الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح البخاري
کتاب: خبر واحد کے بیان میں
The Book About The Information Given by One Person
4. بَابُ مَا كَانَ يَبْعَثُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنَ الأُمَرَاءِ وَالرُّسُلِ وَاحِدًا بَعْدَ وَاحِدٍ:
4. باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا عاملوں اور قاصدوں کو یکے بعد دیگرے بھیجنا۔
(4) Chapter. The Prophet (p.b.u.h.) used to send commanders and messengers one after another.
حدیث نمبر: Q7264
Save to word اعراب English
وقال ابن عباس بعث النبي صلى الله عليه وسلم دحية الكلبي بكتابه إلى عظيم بصرى ان يدفعه إلى قيصروَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ بَعَثَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ دِحْيَةَ الْكَلْبِيَّ بِكِتَابِهِ إِلَى عَظِيمِ بُصْرَى أَنْ يَدْفَعَهُ إِلَى قَيْصَر
ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دحیہ کلبی رضی اللہ عنہ کو اپنے خط کے ساتھ عظیم بصریٰ کے پاس بھیجا کہ وہ یہ خط قیصر شاہ روم تک پہنچا دے۔

حدیث نمبر: 7264
Save to word مکررات اعراب English
(مرفوع) حدثنا يحيى بن بكير، حدثني الليث، عن يونس، عن ابن شهاب، انه قال: اخبرني عبيد الله بن عبد الله بن عتبة، ان عبد الله بن عباس، اخبره، ان رسول الله صلى الله عليه وسلم" بعث بكتابه إلى كسرى، فامره ان يدفعه إلى عظيم البحرين يدفعه عظيم البحرين إلى كسرى، فلما قراه كسرى مزقه، فحسبت ان ابن المسيب، قال: فدعا عليهم رسول الله صلى الله عليه وسلم ان يمزقوا كل ممزق.(مرفوع) حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ، حَدَّثَنِي اللَّيْثُ، عَنْ يُونُسَ، عَنْ ابْنِ شِهَابٍ، أَنَّهُ قَالَ: أَخْبَرَنِي عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ، أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عَبَّاسٍ، أَخْبَرَهُ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ" بَعَثَ بِكِتَابِهِ إِلَى كِسْرَى، فَأَمَرَهُ أَنْ يَدْفَعَهُ إِلَى عَظِيمِ الْبَحْرَيْنِ يَدْفَعُهُ عَظِيمُ الْبَحْرَيْنِ إِلَى كِسْرَى، فَلَمَّا قَرَأَهُ كِسْرَى مَزَّقَهُ، فَحَسِبْتُ أَنَّ ابْنَ الْمُسَيَّبِ، قَالَ: فَدَعَا عَلَيْهِمْ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ يُمَزَّقُوا كُلَّ مُمَزَّقٍ.
ہم سے یحییٰ بن بکیر نے بیان کیا، انہوں نے کہا مجھ سے لیث بن سعد نے بیان کیا، ان سے یونس نے بیان کیا، ان سے ابن شہاب نے بیان کیا، انہیں عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے خبر دی، انہیں عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسریٰ پرویز شاہ ایران کو خط بھیجا اور قاصد عبداللہ بن حذافہ رضی اللہ عنہ کو حکم دیا کہ خط بحرین کے گورنر منذر بن ساوی کے حوالہ کریں وہ اسے کسریٰ تک پہنچائے گا۔ جب کسریٰ نے وہ خط پڑھا تو اسے پھاڑ دیا۔ مجھے یاد ہے کہ سعید بن المسیب نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے بددعا دی کہ اللہ انہیں بھی ٹکڑے ٹکڑے کر دے۔

Narrated `Abdullah bin `Abbas: Allah's Apostle sent a letter to Khosrau and told his messenger to give it first to the ruler of Bahrain, and tell him to deliver it to Khosrau. When Khosrau had read it, he tore it into pieces. (Az-Zuhri said: I think Ibn Al-Musaiyab said, "Allah's Apostle invoked Allah to tear them (Khosrau and his followers) into pieces."
USC-MSA web (English) Reference: Volume 9, Book 91, Number 369


   صحيح البخاري7264عبد الله بن عباسبعث بكتابه إلى كسرى فأمره أن يدفعه إلى عظيم البحرين يدفعه عظيم البحرين إلى كسرى فلما قرأه كسرى مزقه فحسبت أن ابن المسيب قال فدعا عليهم رسول الله أن يمزقوا كل ممزق
   صحيح البخاري2939عبد الله بن عباسبعث بكتابه إلى كسرى فأمره أن يدفعه إلى عظيم البحرين يدفعه عظيم البحرين إلى كسرى فلما قرأه كسرى حرقه فحسبت أن سعيد بن المسيب قال فدعا عليهم النبي أن يمزقوا كل ممزق
   صحيح البخاري2936عبد الله بن عباسإن توليت فإن عليك إثم الأريسيين
   صحيح البخاري64عبد الله بن عباسبعث بكتابه رجلا وأمره أن يدفعه إلى عظيم البحرين فدفعه عظيم البحرين إلى كسرى فلما قرأه مزقه فدعا عليهم رسول الله أن يمزقوا كل ممزق
   صحيح البخاري4424عبد الله بن عباسدعا عليهم رسول الله أن يمزقوا كل ممزق
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 7264 کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 7264  
حدیث حاشیہ:
ٹکڑے ٹکڑے کر دے‘ ان کی حکومت کا نام ونشان نہ رہے۔
ایسا ہی ہوا۔
ایران والوں کی سلطنت حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی خلافت میں بالکل نا بود ہو گئی اور پھر آج تک پارسیوں کو سلطنت نصیب نہیں ہوئی جہاں میں دوسروں کی رعیت ہیں۔
ان کی شہزادیاں تک قید ہو کر مسلمانوں کے تصرف میں آئیں۔
اس سے بڑھ کر اور کیا ذلت ہو گی مردود کسریٰ پرویز ایک چھوٹے سے ملک کا بادشاہ ہو کر یہ دماغ رکھتا تھا کہ پروردگار عالم کے محبوب کا خط جو آنکھوں پر رکھنا تھا اس نے حقیر جان کر پھاڑ ڈالا۔
اس کی سزا ملی۔
یہ دنیا کے (جاہل)
بادشاہ درحقیقت طاغوت ہیں۔
معلوم نہیں اپنے تئیں کیا سمجھتے ہیں کہو جیسے تم ویسے ہی خدا کی دوسری مخلوق تم میں کیا لعل لٹکتے ہیں جو ں جوں دنیا میں علم کی ترقی ہوتی جاتی ہے توں توں بادشاہوں کے ناک کے کیڑے جھڑتے جاتے ہیں اور آج کے زمانہ میں تو کوئی ان نام نہاد بادشاہوں کو ایک کوڑی برابر بھی نہیں پوچھتا ہے۔
عظمت اور عزت کا تو ذکر ہے۔
(آج سنہ1978ء)
کا دور تو بہت ہی عبرت انگیز ہے)
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 7264   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:7264  
حدیث حاشیہ:

شاہ یران کو خط پہنچانے کا یہی طریقہ تھا کہ اس کے مقرر کیے ہوئے گورنرکے ذریعے سے اسے پہنچایا جاتا۔
جب اس نے بد تمیزی کرتے ہوئے اس خط کو پھاڑا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر بددعا فرمائی اس کے نتیجے میں کوئی بھی کسریٰ باقی نہ رہا۔
آخری کسریٰ یزد گرتھا وہ بھی حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور حکومت میں قتل ہو گیا۔
اس طرح فارسیوں کی حکومت کا خاتمہ ہو اور وہ ہمیشہ کے لیے نیست ونابود اور ملیامیٹ ہو گئے۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے خبر واحدکی حجیت کو ثابت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس سلسلے میں صرف ایک آدمی کو روانہ کرتے تھے اور اس پر اعتماد کرتے تھے اس بنا پر خبر واحد حجت اور قابل یقین ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 7264   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 64  
´اہل ایران کے لیے بددعا`
«. . . فَدَعَا عَلَيْهِمْ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ يُمَزَّقُوا كُلَّ مُمَزَّقٍ . . .»
. . . رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اہل ایران کے لیے بددعا کی کہ وہ (بھی چاک شدہ خط کی طرح) ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں . . . [صحيح البخاري/كِتَاب الْإِيمَانِ: 64]
تشریح:
اللہ نے بہت جلد اپنے سچے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا کا اثر ظاہر کر دیا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 64   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2936  
2936. حضرت عبداللہ بن عباس ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے (شاہ روم) قیصر کو خط لکھا: اگرتو نے دعوت اسلام سے اعراض کیا تو عوام لوگوں کا گناہ بھی تیرے ذمہ ہوگا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2936]
حدیث حاشیہ:
یہ حدیث تفصیل کے ساتھ شروع کتاب میں گزر چکی ہے۔
اس خط میں آپ نے قرآن مجید کی آیت بھی لکھی تھی تو باب کا ترجمہ ثابت ہوگیا یعنی اہل کتاب کو قرآن سکھانا مگر یہ جب ہے کہ ان سے خیر کی امید ہو۔
اگر ان سے گستاخی اور بے ادبی کا خطرہ ہے تو ان کو قرآن شریف ہرگز ہرگز نہیں سکھانا چاہئے۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2936   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4424  
4424. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انہوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا خط حضرت عبداللہ بن حذافہ سہمی ؓ کے ذریعے سے کسرٰی بادشاہ کی طرف روانہ کیا اور انہیں حکم دیا کہ وہ یہ خط بحرین کے گورنر کو دیں اور بحرین کا گورنر یہ خط کسرٰی کو پہنچائے گا۔ کسرٰی نے جب آپ کا خط مبارک پڑھا تو اسے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔ راوی کے گمان کے مطابق امام ابن مسیب نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے اس پر بددعا کی کہ وہ بھی ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4424]
حدیث حاشیہ:
کسریٰ نے صرف یہی گستاخی نہیں کی بلکہ اپنے گورنر باذان کو لکھا کہ وہ مدینہ جا کر اس نبی سے ملیں اگر وہ دعویٰ نبوت سے توبہ کرے تو بہتر ہے ورنہ اس کا سر اتار کر میرے پاس حاضر کریں۔
چنانچہ باذان مدینہ آیا اور اس نے کسریٰ کا یہ فرمان سنایا۔
آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ تم کو معلوم ہونا چاہئیے کہ آج رات کو میرے رب تعالیٰ نے اسے اس کے بیٹے شیرویہ کے ہاتھ سے قتل کرا دیا ہے اور اب تمہاری حکومت پارہ پارہ ہو نے والی ہے۔
یہ واقعہ 7ھ میں بماہ جمادی الاول ہوا۔
چھ ماہ تک شیرویہ فارس کا بادشاہ رہا۔
ایک دن خزانے میں اس کو ایک دوا کی شیشی ملی جس پر قوت باہ کی دوا لکھا ہوا تھا۔
اس نے اسے کھایا اور ہلاک ہو گیا۔
اس کے بعد کسریٰ کی پوتی پوران نامی قومی حاکم ہوئی جو شیرویہ کی بیٹی تھی جس کے لیے آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ وہ قوم کیسے فلاح پا سکتی ہے جس پر عورت حاکم ہو۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4424   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 2939  
2939. حضرت عبداللہ بن عباس ؓسے روایت ہے، انھوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا (دعوتی) خط شاہ ایران کسریٰ کے پاس بھیجا۔ آپ نے قاصد کو حکم دیا کہ وہ اس خط کو بحرین کے گورنر کو پہنچا دے، پھر بحرین کا گورنر اسے کسریٰ کے دربار میں پہنچا دے گا۔ جب کسریٰ نے مکتوب پڑھا تو اسے ٹکڑے ٹکڑے کرڈالا۔ (راوی کہتا ہے کہ) میرے خیال کے مطابق حضرت سعید بن مسیب نے فرمایا: نبی کریم ﷺ نے ان (ایرانیوں) پر بددعا کی کہ وہ خود بھی پارہ پارہ ہوجائیں۔ (چنانچہ ایسا ہی ہوا۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:2939]
حدیث حاشیہ:
تواریخ میں مذکور ہے کہ فرزند کسریٰ جو ایک نوجوان عیاش قسم کا آدمی تھا اور وہ موقع کا انتظار کر رہا تھا کہ اپنے والد کسریٰ کو ختم کرکے جلد سے جلد تخت اور خزانوں کا مالک بن جائے۔
چنانچہ جب کسریٰ نے یہ حرکت کی اس کے بعد جلد ہی ایک رات کو اس کے لڑکے نے کسریٰ کے پیٹ پر چڑھ کر اس کے پیٹ کو چھرا گھونپ دیا اور اسے ختم کردیا۔
بعد میں وہ تخت و تاج کا مالک بنا تو اس نے خزانوں کا جائزہ لیتے ہوئے خزانے میں ایک دوا کی شیشی پائی جس پر قوت باہ کی دوا لکھا ہوا تھا۔
اس نے سوچا کہ والد صاحب اسی دوا کو کھا کھا کر آخر تک داد عیش دیتے رہے مجھ کو بھی دوا کھالینی چاہئے۔
درحقیقت اس شیشی میں سم الفار تھا اس نے اس کو کھایا اور فوراً ہی وہ بھی ختم ہوگیا۔
اس طرح اس کی سلطنت پارہ پارہ ہوگئی اور عہد فاروقی میں سارا ملک اسلامی قلم رو میں شامل ہوگیا اور اللہ کے سچے رسولﷺ کی دعا نے پورا پورا اثر دکھلایاﷺ۔
کرمانی وغیرہ میں ہے کہ اس کے لڑکے کا نام خیرویہ تھا جس نے اپنے باپ پرویز نامی کا پیٹ چاک کیا اور چھ ماہ بعد خود بھی وہ مذکورہ زہر کھا کر ہلاک ہوگیا۔
عہد فاروقی میں حضرت سعد بن ابی وقاص ؓکے ہاتھوں یہ ملک فتح ہوا۔
یہاں روایت میں یہی خسرو پرویز مراد ہے جو لقب کسریٰ سے یاد کیا گیا۔
(حاشیہ بخاری شریف‘ جلد:
اول، ص: 15)

   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 2939   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 64  
64. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا خط ایک شخص کے ہمراہ بھیجا اور اس سے فرمایا: یہ خط بحرین کے گورنر کو پہنچا دے۔ پھر حاکم بحرین نے اس کو کسریٰ تک پہنچا دیا۔ کسریٰ نے اسے پڑھ کر چاک کر دیا۔ راوی (ابن شہاب) نے کہا: میرا خیال ہے کہ ابن مسیب نے کہا: (اس واقعے کو سن کر) رسول اللہ ﷺ نے ان کے لیے بددعا کی کہ وہ ہر طرح ریزہ ریزہ کر دیے جائیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:64]
حدیث حاشیہ:
اللہ نے بہت جلد اپنے سچے رسول کی دعا کا اثر ظاہر کردیا۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 64   

  الشيخ محمد حسين ميمن حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 2936  
´مسلمان اہل کتاب کو دین کی بات بتلائے یا ان کو قرآن سکھائے؟`
«. . . أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، أَخْبَرَهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَتَبَ إِلَى قَيْصَرَ، وَقَالَ:" فَإِنْ تَوَلَّيْتَ، فَإِنَّ عَلَيْكَ إِثْمَ الْأَرِيسِيِّينَ . . .»
. . . عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (روم کے بادشاہ) قیصر کو (خط) لکھا جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی لکھا تھا کہ اگر تم نے (اسلام کی دعوت سے) منہ موڑا تو (اپنے گناہ کے ساتھ) ان کاشتکاروں کا بھی گناہ تم پر پڑے گا (جن پر تم حکمرانی کر رہے ہو)۔ [صحيح البخاري/كِتَاب الْجِهَادِ وَالسِّيَرِ: 2936]
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 2936 کا باب: «بَابُ هَلْ يُرْشِدُ الْمُسْلِمُ أَهْلَ الْكِتَابِ أَوْ يُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں اہل کتاب کو دین سکھانے اور قرآن کی تعلیم دینے پر جواز پیش فرمایا ہے، مگر دلیل کے طور پر ترجمۃ الباب سے حدیث کا تعلق نظر نہیں آتا، کیونکہ حدیث میں کسی آیت کے سکھانے کا کوئی جواز نظر نہیں آتا۔ ترجمۃ الباب سے امام بخاری رحمہ اللہ کا رحجان یہ نظر آتا ہے کہ اہل کتاب کو دین اور قرآن سکھایا جا سکتا ہے مگر حدیث میں ایسی کوئی صراحت موجود نہیں ہے۔
در اصل امام بخاری رحمہ اللہ نے اس جگہ پر اس حدیث کو مختصرا ذکر فرمایا ہے اور مکمل حدیث «باب دعا النبى صلى الله عليه وسلم إلى الاسلام والنبوة» میں ذکر فرمائی ہے جس میں واضح طور پر وضاحت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب قیصر کی طرف خط بھیجا تو اس میں قرآن مجید کی آیت درج کروائی تھی:
« ﴿قُلْ يَا أَهْلَ الْكِتَابِ تَعَالَوْا إِلَى كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ﴾ » [آل عمران: 64]
لہذا یہیں سے باب اور حدیث میں مناسبت ظاہر ہوتی ہے، مذکورہ بالا ترجمۃ الباب کے دو اجزاء ہیں، پہلے جزء کی مناسبت یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اسلام کی دعوت دی اور فرمایا: «فان توليت» کیونکہ یہ جملہ اور اس کا انداز بیان بتا دیتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں رشد کی طرف دعوت دے رہے ہیں، دوسرا جزء یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «فان عليك اثم الأريسينين.» یہ ذکر اور وعید ہے۔ ان دونوں کی مناسبت بھی ترجمۃ الباب سے واضح ہے۔
لہذا ترجمۃ الباب میں اس طرف اشارہ ہوا کہ مسلمانوں کو خصوصا مسلمان حکمرانوں پر یہ واجب ہے کہ وہ کافروں اور اہل کتاب پر دین اسلام کی دعوت پیش کریں۔
ابن بطال رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
اہل کتاب کی رہنمائی اور انہیں دین اسلام کی دعوت دینا مسلمان حاکموں پر واجب ہے، اور یہ ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ [شرح ابن بطال، ج 5، ص: 116]
فائدہ نمبر 1:
کافر جس کو قرآن کی تعلیم دینے کا حکم ہے۔
اس مسئلے میں ائمہ کا اختلاف رہا ہے کہ آیا کافروں کو قرآن کی تعلیم دی جا سکتی ہے کہ نہیں، بعض اہل علم کا رحجان اس طرف ہے کہ کافروں کو دعوت نہیں دی جا سکتی، اور بعض کا رحجان اس طرف ہے کہ اگر ان کا اسلام قبول کرنا ممکن ہو اور امید ہو تو جائز ہے۔
① امام مالک رحمہ اللہ کا رحجان اور ان کے دلائل:
امام مالک رحمہ اللہ مطلقا ناجائز قرار دیتے ہیں۔ (دیکھئے: [اكمال اكمال المعلم على شرح صحيح مسلم 5/216])
امام مالک رحمہ اللہ قرآن مجید کی اس آیت سے اپنے موقف کو ثابت کرتے ہیں: « ﴿إِنَّمَا الْمُشْرِكُونَ نَجَسٌ﴾ » [التوبة: 28] یعنی مشرکین ناپاک ہیں۔
امام مالک رحمہ اللہ کا استدلال اس حدیث سے بھی ہے، چنانچہ حدیث میں موجود ہے:
«نهى رسول الله صلى الله عليه وسلم ان يسافر بالقرآن إلى أرض العدو.» [صحيح مسلم، كتاب الإمارة، رقم: 4840]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دشمنوں کے ملک کی طرف قرآن مجید ساتھ لے کر سفر کرنے سے منع فرمایا ہے۔
اس بات کو بھی مد نظر رکھنا چاہئے کہ بعض مالکیہ بطور وعظ و نصیحت کے ایک یا دو آیات کے جواز کے قائل بھی ہیں۔ [اكمال الكمال المعلم: 5/216]
احناف کے دلائل:
احناف کا رحجان اس طرف ہے کہ کافر چاہے حربی ہو یا ذمی اسے قرآن وغیرہ سکھانے میں کوئی حرج نہیں، احناف نے اپنے موقف کے لئے یہ آیت پیش فرمائی ہیں:
« ﴿وَإِنْ أَحَدٌ مِنَ الْمُشْرِكِينَ اسْتَجَارَكَ فَأَجِرْهُ حَتَّى يَسْمَعَ كَلَامَ اللّٰهِ ثُمَّ أَبْلِغْهُ مَأْمَنَهُ ذَلِكَ بِأَنَّهُمْ قَوْمٌ لَا يَعْلَمُونَ﴾ » [التوبة: 6]
اگر کوئی مشرک آپ سے پناہ مانگے تو اسے پناہ دیں تاکہ وہ اللہ کا کلام سنے۔
احناف کی دلیل حدیث سے:
«مر النبى صلى الله عليه وسلم على عبدالله ابن أبى قبل أن يسلم وفي المجلس اخلاط من المسلمين و المشركين واليهود فقراء عليهم القرآن.» [عمدة القاري، ج 14، ص: 306]
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم عبداللہ بن ابی کے پاس سے گزرے ان کے اسلام لانے سے قبل اور اس مجلس میں مسلمان، مشرکین اور یہودی موجود تھے پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سب کو قرآن سنایا۔
امام شافعی رحمہ اللہ کا رحجان:
امام شافعی رحمہ اللہ سے دونوں طرح کے اقوال ثابت ہیں:
[اكمال اكمال المعلم و شرح على صحيح مسلم، 57، ص: 117 - فتح الباري، ج 6، ص: 133]
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کا رحجان:
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اسلام قبول کرنے کی شرط پر جائز قرار دیتے ہیں، چنانچہ ان کے نزدیک اگر اسلام قبول کرنے کی امید نہ ہو تو کفار کو قرآن کی تعلیم دینا جائز نہیں۔ [المغني لابن قدامة، ج 9، ص: 289]
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کا رحجان:
«والذي يظهر أن الراجح التفصيل بين من يرجى منه الرغبة فى الدين والدخول فيه . . .» [فتح الباري، ج 6، ص: 133]
میرے نزدیک جو بات ظاہر ہے وہ یہ ہے کہ جس شخص کے بارے میں یہ امید ہو کہ وہ اسلام میں داخل ہو جائے گا اور اس کی رغبت ہو اسلام کی طرف، یا کم سے کم اس سے نقصان کا خطرہ نہ ہو تو اسے قرآن سمجھانے میں کوئی حرج نہیں۔
مذکورہ بالا ائمہ کے دلائل کو دیکھا جائے اور ان پر غور کیا جائے تو یہی (Conditions) سامنے آتی ہیں جس کا ذکر حافظ صاحب نے فرمایا۔
ہرقل اور قیصر کی طرف جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خطوط بھیجے اس میں یہ امید تھی کہ کوئی نہ کوئی ایمان لے آئے گا اور کئی مواقع پر اس قسم کی نصرت الہی ظاہر ہوئی، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دشمن کے شہر یا ملک میں قرآن لے جانے سے منع فرمایا اسی وجہ سے کہ وہاں بےادبی اور گستاخی جیسے رویہ کا خطرہ موجود ہو، لہذا امام بخاری رحمہ اللہ کا میلان اور رحجان اس طرف ہے کہ کافروں کی راہنمائی کی جا سکتی ہے اور انہیں قرآن کی تعلیم بھی دی جاسکتی ہے۔
فائدہ نمبر 2:
مذکورہ بالا حدیث میں یہ الفاظ موجود ہیں: «أن رسول الله كتب . . .» کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے لکھا۔ یاد رہے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ان پڑھ تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم لکھنا اور پڑھنا نہیں جانتے تھے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
«أن النبى صلى الله عليه وسلم كتب إلى قيصر، و حديثه كتب إلى النجاشي، و حديثه كتب إلى كسرى، و حديث عبدالله بن عكيم كتب إلينا رسول الله صلى الله عليه وسلم، وغير هذه الأحاديث كلها محمولة على أمر الكاتب.» [تلخيص الحبير، ج 3، ص: 128]
یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے لکھا قیصر کی طرف، کسری کی طرف اور عبداللہ بن عکیم نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لکھا ہماری طرف، اس کے علاوہ اور بھی جتنی احادیث میں نبی کریم صلی اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے موجود ہے وہ سب احادیث اس امر پر محمول ہیں کہ لکھا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے (خود نہیں لکھا بلکہ) کاتبوں سے لکھوایا۔ [تلخيص الحبير لابن حجر عسقلاني، ج 3، ص: 128 - سير اعلام النبلاء للذهبي، ج 9، ص: 437] یا پھر راقم کی کتاب [تفهيم حديث، ج 1، ص: 73-80]
   عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول، حدیث/صفحہ نمبر: 415   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:64  
64. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا خط ایک شخص کے ہمراہ بھیجا اور اس سے فرمایا: یہ خط بحرین کے گورنر کو پہنچا دے۔ پھر حاکم بحرین نے اس کو کسریٰ تک پہنچا دیا۔ کسریٰ نے اسے پڑھ کر چاک کر دیا۔ راوی (ابن شہاب) نے کہا: میرا خیال ہے کہ ابن مسیب نے کہا: (اس واقعے کو سن کر) رسول اللہ ﷺ نے ان کے لیے بددعا کی کہ وہ ہر طرح ریزہ ریزہ کر دیے جائیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:64]
حدیث حاشیہ:

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اقسام تحمل حدیث بیان فرمانے کے لیے مختلف عنوان قائم کیے ہیں۔
یہ باب مناولہ اورمکاتبہ کے اثبات کے لیے ہے۔
اس حدیث سے مناولہ بایں طور پر ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےحضرت عبداللہ بن حذافہ سہمی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو مکتوب گرامی دیا اور فرمایا کہ یہ خط بحرین کے گورنرکوپہنچادیں اور اسے بتائیں کہ اسے ایران کے بادشاہ کسریٰ تک پہنچادے، حالانکہ حضرت عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے نہ خود مکتوب پڑھا اور نہ ہی سنا۔
یہ اگرچہ اصطلاحی مناولہ نہیں، تاہم امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کو اثبات کے لیے معمولی سی مناسبت بھی کافی ہوتی ہے۔
اور مکاتبہ کا انطباق تو بالکل ظاہر ہے۔
(فتح الباري: 205/1)
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ مصنف نے عنوان میں دوامور کا ذکر کیا تھا:
مناولہ اورمکاتبہ، پھر پیش کردہ حدیث سے عنوان کا دوسرا جز ثابت کیا جس سے جز اول کا ثبوت بطریق اولیٰ نکل آیا ہے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صلح حدیبیہ کے بعد شاہان عالم کے نام دعوتی خطوط روانہ فرمائے، حدیث میں مذکورہ خط بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
اس خط کو آپ نے حضرت عبداللہ بن حذافہ سہمی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے حوالے کیا تاکہ وہ بحرین کے گورنر کے ذریعے سے شاہ فارس کسریٰ کو پہنچادیں۔
یہ زمانہ خسرو پرویز کا تھا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بددعا حرف بحرف پوری ہوئی، چنانچہ خسرو پرویز کو اس کے بیٹے شیرویہ نے قتل کردیا اور وہ خود خطرناک زہر کھانے کے بعد ہلاک ہوگیا۔
اس کے بعد سلطنت کے معاملات اس کی بیٹی کے سپرد کیے گئے، وہ اس وسیع سلطنت کاانتظام نہ کرسکی، بالآخر طوائف الملوکی شروع ہوگئی اور سلطنت کانام ونشان تک مٹ گیا۔
(شرح الکرماني: 22/2)
اس حدیث سے اہل علم کی علمی باتوں کوتحریر کر کے دیگر ممالک ارسال کرنے کا ثبوت ملتا ہے نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ غیر مسلم حکومت سے اعلان جنگ سے پہلے اسے دین اسلام کی دعوت دی جائے، اگر وہ بے ادبی اورگستاخی کریں تو ان کے خلاف بددعا کی جائے۔
خبرواحد کی حجیت کا ثبوت بھی اس حدیث سے ملتا ہے۔
(شرح الکرماني: 22/2)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 64   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2936  
2936. حضرت عبداللہ بن عباس ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے (شاہ روم) قیصر کو خط لکھا: اگرتو نے دعوت اسلام سے اعراض کیا تو عوام لوگوں کا گناہ بھی تیرے ذمہ ہوگا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2936]
حدیث حاشیہ:
1رسول اللہ ﷺنے شاہ روم ہرقل کو دین اسلام کی دعوت دی اور اسے انجام بد سےخبردار کیا۔
اس طرح آپ نے اس کی دینی رہنمائی فرمائی۔
آپ نے اس خط میں قرآن مجید کی ایک آیت بھی لکھی تھی۔
اس سے ثابت ہوا کہ اہل کتاب کو قرآن کی تعلیم بھی دی جا سکتی ہے لیکن یہ اس وقت جائز ہو گا جب ان سے خیر کی امید ہو اور انھیں رغبت بھی ہو۔
اگر ان سے گستاخی اور بے ادبی کا اندیشہ ہو اور ان میں شوق اور رغبت بھی نہ ہو تو ایسی صورت میں انھیں قرآن مجید کی تعلیم نہیں دینی چاہیے۔
حضرت اسامہ بن زید ؓسے روایت ہے کہ ایک مرتبہ رسول اللہ ﷺ عبد اللہ ابن ابی منافق کے مسلمان ہونے سے پہلے اس کے پاس سے گزرے جبکہ اس کے ساتھ مجلس میں مسلمان مشرک اور اہل کتاب بیٹھے تھے تو رسول اللہ ﷺ نے ان پر قرآن پڑھا۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4566)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اہل کتاب کو قرآن کریم کی تعلیم دی جا سکتی ہے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2936   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2939  
2939. حضرت عبداللہ بن عباس ؓسے روایت ہے، انھوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا (دعوتی) خط شاہ ایران کسریٰ کے پاس بھیجا۔ آپ نے قاصد کو حکم دیا کہ وہ اس خط کو بحرین کے گورنر کو پہنچا دے، پھر بحرین کا گورنر اسے کسریٰ کے دربار میں پہنچا دے گا۔ جب کسریٰ نے مکتوب پڑھا تو اسے ٹکڑے ٹکڑے کرڈالا۔ (راوی کہتا ہے کہ) میرے خیال کے مطابق حضرت سعید بن مسیب نے فرمایا: نبی کریم ﷺ نے ان (ایرانیوں) پر بددعا کی کہ وہ خود بھی پارہ پارہ ہوجائیں۔ (چنانچہ ایسا ہی ہوا۔) [صحيح بخاري، حديث نمبر:2939]
حدیث حاشیہ:

بحرین کے گورنر کے پاس رسول اللہ ﷺ کا خط لے جانے والے حضرت عبد اللہ بن حذافہ سہمی ؓ تھے۔
کسریٰ کو خط پہنچانے کا طریقہ یہی تھا کہ پہلے اس کے گورنر دیا جائے،پھر وہ خود شاہ ایران کو پہنچائے جب کسریٰ نے رسول اللہ ﷺ کا خط پھاڑ دیا تو رسول اللہ ﷺ نے اس کے متعلق بددعا فرمائی کہ اس نے میرا خط نہیں پھاڑا بلکہ خود کو ٹکڑے ٹکڑے کیا ہے۔
چنانچہ وہ خود اور اس کی حکومت پاش پاش ہو گئی۔
آخر کار اہل فارس نے ایک عورت کو اپنا سر براہ بنایا تو رسول اللہ ﷺنے فرمایا:
وہ قوم کبھی کامیاب نہیں ہو گی جس نے حکومت کے معاملات عورت کے سپرد کر دیے۔
چنانچہ حضرت عمر فاروق ؓ کے دور میں ایران کا آتش کدہ بجھا کر وہاں اسلامی پرچم لہرادیا گیا۔

رسول اللہ ﷺنے پہلے اہل فارس کو دعوتی خط لکھا پھر ان سے جہاد کیا۔
امام بخاری ؒ کا موقف بھی یہی ہے کہ پہلے دعوت اسلام دی جائے۔
اگر غیر مسلم اسے قبول نہ کریں تو پھر ان سے جہاد و قتال کیا جائے جبکہ بعض کا خیال ہے کہ اب دعوت اسلام پھیل چکی ہے لہٰذا اب قتال ہی ہو گا۔
امام مالک ؒ فرماتے ہیں۔
جس کی رہائش دارالاسلام سے دور ہے اسے تو دعوت دی جائے لیکن قریب رہنے والے کو دعوت کی ضرورت نہیں۔
بہر حال جن لوگوں کو دعوت نہیں پہنچی ان کے ساتھ اس دعوت سے پہلے جنگ وقتال جائز نہیں جب تک انھیں دعوت دے کر اتمام حجت نہ کردی جائے۔
واللہ أعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2939   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4424  
4424. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انہوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنا خط حضرت عبداللہ بن حذافہ سہمی ؓ کے ذریعے سے کسرٰی بادشاہ کی طرف روانہ کیا اور انہیں حکم دیا کہ وہ یہ خط بحرین کے گورنر کو دیں اور بحرین کا گورنر یہ خط کسرٰی کو پہنچائے گا۔ کسرٰی نے جب آپ کا خط مبارک پڑھا تو اسے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔ راوی کے گمان کے مطابق امام ابن مسیب نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے اس پر بددعا کی کہ وہ بھی ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:4424]
حدیث حاشیہ:
فائدہ:
شاہ فارس کسری نے صرف خط پھاڑنے کی گستاخی نہیں کی بلکہ اپنے گورنر باذان کو لکھا کہ مدینہ طیبہ جا کر اس آدمی سے ملے اگر وہ دعوائے نبوت سے توبہ کر لے تو بہتر بصورت دیگر اس کا سر اتار کر میرے پاس حاضر کرے چنانچہ باذان مدینے آیا اور اس نے کسری کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
آج رات میرے رب نے اسے اس کے بیٹے شیرویہ کے ہاتھوں قتل کرا دیا ہے اور اب تمھاری حکومت پارہ پارہ ہونے والی ہےچنانچہ چھ ماہ تک اس کا بیٹا شرویہ فارس کا بادشاہ رہا پھر وہ بھی زہرکھا کر ہلاک ہو گیا۔
بالآخر حضرت عمر ؓ کے دور خلافت میں یہ سلطنت تباہ و برباد ہوگئی اور ہزار سالہ آتش کدہ ہمیشہ کے لیے بجھ گیا۔
(فتح الباري: 160/8)
رسول اللہ ﷺ نے مختلف بادشاہوں کی طرف دعوتی خطوط روانہ کیے جن کی تفصیل حسب ذیل ہے۔
۔
اسکندریہ کے بادشاہ مقوقس کی طرف حاطب بن ابی بلتعہ
۔
غسان کے بادشاہ حارث بن ابی شمر کی طرف شجاع بن وہب
حبشہ کے بادشاہ نجاشی کی طرف عمرو بن امیہ
روم کے بادشاہ قیصر کی طرف وحیہ کلبی
شاہ فارس کسری کی طرف عبد اللہ بن حذافہ۔
سلیط بن عمرو کو ہوزہ بن علی حنفی کی طرف روانہ کیا، نیز عمرو بن عاص ؓ کو جیفر اور عباد کی طرف بھیجا، تمام قاصد رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں واپس آگئے لیکن حضرت عمرو بن عاص ؓ آپ کی وفات کے بعد کے واپس آئے۔
(فتح الباري: 160/8)
اللہ کے رسول اللہ ﷺ کا خط جو ایرانی سپر پاور کے بادشاہ خسرو پرویز کو لکھا گیا۔
خط مبارک پھٹا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
اصل حالت میں آج بھی موجود ہے۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4424   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.