حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، کہا: محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "کیا میں تم کو یہ نہ بتاؤں کہ بدترین حرام کیا ہے؟ یہ چغلی ہے جو لوگوں کی زبان پر رواں ہو جاتی ہے۔" اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "انسان سچ بولتا رہتا ہے یہاں تک کہ (اللہ تعالیٰ کے ہاں) وہ صدیق لکھ دیا جاتا ہے اور جھوٹ بولتا رہتا ہے حتی کہ اس کو کذاب لکھ دیا جاتا ہے۔"
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"کیا میں تمھیں نہ بتاؤں کون سی چیز تعلق ختم کرنے والی اور انتہائی سنگین جھوٹ ہے؟ چغل خوری اور لوگوں کے درمیان لگائی بجھائی ہے،"اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"آدمی سچ بولتا ہے حتی کہ صدیق لکھ دیا جاتا ہے اور جھوٹ بولتا رہتا ہے حتی کہ کذاب (بہت جھوٹا) لکھ دیا جا تا ہے۔"
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6636
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: العضه: ٹکڑا، قطعہ، کیونکہ چغلی، لوگوں کو ایک دوسرے سے کاٹ دیتی ہے۔ العضه: جھوٹ، جادو، یہ بہت سنگین سخت حرام چیزالقالة بين الناس، لوگوں میں پھیل جانے والی بات۔ فوائد ومسائل: کسی کی ایسی بات دوسرے کو پہنچانا جو دوسرے آدمی کی بدگمانی اور ناراض کر کے باہمی تعلقات کو بگاڑ دے، انتہائی سنگین جرم اور گناہ عظیم ہے، کیونکہ اس سے باہمی بغض و عداوت اور مخالفت و منافرت جنم لیتی ہے، جبکہ شریعت تعلقات کی درستی و خوشگواری اور باہمی ہمدردی و خیرخواہی کے جذبات ابھارنا چاہتی ہے، علامہ زبیدی لنوعی نے لکھا ہے، اکسانے، بھڑکانے اور فساد ڈالنے کے لیے کسی کی بات کو پھیلانا نمیمہ ہے۔