سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ میں ان لوگوں میں کھڑا تھا جو سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے لیے مغفرت کی دعا کر رہے تھے، ان کا جنازہ رکھا ہوا تھا۔ اتنے میں ایک شخص نے پیچھے سے اپنی کہنی میرے کندھے پر رکھی اور کہنے لگا کہ (اے عمر!) اللہ تجھ پر رحم کرے، مجھے یہی امید تھی کہ اللہ تمہیں تمہارے دونوں ساتھیوں (نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ) کے ساتھ ہی رکھے گا کیونکہ میں نے اکثر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ”(فلاں جگہ) میں تھا اور ابوبکر اور عمر رضی اللہ عنہ (بھی تھے)، میں نے یہ کیا اور ابوبکر اور عمر (رضی اللہ عنہ نے بھی کیا)، میں چلا اور ابوبکر اور عمر (رضی اللہ عنہ) بھی (ساتھ تھے)۔“ پس مجھے امید ہے کہ اللہ تمہیں ان کے ساتھ رکھے گا۔ (سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ) میں نے نگاہ پھیری تو (دیکھا کہ) یہ کہنے والے سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ تھے۔