں ملا، اس لیے وہ مکلف ہی نہیں۔
اس کی مثال ایسے ہے جیسے کوئی شخص اول وقت میں نماز شروع کر دے لیکن دوران نماز میں مر جائے تو اس پر قضا ضروری نہیں۔
(عمدةالأحکام: 543/7) (2)
بعض متاخرین نے میدان عرفات میں مرنے والے محرم کے متعلق لکھا ہے کہ وہ واقد بن عبداللہ بن عمر تھے جو احرام کی حالت میں اونٹنی سے گر کر فوت ہوئے تھے۔
لیکن یہ صحیح نہیں کیونکہ واقد بن عبداللہ صحابی نہیں۔
ان کی والدہ حضرت صفیہ بنت ابی عبید ہیں جن سے حضرت عبداللہ ؓ نے اپنے والد ماجد حضرت عمر ؓ کے دور خلافت میں نکاح کیا تھا، اس لیے رسول اللہ ﷺ کے ہمراہ وقوف کے دوران اپنی اونٹنی سے گر کر شہید ہونے والے کوئی اور شخص ہیں جن کے متعلق ہمیں معلومات نہیں مل سکیں۔
(فتح الباري: 72/4)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1850   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1851  
1851. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ ایک شخص نبی ﷺ کے ہمراہ (میدان عرفات میں ٹھہراہوا) تھا۔ اس کی اونٹنی نے اس کی گردن توڑدی جبکہ وہ احرام کی حالت میں تھا۔ اسی حالت میں وہ مرگیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو۔ اسے اس کے دونوں کپڑوں میں کفناؤ۔ اسے خوشبو نہ لگاؤ اور نہ اس کا سر ہی ڈھانپو کیونکہ یہ قیامت کے دن تلبیہ کہتا ہوا اٹھےگا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1851]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری ؒ نے کتاب الجنائز میں محرم کے کفن کے متعلق ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا تھا:
(باب:
كيف يكفن المحرم)

محرم کو کفن کس طرح دیا جائے؟ اب مزید وسعت کے ساتھ عنوان بندی کی ہے۔
محرم کو اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز بخشا ہے کہ اس کے مرنے کے بعد بھی عمل حج کو جاری رکھا گیا ہے، حالانکہ موت کے ساتھ ہی انسان کے عمل ختم ہو جاتے ہیں جبکہ محرم قیامت کے دن بدستور "لبیک" کہتا ہوا اللہ کے حضور پیش ہو گا۔
(2)
اس کی تجہیز و تکفین بھی عام انسانوں سے ہٹ کر ہے۔
اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دے کر اس کی احرام کی چادروں میں کفن دینا ہے۔
اسے خوشبو وغیرہ نہیں لگانی اور نہ اس کا سر ہی ڈھانپنا ہے۔
بعض روایات میں ہے کہ اس کا چہرہ بھی کھلا رکھنا ہے لیکن یہ الفاظ محدثین کے ہاں غیر محفوظ ہیں۔
الغرض محرم کے مرنے کے بعد بھی اس کا احرام باقی رکھا گیا ہے اور کفن کے وقت اس کی وہی حالت برقرار رکھی گئی ہے جو اس کی زندگی کے وقت تھی۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1851   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.