سیدنا معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بیشک آنکھیں دبر کا بندھن ہیں، پس جب آنکھیں سوجائیں تو (وہ) بندھن کھل جاتا ہے۔“ امام دارمی سے پوچھا گیا: آپ بھی یہی کہتے ہیں؟ فرمایا: نہیں، جب کھڑے کھڑے سو جائے تو وضو نہیں ٹوٹے گا۔
وضاحت: (تشریح احادیث 743 سے 745) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ نیند سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ دیگر احادیثِ صحیحہ سے وضاحت ہوتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم و صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین بیٹھے بیٹھے نماز کے انتظار میں سو جاتے اور پھر بنا وضو کئے فریضۂ نماز ادا کر لیتے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بیٹھے بیٹھے سو جانے سے وضو نہیں ٹوٹتا اور لیٹ کر گہری نیند سونے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ واللہ علم
تخریج الحدیث: «إسناده ضعيف، [مكتبه الشامله نمبر: 749]» اس حدیث کی سند ضعیف ہے، گرچہ بعض علماء نے اس حدیث کو متعدد طرق کی وجہ سے حسن قرار دیا ہے۔ حوالہ دیکھئے: [مسند أبى يعلی 7372]، [المعجم الكبير 272/19، 875]، [مشكل الآثار 355/4]، [البيهقي 931]، [حلية الأولياء 305/9]، [نيل الأوطار 241/1]