سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ(ایک روز) ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے تھے کہ سورۃ الجمعہ اتری، جب یہ آیت ”اور دوسروں کے لیے بھی ہے جو ابھی ان سے نہیں ملے .... ‘ نازل ہوئی تو میں نے کہا کہ یا رسول اللہ! یہ کون لوگ ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ جواب نہ دیا، یہاں تک کہ میں نے تین مرتبہ پوچھا اور ہمارے درمیان سیدنا سلمان فارسی رضی اللہ عنہ بھی موجود تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا ہاتھ مبارک ان کے سر پر رکھا اور فرمایا: ”اگر ایمان ثریا (ستارے) کے پاس بھی ہوتا (یعنی بہت ہی دور ہوتا) تو بھی ان (اہل فارس) میں سے ایک شخص یا کچھ لوگ (راوی کا شک) اس کو حاصل کر لیتے۔“