سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ اشرفی کو اشرفی کے عوض اور درہم کو درہم کے بدلے (برابر برابر فروخت کرنا جائز ہے) ان سے کہا گیا کہ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما تو اس کے قائل نہیں (یعنی وہ تو کمی بیشی میں فروخت کرنے کے بھی قائل ہیں) تو سیدنا ابوسعید رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے پوچھا تھا کہ کیا تم نے اس کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے یا کتاب اللہ میں دیکھا ہے؟ تو سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے جواب دیا کہ میں ان دونوں میں سے کوئی بات نہیں کہتا اور تم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث مجھ سے زیادہ جانتے ہو۔ البتہ مجھے تو سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ نے یہ خبر دی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ”سود تو ادھار ہی میں ہے۔“