امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ ابن سیرین کی سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی روایت میں یہ الفاظ ہیں (جو اس مسئلہ کی دلیل ہیں)”نمازی اس گھڑی میں اللہ تعالیٰ سے خیر و برکت کی دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اُسے وہی عطا کر دیتا ہے۔“
سیدنا ابوبردہ بن اُبی موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے مجھ سے فرمایا، کیا تم نے اپنے والد گرامی کو جمعہ کی گھڑی کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کچھ فرماتے ہوئے سنا ہے؟ کہتے ہیں، میں نے جواب دیا کہ جی ہاں۔ میں نے اُنہیں فرماتے ہوئے سنا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ فرما رہے تھے: ”وہ گھڑی امام کے منبر پر بیٹھنے سے لیکر نمازمکمّل ہونے کے درمیانی عرصے میں ہے۔“