سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ کے کچھ فرشتے ہیں جو زمین پر پھرا کرتے ہیں اور میری امت کا سلام مجھ تک پہنچاتے ہیں۔“
وضاحت: (تشریح احادیث 2807 سے 2809) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود سے درود و سلام نہیں سنتے بلکہ فرشتے مقرر ہیں جو دنیا کے ہر کونے میں گھومتے رہتے ہیں اور جو بھی نماز میں کہتا ہے: «اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النِّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللّٰهِ وَ بَرَكَاتُهُ» تو اس کا سلام آپ صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچاتے ہیں۔ سمیع و علیم صفت صرف اللہ تعالیٰ کے لئے لائق و زیبا ہے، کسی بھی نبی یا ولی کو اس میں شریک کرنا کھلا ہوا شرک ہے۔ اللہ تعالیٰ سب کو سمجھنے کی توفیق بخشے، آمین۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2816]» اس حدیث کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [نسائي 1281]، [أبويعلی 5213]، [ابن حبان 914]، [موارد الظمآن 2392]