الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
سنن ابن ماجه کل احادیث 4341 :حدیث نمبر
سنن ابن ماجه
کتاب: لباس کے متعلق احکام و مسائل
Chapters on Dress
45. بَابُ : الصُّوَرِ فِيمَا يُوطَأُ
45. باب: تصویروں کو پامال اور روندی جانے والی جگہوں میں رکھنے کا بیان۔
Chapter: Images on items that are stepped on
حدیث نمبر: 3653
پی ڈی ایف بنائیں اعراب
(مرفوع) حدثنا ابو بكر بن ابي شيبة , حدثنا وكيع , عن اسامة بن زيد , عن عبد الرحمن بن القاسم , عن ابيه , عن عائشة , قالت: سترت سهوة لي تعني: الداخل بستر فيه تصاوير , فلما قدم النبي صلى الله عليه وسلم هتكه , فجعلت منه منبوذتين:" فرايت النبي صلى الله عليه وسلم متكئا على إحداهما".
(مرفوع) حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ , حَدَّثَنَا وَكِيعٌ , عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ , عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ الْقَاسِمِ , عَنْ أَبِيهِ , عَنْ عَائِشَةَ , قَالَتْ: سَتَرْتُ سَهْوَةً لِي تَعْنِي: الدَّاخِلَ بِسِتْرٍ فِيهِ تَصَاوِيرُ , فَلَمَّا قَدِمَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ هَتَكَهُ , فَجَعَلْتُ مِنْهُ مَنْبُوذَتَيْنِ:" فَرَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُتَّكِئًا عَلَى إِحْدَاهُمَا".
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے اپنے روشن دان پر پردہ ڈالا یعنی اندر سے، پردے میں تصویریں تھیں، جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے، تو آپ نے اسے پھاڑ ڈالا، میں نے اس سے دو تکیے بنا لیے پھر میں نے دیکھا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان میں سے ایک تکیے پر ٹیک لگائے ہوئے تھے ۱؎۔

تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 17427، ومصباح الزجاجة: 1268)، وقد أخرجہ: صحیح البخاری/المظالم 32 (2479، 2476)، اللباس 91 (5954، 5955)، الأدب 75 (6109)، (بدون ذکرالصلاة في المواضع الثلاثة) صحیح مسلم/اللباس 26 (2107)، سنن النسائی/القبلة 12 (762)، الزینة من المجتبیٰ 57 (5356)، مسند احمد (6/174)، سنن الدارمی/الاستئذان 33 (2704) (حسن صحیح)» ‏‏‏‏ (سند میں اسامہ بن زید ضعیف ہے، لیکن دوسرے طرق سے صحیح ہے، کمافی التخریج)

وضاحت:
۱؎: اس حدیث سے نقشی تصویر کی بھی حرمت نکلتی ہے، اور بعضوں نے کہا آپ کا یہ فعل حرمت کی وجہ سے نہ تھا، بلکہ آپ ﷺ نے نبوت کے خاندان میں دنیا کی زیب و زینت اور آرائستگی کو برا سمجھا۔

قال الشيخ الألباني: حسن صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: إسناده حسن، بخاري ومسلم

   صحيح البخاري2479عائشة بنت عبد اللههتكه النبي فاتخذت منه نمرقتين كانتا في البيت يجلس عليهما
   صحيح البخاري5952عائشة بنت عبد اللهلم يكن يترك في بيته شيئا فيه تصاليب إلا نقضه
   صحيح مسلم5521عائشة بنت عبد اللهحولي هذا فإني كلما دخلت فرأيته ذكرت الدنيا لنا قطيفة كنا نقول علمها حرير فكنا نلبسها
   صحيح مسلم5523عائشة بنت عبد اللهأمرني فنزعته
   صحيح مسلم5531عائشة بنت عبد اللهسترت نمطا فيه تصاوير نحاه فاتخذت منه وسادتين
   صحيح مسلم5532عائشة بنت عبد اللهنصبت سترا فيه تصاوير دخل رسول الله فنزعه قالت فقطعته وسادتين
   صحيح مسلم5529عائشة بنت عبد اللهأخريه عني قالت فأخرته فجعلته وسائد
   جامع الترمذي2468عائشة بنت عبد اللهانزعيه فإنه يذكرني الدنيا لنا سمل قطيفة تقول علمها من حرير كنا نلبسها
   سنن أبي داود4151عائشة بنت عبد اللهلا يترك في بيته شيئا فيه تصليب إلا قضبه
   سنن النسائى الصغرى5356عائشة بنت عبد اللهأخريه عني فنزعته فجعلته وسائد
   سنن النسائى الصغرى5354عائشة بنت عبد اللهعلقت قراما فيه الخيل أولات الأجنحة لما رآه قال انزعيه
   سنن النسائى الصغرى5355عائشة بنت عبد اللهحوليه فإني كلما دخلت فرأيته ذكرت الدنيا لنا قطيفة لها علم فكنا نلبسها لم نقطعه
   سنن النسائى الصغرى762عائشة بنت عبد اللهأخريه عني فنزعته فجعلته وسائد
   سنن النسائى الصغرى5357عائشة بنت عبد اللهنصبت سترا فيه تصاوير دخل رسول الله فنزعه فقطعته وسادتين
   سنن ابن ماجه3653عائشة بنت عبد اللهرأيت النبي متكئا على إحداهما
سنن ابن ماجہ کی حدیث نمبر 3653 کے فوائد و مسائل
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3653  
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
دروازے کھڑکی یا طاقچے وغیرہ پر تصویروں والا پردہ لٹکانا منع ہے۔

(2)
دیوار پر پردہ لٹکانا بھی منع ہے۔

(3)
تصویروں والا کپڑا اس انداز سے استعمال کیا جا سکتا ہے جس سے تصویروں کی بے قدری کا اظہار ہو مثلاً:
بستر پر بچھانے والی چادر یا بیٹھنے کے لیے کرسیوں کے گدے وغیرہ بنا لیے جائیں۔

(4)
جاندار چیزکی تصویر اس انداز سے رکھنا منع ہے جس سے اس کو اہمیت دینے کا اظہار ہوتا ہو مثلاً:
کمرے کی سجاوٹ کے لیے فریم شدہ تصاویرلگانا یا تصویروں والی شرٹ اور قمیض پہننا یا کوئی مجسم تصویر ڈیکوریشن پیس کے طور پر رکھنا وغیرہ۔

(5)
خلاف شریعت چیز کو خراب کر دینا جائز ہے اور اس چیز کا مالک کسی ہرجانہ وغیرہ کا مطالبہ نہیں کر سکتا۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3653   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 762  
´تصویر والے کپڑے کی جانب (رخ کر کے) نماز پڑھنے کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میرے گھر ایک کپڑا تھا جس میں تصویریں تھیں، میں نے اسے گھر کے ایک روشندان پر لٹکا دیا تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کی طرح (رخ کر کے) نماز پڑھتے تھے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عائشہ! اسے میرے پاس سے ہٹا دو، تو میں نے اسے اتار لیا، اور اس کے تکیے بنا ڈالے۔ [سنن نسائي/كتاب القبلة/حدیث: 762]
762 ۔ اردو حاشیہ: تصویریں یا تصویر والے کپڑے گھر میں لٹکانا منع ہے، خصوصاً جب کہ نماز میں وہ آگے ہوں۔ ہاں، اگر انہیں پھاڑ کر تکیے یا چٹائی وغیرہ بنا لی جائے تو جائز ہے کیونکہ اس میں ان کی توہین ہے۔ احادیث سے اس کی تائید ہوتی ہے۔ اسی طرح اگر تصویریں ڈھانپ دی جائیں اور وہ نظر نہ آتی ہوں تو پھر بھی کوئی حرج نہیں۔ لیکن جہاں انہیں زائل کرنا بس میں نہ ہو، وہاں اس کی گنجائش ہے۔ واللہ أعلم۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 762   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5355  
´تصویروں اور مجسموں کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ہمارے پاس ایک پردہ تھا جس پر چڑیا کی شکل بنی ہوئی تھی جب کوئی آنے والا آتا تو وہ ٹھیک سامنے پڑتا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عائشہ! اسے بدل دو، اس لیے کہ جب میں اندر آتا ہوں اور اسے دیکھتا ہوں تو دنیا یاد آتی ہے، ہمارے پاس ایک چادر تھی جس میں نقش و نگار تھے، ہم اسے استعمال کیا کرتے تھے۔ لیکن اسے ہم نے کاٹا نہیں ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5355]
اردو حاشہ:
(1) یہ حدیث مبارکہ دنیا کی رنگینیوں سے کنارہ کشی اور اس سے بے رغبتی پر دلالت کرتی ہے۔
(2) اس حدیث مبارکہ سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ بوقت ضرورت پردہ وغیرہ لٹکانا درست ہے۔ لیکن یاد رہے کہ پردے میں تصویر نہ بنی ہو۔
(3) توجہ دنیا کی طرف ہو جاتی ہے کیونکہ وہ زینت کے لیے لٹکایا گیا تھا اور دنیوی زینت تھی۔ ظاہر ہے توجہ اس طرف ہونا تو لازمی امر تھا وہاں سے آپ گزرتے تھے۔ اگرچہ آپ کے دل میں کراہت ہوتی تھی، توجہ کراہت کے منافی نہیں۔ دنیا سے محبت مذموم ہے نہ کہ توجہ بہ کراہت۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5355   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5356  
´تصویروں اور مجسموں کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میرے گھر میں ایک کپڑا تھا جس میں تصویریں تھیں ۱؎، چنانچہ میں نے اسے گھر کے ایک روشندان میں لٹکا دیا، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسی کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے تھے، پھر آپ نے فرمایا: عائشہ! اسے ہٹا دو، پھر میں نے اسے نکال دیا اور اس کے تکیے بنا دیے۔ [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5356]
اردو حاشہ:
تصویریں ممکن ہے غیر ذی روح کی تصویریں ہوں مگر نماز میں قبلہ کی جانب نقش و نگار توجہ بٹنے کا سبب بن جاتے ہیں، اس لیے ہٹانے کا حکم دیا۔ اور اگر ذی روح کی تصویریں تھیں تو پھر ایسا کپڑا احترام والی جگہ لٹکانا ناجائز تھا، اس لیے اتار کر تصویریں کاٹنے کا حکم دیا۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5356   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5357  
´تصویروں اور مجسموں کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ انہوں نے ایک پردہ لٹکایا جس میں تصویریں تھیں، پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اندر آئے تو اسے نکال دیا، چنانچہ میں نے اسے کاٹ کر دو تکیے بنا دیے۔ اس وقت مجلس میں بیٹھے ایک شخص نے جسے ربیعہ بن عطا کہا جاتا ہے: نے کہا میں نے ابو محمد، یعنی قاسم کو، عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے سنا، وہ بولیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان پر ٹیک لگاتے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5357]
اردو حاشہ:
(1) رسول اللہ ﷺ نے اپنے مبارک ہاتھوں سے تصاویر والا پردہ ہٹا دیا اور اس طرح آپ نے اپنے ہاتھ سے ازالۂ منکر فرمایا۔ جہاں ہاتھ سے برائی ختم کی جا سکتی ہو، وہاں اسے ہاتھ سے ختم کرنا ضروری ہے۔ اور آپ نے ایسے ہی کیا۔
(2) اس حدیث مبارکہ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اگر تصویر والے کپڑے کو اس طرح کاٹ دیا جائے کہ تصویریں کٹ جائیں اور ثابت نہ رہیں تو وہ کپڑا فرشی استعمال میں لایا جا سکتا ہے، یعنی اس سے تکیے، سرہانے گدے وغیرہ بنائے جا سکتے ہیں۔ واللہ أعلم
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5357   

  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 4151  
´کپڑے میں صلیب کی صورت بنی ہو تو اس کے حکم کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے گھر میں کسی ایسی چیز کو جس میں صلیب کی تصویر بنی ہوتی بغیر کاٹے یا توڑے نہیں چھوڑتے تھے۔ [سنن ابي داود/كتاب اللباس /حدیث: 4151]
فوائد ومسائل:
گھر میں، کپڑے پر غیر جاندار چیزوں کی تصویر ہو تو کوئی حر ج نہیں، مگر صلیب کا نشان بے روح ہی سہی چونکہ اس کی عبادت ہوتی ہے، اس لئے اس کا زائل کرنا واجب ہے۔
اسی طرح ایسے درخت اور پہاڑ وغیرہ جن کی لوگ عبادت کرتے ہوں ان کا تصاویر لٹکانا بھی درست نہیں ہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4151   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 5952  
5952. سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے کہ نبی ﷺ کو اپنے گھر میں جب بھی کوئی ایسی چیز ملتی جس میں صلیب کی تصویر ہوتی تو آپ اسے توڑ ڈالتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5952]
حدیث حاشیہ:
حالانکہ صلیب جاندار چیز نہیں ہے مگر نصاریٰ خصوصاً رومن کیتھولک صلیب کی پرستش کرتے ہیں۔
اس لیے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اس کو جہاں پاتے توڑ ڈالتے، اللہ کے سوا جو چیز پوجی جائے اس کا یہی حکم ہے، اس کو توڑ پھوڑ کر برا بر کر دینا چاہیئے تاکہ دنیا میں شرک نہ پھیلے۔
صلیب پر تعزیہ کو بھی قیاس کرنا چاہیئے۔
صلیب تو ایک پیغمبر کے واقعہ کی تصویر ہے اور تعزیہ میں تو یہ بات بھی نہیں ہے وہ صرف ایک مقبرہ کی مثل ہوتی ہے لیکن عوام اس کی پرستش کرتے ہیں، اس کے سامنے جھکتے ہیں، اس پر نذر ونیاز چڑھا تے ہیں، اسی طرح سدے علم وغیرہ ان سب کا توڑ پھینکنا ضروری ہے۔
اسلامی شریعت میں اللہ کے سوا کسی کی پوجا جائز نہیں ہے جن بزرگوں اور اولیاء کی قبور مثل مساجد بنا کر پرستش گاہ بنی ہوئی ہیں ان کے لیے بھی یہی حکم ہے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے علی رضی اللہ عنہ کو حکم فرمایا تھا کہ جو بلند قبر دیکھیں اس کو برابر کر دیں۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اپنے زمانے میں ابوالسیاج اسدی کو بھی یہی حکم دیا تھا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5952   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2479  
2479. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے اپنے حجرے کے دروازے پر ایک کپڑا لٹکایا جس پر تصاویر بنی ہوئی تھیں۔ نبی ﷺ نے اسے پھاڑ ڈالا تو حضرت عائشہ ؓ نے اس کپڑے کے دوگاؤ تکیے بنالیے جو گھرمیں رہے۔ ان پر آپ ﷺ بیٹھا کرتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2479]
حدیث حاشیہ:
مسلمانوں پرلازم ہے کہ اپنے گھروں میں جان دارتصاویر کے ایسے پردے غلاف وغیرہ نہ رکھیں، بلکہ ان کوختم کرڈالیں۔
یہ شرعاً وقانوناً بالکل ناجائز ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2479   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2479  
2479. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے اپنے حجرے کے دروازے پر ایک کپڑا لٹکایا جس پر تصاویر بنی ہوئی تھیں۔ نبی ﷺ نے اسے پھاڑ ڈالا تو حضرت عائشہ ؓ نے اس کپڑے کے دوگاؤ تکیے بنالیے جو گھرمیں رہے۔ ان پر آپ ﷺ بیٹھا کرتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2479]
حدیث حاشیہ:
(1)
تصویر کا سر کاٹ کر اسے درخت کی طرح بنا دیا جائے تو اس کا استعمال جائز ہے اور جس کپڑے پر تصویر بنی ہو اگر وہ پاؤں تلے روندی جاتی ہو تو اس کے استعمال میں کوئی حرج نہیں۔
(2)
ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے گھروں میں جاندار تصاویر کے پردے نہ لٹکائیں بلکہ انہیں ختم کر دیں۔
ایسی تصاویر شرعاً ناجائز اور حرام ہیں۔
رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے:
جس گھر میں تصویر ہو وہاں فرشتے داخل نہیں ہوتے۔
(صحیح البخاري، بدءالخلق، حدیث: 3322)
ہاں انہیں پاؤں تلے روندنے کی صورت میں برقرار رکھا جا سکتا ہے جیسا کہ تکیے بنانے سے ظاہر ہوتا ہے۔
واللہ أعلم
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2479   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:5952  
5952. سیدہ عائشہ‬ ؓ س‬ے روایت ہے کہ نبی ﷺ کو اپنے گھر میں جب بھی کوئی ایسی چیز ملتی جس میں صلیب کی تصویر ہوتی تو آپ اسے توڑ ڈالتے تھے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:5952]
حدیث حاشیہ:
(1)
عیسائی لوگ صلیب کی عبادت کرتے ہیں، حالانکہ یہ جاندار نہیں لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جہاں کہیں اس کی تصویر دیکھتے اسے ختم کر دیتے تاکہ دنیا میں شرک کا دروازہ بند ہو جائے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا جس چیز کی عبادت کی جاتی ہو اسے گھر میں رکھنا جائز نہیں بلکہ اس کا توڑنا ضروری ہے۔
صلیب پر تعزیہ کو بھی قیاس کیا جا سکتا ہے۔
صلیب تو ایک پیغمبر کے واقعے کی تصویر ہے لیکن تعزیے میں تو یہ بات بھی نہیں ہے۔
وہ تو مصنوعی طور پر ایک مقبرے کی شبیہ ہوتی ہے لیکن عوام اس کی پوجا کرتے ہیں، اس کے سامنے جھکتے ہیں، اس پر نذرونیاز چڑھاتے ہیں، ان سب چیزوں کا توڑ پھینکنا ضروری ہے۔
(2)
عنوان میں تصاویر توڑنے کا بیان تھا جبکہ حدیث میں صلیب توڑنے کا بیان ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے صلیب کے توڑنے سے تصویروں کو ختم کرنے کا استنباط کیا ہے کیونکہ ان میں قدر مشترک اللہ تعالیٰ کے سوا ان کی پوجا کرنا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ عنوان میں تصاویر سے مراد وہی تصویریں ہیں جن کی اللہ تعالیٰ کے سوا پوجا پاٹ کی جاتی ہے، خواہ وہ جاندار کی ہوں یا بے جان چیزوں کی۔
(فتح الباري: 473/10)
ہمارے رجحان میں بھی یہی ہے کہ ایسے درخت یا پہاڑ جن کی لوگ عبادت کرتے ہوں ان کی تصاویر لٹکانا بھی جائز نہیں، ہاں جن کی عبادت نہیں ہوتی اگر وہ کسی بے جان کی تصاویر ہیں تو انہیں رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5952   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.