الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6749
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ تمام مخلوقات جن کو آسمان و زمین کے اندر پیدا کرنا تھا، ان کے بارے میں ہر قسم کی تفصیلات کہ ان کی بناوٹ، شکل و صورت، رنگ و روغن، ان کا مقصد، ان کا طریق کار اور ان کا عمل، جو اللہ کے علم ازلی میں پہلے سے معلوم تھیں، ان کو لکھ بھی دیا گیا اور ان کو طے اور مقرر بھی کر دیا گیا اور پچاس ہزار سے مراد ایک طویل عرصہ ہے اور عربی زبان میں کسی چیز کے طے کر دینے اور معین و مقرر کر دینے کے لیے بھی کتابت کا لفظ استعمال ہو جاتا، جیسا کہ اللہ کا فرمان ہے، كَتَبَ عَلَىٰ نَفْسِهِ الرَّحْمَةَ، اللہ نے اپنے بارے میں یہ طے فرمایا ہے کہ وہ مخلوق سے رحمت کا برتاؤ کرے گا، (حجۃ اللہ ج 1 ص 166) ۔ شاہ صاحب نے، كتب کا معنی مقرر کرنا کیا ہے اور بعض روایات میں كتب کی جگہ قدر کا لفظ بھی اس معنی کا قرینہ ہے اور اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا، اس وقت عرش اور پانی پیدا کیے جا چکے تھے اور اس سے مراد پچاس ہزار کی معینہ مدت بھی لی جا سکتی ہے کہ اگر ماہ و سال ہوتے تو اتنا عرصہ بنتا، کیونکہ ماہ و سال کا آغاز تو آسمان و زمین کی تخلیق کے بعد ہوا ہے۔