سیدنا جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم خندق کے دن (غزوہ خندق) زمین کھود رہے تھے کہ اتفاقاً ایک زمین سخت نکل آئی۔ سب نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے جا کر عرض کی یا رسول اللہ! ایک بہت سخت زمین خندق میں درپیش آ گئی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں خود آ کر اسے دور کر دیتا ہوں۔“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چلے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیٹ سے پتھر بندھے ہوئے تھے۔ تین روز تک ہم بھوکے پیاسے ہی رہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آ کر زمین پر کدال ماری۔ کدال مارتے ہی وہ زمین نرم ہو گئی۔