سیدنا مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فلاں لوگوں کے گھوڑے پر آئے، پھر اپنے دونوں پاؤں پھیلائے اور کھڑے ہو کر پیشاب کیا۔
تخریج الحدیث: «اسناده صحيح: سنن ابن ماجه: كتاب الطهارة: باب ماجاء فى البول قائما: 306، صحيح سنن ترمذي: 12، 13، مسند احمد: 246/6، والحميدي: 152/1، والطبراني فى الكبير: 405/2، والبيهقي: 101/1، رقم الحديث: 17448»
الشيخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ، فوائد و مسائل، صحیح ابن خزیمہ : 63
فوائد:
یہ احادیث دلیل ہیں کہ کھڑے ہو کر پیشاب کرنا جائز ہے، بشرطیکہ پیشاب کے چھینٹوں سے بچاؤ ممکن ہو۔ اس جواز کے باوجود بیٹھ کر پیشاب کرنا اولی و افضل ہے کیونکہ بیٹھ کر پیشاب کرنا آپ کا دائمی معمول تھا اور اس میں پیشاب کے چھینٹوں سے زیادہ بچاؤ ہے۔ پھر کھڑے ہو کر پیشاب کی ممانعت میں جتنی روایات وارد ہوئی ہیں وہ تمام ضعیف ہیں۔ ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ عمر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا: «رَانِي رَسُولُ اللهِ صلى الله عليه وسلم أبولُ قَائِمًا، فَقَالَ: يا عُمَرُ ا لا تَبُلْ قَائِمًا، فَمَا بُلْتُ قَائِمَا بَعْدُ»
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے کھڑے ہو کر پیشاب کرتے دیکھا تو فرمایا: عمر! ”کھڑے ہو کر پیشاب مت کرو۔“
پھر اس کے بعد میں نے کھڑے ہو کر کبھی پیشاب نہیں کیا۔ [بيهقي: 102/1، ابن ماجه: 308، الضعيفه: 934]
اسناده ضعیف، عبد الکریم بن ابو المخارق ضعیف راوی ہے۔ بلکہ بسند صحیح ثابت ہے کہ کہ عمر رضی اللہ عنہ نے بیان کیا: «مَا بُلْتُ قَائِمًا مُنْذُ أَسْلَمْتُ» ”اسلام قبول کرنے کے بعد میں نے کبھی کھڑے ہو کر پیشاب نہیں کیا۔“ [كشف الاستار: 56/1، اسناده صحيح]
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع، حدیث/صفحہ نمبر: 63