سعید بن ابی ایوب نے کہا: مجھے عیاش بن عباس قتبانی نے ابو عبدالرحمٰن حبلی سے حدیث بیان کی، انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اللہ کی راہ میں قتل کیے جانے سے قرض کے سوا باقی تمام گناہ مٹا دیے جاتے ہیں۔"
حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ کی راہ میں قتل ہونا قرضہ کے سوا ہر چیز کا کفارہ بنتا ہے۔“
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 4884
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ شہادت سے قرضہ کے سوا تمام حقوق معاف ہو جاتے ہیں، جبکہ دوسری احادیث کی روشنی میں یہ ثابت ہوتا ہے کہ کبیرہ گناہ توبہ کے بغیر معاف نہیں ہوتے، الا یہ کہ اللہ تعالیٰ خود معاف فرما دے، جس طرح ایک انسان قرضہ، ادائیگی کی نیت سے لیتا ہے اور وہ ادائیگی کی کوشش بھی کرتا ہے اور اس کی نیت بھی یہی ہے کہ میں قرضہ ہر صورت میں ادا کرنا ہے، لیکن ادا نہیں کر سکتا، تو اللہ تعالیٰ قرض خواہ کو اپنی طرف سے اجر و ثواب دے کر راضی فرما دے گا اور مقروض کو معاف فرما دے گا۔