الحمدللہ! انگلش میں کتب الستہ سرچ کی سہولت کے ساتھ پیش کر دی گئی ہے۔

 
صحيح البخاري کل احادیث 7563 :حدیث نمبر
صحيح البخاري
کتاب: انصار کے مناقب
The Merits of Al-Ansar
26. بَابُ أَيَّامِ الْجَاهِلِيَّةِ:
26. باب: جاہلیت کے زمانے کا بیان۔
(26) Chapter. The days of Pre-Islamic Period of Ignorance.
حدیث نمبر: 3832
پی ڈی ایف بنائیں مکررات اعراب English
(مرفوع) حدثنا مسلم، حدثنا وهيب، حدثنا ابن طاوس، عن ابيه، عن ابن عباس رضي الله عنهما، قال:" كانوا يرون ان العمرة في اشهر الحج من الفجور في الارض , وكانوا يسمون المحرم صفرا، ويقولون: إذا برا الدبر وعفا الاثر حلت العمرة لمن اعتمر، قال: فقدم رسول الله صلى الله عليه وسلم واصحابه رابعة مهلين بالحج , وامرهم النبي صلى الله عليه وسلم ان يجعلوها عمرة، قالوا: يا رسول الله اي الحل، قال:" الحل كله".(مرفوع) حَدَّثَنَا مُسْلِمٌ، حَدَّثَنَا وُهَيْبٌ، حَدَّثَنَا ابْنُ طَاوُسٍ، عَنْ أَبِيهِ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، قَالَ:" كَانُوا يَرَوْنَ أَنَّ الْعُمْرَةَ فِي أَشْهُرِ الْحَجِّ مِنَ الْفُجُورِ فِي الْأَرْضِ , وَكَانُوا يُسَمُّونَ الْمُحَرَّمَ صَفَرًا، وَيَقُولُونَ: إِذَا بَرَا الدَّبَرْ وَعَفَا الْأَثَرْ حَلَّتِ الْعُمْرَةُ لِمَنِ اعْتَمَرْ، قَالَ: فَقَدِمَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَصْحَابُهُ رَابِعَةً مُهِلِّينَ بِالْحَجِّ , وَأَمَرَهُمُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ يَجْعَلُوهَا عُمْرَةً، قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ أَيُّ الْحِلِّ، قَالَ:" الْحِلُّ كُلُّهُ".
ہم سے مسلم بن ابراہیم نے بیان کیا، کہا ہم سے وہیب نے بیان کیا، کہا ہم سے عبداللہ بن طاؤس نے بیان کیا، ان سے ان کے والد نے اور ان سے عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ زمانہ جاہلیت میں لوگ حج کے مہینوں میں عمرہ کرنا بہت بڑا گناہ خیال کرتے تھے۔ وہ محرم کو صفر کہتے۔ ان کے ہاں یہ مثل تھی کہ اونٹ کی پیٹھ کا زخم جب اچھا ہونے لگے اور (حاجیوں کے) نشانات قدم مٹ چکیں تو اب عمرہ کرنے والوں کا عمرہ جائز ہوا۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اصحاب کے ساتھ ذی الحجہ کی چوتھی تاریخ کو حج کا احرام باندھے ہوئے (مکہ) تشریف لائے تو آپ نے صحابہ کو حکم دیا کہ اپنے حج کو عمرہ کر ڈالیں (طواف اور سعی کر کے احرام کھول دیں)۔ صحابہ نے عرض کیا: یا رسول اللہ! (اس عمرہ اور حج کے دوران میں) کیا چیزیں حلال ہوں گی؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تمام چیزیں! جو احرام کے نہ ہونے کی حالت میں حلال تھیں وہ سب حلال ہو جائیں گی۔

Narrated Ibn `Abbas: The people used to consider the performance of `Umra in the months of Hajj an evil deed on the earth, and they used to call the month of Muharram as Safar and used to say, "When (the wounds over) the backs (of the camels) have healed and the foot-marks (of the camels) have vanished (after coming from Hajj), then `Umra becomes legal for the one who wants to perform `Umra." Allah's Apostle and his companions reached Mecca assuming Ihram for Hajj on the fourth of Dhul-Hijja. The Prophet ordered his companions to perform `Umra (with that lhram instead of Hajj). They asked, "O Allah's Apostle! What kind of finishing of Ihram?" The Prophet said, "Finish the Ihram completely.'
USC-MSA web (English) Reference: Volume 5, Book 58, Number 173


   صحيح البخاري3832عبد الله بن عباسأمرهم النبي أن يجعلوها عمرة قالوا يا رسول الله أي الحل قال الحل كله
   صحيح البخاري1564عبد الله بن عباسأمرهم أن يجعلوها عمرة فتعاظم ذلك عندهم فقالوا يا رسول الله أي الحل قال حل كله
   صحيح البخاري1731عبد الله بن عباسأن يطوفوا بالبيت وبالصفا و المروة ثم يحلوا ويحلقوا أو يقصروا
   صحيح مسلم3010عبد الله بن عباسمن شاء أن يجعلها عمرة فليجعلها عمرة
   صحيح مسلم3007عبد الله بن عباسأهل النبي بعمرة وأهل أصحابه بحج لم يحل النبي ولا من ساق الهدي من أصحابه وحل بقيتهم فكان طلحة بن عبيد الله فيمن ساق الهدي فلم يحل
   صحيح مسلم3012عبد الله بن عباسيلبون بالحج فأمرهم أن يجعلوها عمرة
   صحيح مسلم3009عبد الله بن عباسأمرهم أن يجعلوها عمرة فتعاظم ذلك عندهم فقالوا يا رسول الله أي الحل قال الحل كله
   صحيح مسلم3013عبد الله بن عباسصلى رسول الله الصبح بذي طوى وقدم لأربع مضين من ذي الحجة وأمر أصحابه أن يحولوا إحرامهم بعمرة إلا من كان معه الهدي
   سنن أبي داود1804عبد الله بن عباسأهل النبي بعمرة وأهل أصحابه بحج
   سنن أبي داود1791عبد الله بن عباسأهل الرجل بالحج ثم قدم مكة فطاف بالبيت و بالصفا
   سنن أبي داود1792عبد الله بن عباسأهل النبي بالحج فلما قدم طاف بالبيت
   سنن النسائى الصغرى2816عبد الله بن عباسأهل رسول الله بالعمرة وأهل أصحابه بالحج وأمر من لم يكن معه الهدي أن يحل وكان فيمن لم يكن معه الهدي طلحة بن عبيد الله ورجل آخر فأحلا
   سنن النسائى الصغرى2815عبد الله بن عباسأمرهم أن يجعلوها عمرة فتعاظم ذلك عندهم فقالوا يا رسول الله أي الحل قال الحل كله
   سنن النسائى الصغرى2873عبد الله بن عباسأمرهم رسول الله أن يحلوا
   سنن النسائى الصغرى2737عبد الله بن عباسأنهاكم عن المتعة وإنها لفي كتاب الله ولقد فعلها رسول الله
   سنن النسائى الصغرى2874عبد الله بن عباسمن شاء أن يجعلها عمرة فليفعل
صحیح بخاری کی حدیث نمبر 3832 کے فوائد و مسائل
  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:3832  
حدیث حاشیہ:

حج کے احرام کے لیے مقرر ہ مہینے شوال، ذوالقعدہ اور ذوالحجہ کے پہلے نو دن ہیں۔
ان کے علاوہ دنوں میں عمرے کا احرام تو باندھا جا سکتا ہے لیکن حج کا احرام نہیں باندھا جا سکتا۔

دور جاہلیت میں لوگ حج کے مہینوں میں عمرے کا احرام باندھنا بہت بڑا گناہ سمجھتے تھے۔
رسول اللہ ﷺ نے اس رسم بد کو ختم کرنے کے لیے ان دنوں میں حج کے احرام کو عمرے کے احرام میں تبدیل کرنے کا حکم دیا۔

اہل جاہلیت کا طریقہ تھا کہ دوران حج میں استعمال ہونے والے اونٹوں کے زخم اچھے ہو جائیں تو پھر عمرہ کرنا چاہیے اور ان زخموں کے نشانات ماہ صفر گزر جانے کے بعد مٹتے تھے اس سے پہلے وہ عمرہ کرنے کو جائز نہیں سمجھتے تھے اس کے لیے مہینوں میں تقدیم و تاخیر بھی کرتے تھے اس ناروا زیادتی کو ختم کرنے کے لیے رسول اللہ ﷺ نے مذکورہ ہدایت فرمائی عمرے سے فراغت کے بعد فرمایا:
احرام کے باعث جو چیز یں تم پر حرام ہوئی تھی وہ سب حلال ہیں۔
مشرکین کی تردید کے لیے آپ نے ان دنوں عمرے کا احرام باندھنے کا حکم دیا۔

بہر حال دور جاہلیت کے جو کام قابل اصلاح تھے ان کی اصلاح کرنے کے بعد انھیں برقرار رکھا گیا۔
انھیں یکسرختم نہیں کیا البتہ جو کام اللہ سے بغاوت پر مبنی تھے انھیں یکسر ختم کردیا گیا مثلاً:
لڑکیوں کو زندہ درگور کرنا اور سود لینا دینا وغیرہ۔
واللہ اعلم۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3832   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 1804  
´حج قران کا بیان۔`
مسلم قری سے روایت ہے کہ انہوں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو کہتے سنا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے عمرہ کا تلبیہ پکارا اور آپ کے صحابہ کرام نے حج کا۔ [سنن ابي داود/كتاب المناسك /حدیث: 1804]
1804. اردو حاشیہ: حج قران کے لیے تلبیہ میں یہ جائز ہے کہ کسی وقت «لبیک بحجة» ‏‏‏‏ کہے۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1804   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2737  
´حج تمتع کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ میں نے عمر رضی اللہ عنہ کو کہتے ہوئے سنا: قسم اللہ کی! میں تمہیں متعہ سے یعنی حج میں عمرہ کرنے سے روک رہا ہوں، حالانکہ وہ کتاب اللہ میں موجود ہے، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کیا ہے۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2737]
اردو حاشہ:
یعنی حج سے پہلے عمرہ کرنا۔ یہ وضاحت اس لیے کی گئی کہ لفظ تمتع کے دوسرے معنیٰ عورتوں سے متعہ کرنا ہے اور وہ حرام ہے۔ کوئی شخص وہ معنیٰ مراد لے کر کہیں اسے جائز نہ سمجھ لے یا جواز کی نسبت حضرت عمر یا حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم کی طرف نہ کر دے جیسا کہ بعض لوگوں کو غلط فہمی ہوئی۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2737   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2815  
´جو شخص ہدی ساتھ نہ لے جائے وہ حج عمرہ میں تبدیل کر کے احرام کھول سکتا ہے۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ (زمانہ جاہلیت میں) لوگ حج کے مہینوں میں عمرہ کر لینے کو زمین میں ایک بہت بڑا گناہ تصور کرتے تھے، اور محرم (کے مہینے) کو صفر کا (مہینہ) بنا لیتے تھے، اور کہتے تھے: جب اونٹ کی پیٹھ کا زخم اچھا ہو جائے، اور اس کے بال بڑھ جائیں اور صفر کا مہینہ گزر جائے یا کہا صفر کا مہینہ آ جائے تو عمرہ کرنے والے کے لیے عمرہ حلال ہو گیا چنانچہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحا۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2815]
اردو حاشہ:
(1) سب سے بڑا گناہ ہے۔ ان کا خیال تھا کہ حج کے مہینوں میں صرف حج ہی کرنا چاہیے۔ عمرے کے لیے بعد میں الگ سے سفر کیا جائے تاکہ بیت اللہ سارا سال آباد رہے۔ چونکہ اس میں دور سے آنے والے لوگوں کے لیے تنگی تھی، لہٰذا شریعت نے دور سے آنے والوں کے لیے حج سے پہلے عمرے کی اجازت دے دی جبکہ امام شافعی رحمہ اللہ کے نزدیک اب بھی بہتر یہی ہے کہ حج کے دنوں میں حج ہی کیا جائے۔ عمرہ حج کے علاوہ باقی دنوں میں کیا جائے تاکہ بیت اللہ سارا سال آباد رہے۔ ویسے ان کے نزدیک تمتع بھی جائز ہے، البتہ افضل نہیں۔
(2) حج کے مہینوں سے مراد ہیں: شوال، ذوالقعدہ، ذوالحجہ کے پہلے 9 دن کیونکہ ان دنوں میں حج کا احرام باندھا جا سکتا ہے۔ بعض نے پورا ذوالحجہ بھی مراد لیا ہے کیونکہ اس کا نام ہی حج کا مہینہ ہے، لہٰذا ان کے نزدیک عمرہ ذوالحجہ کے بعد ہی ہونا چاہیے، الا یہ کہ کوئی مجبوری ہو جیسے حضرت عائشہؓ کو تھی۔
(3) محرم کو صفر ذوالقعدہ، ذوالحجہ اور محرم تین مہینے اکٹھے حرمت کے ہیں۔ جب کفار کو مسلسل تین مہینے حرمت کے گزارنے مشکل ہو جاتے تو وہ محرم کو صفر قرار دے لیتے۔ اپنی تنگی دور کرنے کے بعد صفر کو محرم قرار دے لیتے اور حرمت کی پابندیوں پر عمل کرتے تاکہ گنتی پوری ہو جائے، مگر یہ شریعت کے ساتھ مذاق ہے کہ اپنے آپ کو بدلنے کے بجائے شریعت کا حکم بدل دیا جائے۔ اسی لیے قران مجید نے اس کے بارے میں برے سخت الفاظ استعمال فرمائے ہیں: ﴿إِنَّمَا النَّسِيءُ زِيَادَةٌ فِي الْكُفْرِ﴾ (التوبة: 37) عربی میں اس فعل کونسی (تاخیر) کہا جاتا ہے۔
(4) زخم ٹھیک ہو جائیں۔ حج کے سفر کے دوران میں پالان لگ لگ کر پیٹھ پر زخم بن جاتے تھے۔ ان کا مطلب تھا کہ جب تک وہ زخم ٹھیک نہیں ہو جاتے، عمرے کا سفر شروع نہ کیا جائے۔
(5) اون اگ آئے پالانوں کی وجہ سے اون جھڑ جاتی تھی، نیز زخموں والی جگہ بھی اون سے خالی ہو جاتی تھی۔ مطلب یہ تھا کہ دوبارہ اچھی طرح اون اگ آئے، تب عمرے کا سفر شروع کیا جائے۔
(6) اور صفر گزر جائے۔ مراد محرم ہے کیونکہ وہ محرم کو صفر بنا لیتے تھے، لہٰذا دوسرا جملہ یا صفر شروع ہو جائے۔ اس کے خلاف نہیں ہے کیونکہ اس دوسرے جملے میں صفر سے حقیقی صفر مراد ہے، یعنی محرم گزر جائے اور صفر شروع ہو جائے تو پھر وہ عمرہ کرنے کے قائل تھے۔ (باقی مباحث پیچھے گزر چکے ہیں۔)
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2815   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2816  
´جو شخص ہدی ساتھ نہ لے جائے وہ حج عمرہ میں تبدیل کر کے احرام کھول سکتا ہے۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمرہ کا احرام باندھا اور آپ کے اصحاب نے حج کا، اور آپ نے جن کے ساتھ ہدی کے جانور نہیں تھے انہیں حکم دیا کہ وہ احرام کھول کر حلال ہو جائیں، تو جن کے ساتھ ہدی کے جانور نہیں تھے ان میں طلحہ بن عبیداللہ اور ایک اور شخص تھے، یہ دونوں احرام کھول کر حلال ہو گئے۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2816]
اردو حاشہ:
(1) عمرے کا احرام باندھا یہ الفاظ کثیر روایات کے خلاف ہیں جن میں آپ کے حج کے احرام کا ذکر ہے، اس لیے ان الفاظ کا وہی مفہوم مراد لیا جائے گا جو دیگر روایات کے مخالف نہ ہو کہ آپ نے عمرے کو حج کے احرام میں داخل فرما لیا اور دونوں کو ایک احرام سے ادا فرمایا۔
(2) وہ دونوں حلال ہوگئے ظاہر الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ شاید یہی دو اشخاص تھے جن کے پاس جانور نہیں تھے، لہٰذا صرف یہ دونوں حلال ہوئے، لیکن صورت حال اس سے یکسر مختلف ہے۔ قربانی ساتھ لے جانے والے چند افراد تھے۔ اکثر صحابہ قربانی کے جانور ساتھ نہیں لائے تھے بلکہ صحیح بخاری میں صراحت ہے کہ حضرت طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ تو قربانی کے جانور ساتھ لائے تھے اور وہ حلال نہیں ہوئے۔ دیکھیے: (صحیح البخاري، الحج، حدیث: 1651) اور یہی بات صحیح ہے۔ اس روایت میں وہم ہے۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو: (ذخیرة العقبیٰ شرح سنن النسائي: 24/ 349- 350)
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2816   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث2873  
´رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم کے مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کے وقت کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب چار ذی الحجہ کی صبح کو حج کا تلبیہ پکارتے ہوئے مکہ آئے، تو آپ نے انہیں حکم دیا کہ (عمرہ کر کے) احرام کھول ڈالیں۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2873]
اردو حاشہ:
تفصیل کے لیے دیکھیے، حدیث: 2805۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2873   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 3009  
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ (جاہلیت کے دور میں) لوگ حج کے مہینوں میں عمرہ کرنا زمین میں سب سے بڑی برائی سمجھتے تھے، اور وہ محرم کے مہینہ کو صفر قرار دیتے اور کہتے تھے، جب اونٹوں کی پشتوں کے زخم ٹھیک ہو جائیں، اور نقش قدم مٹ جائیں یا زخموں کے نشان مٹ جائیں اور ماہ صفر گزر جائے تو عمرہ کرنے والوں کے لیے عمرہ حلال ہو جاتا ہے، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھی چار ذوالحجہ کی صبح (مکہ مکرمہ) پہنچے اور... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:3009]
حدیث حاشیہ:
مفردات الحدیث:
(1)
بَرَا الدَّبَر:
سفر میں اونٹوں کی پشتوں پر سازوسامان لادنے سے،
ان کی پشتیں چھل جاتی ہیں،
سفر سے واپسی کے بعد کچھ عرصہ آرام ملنے سے وہ زخم مندمل ہو جاتے ہیں۔
(2)
عَفَا الاَثَرَ:
لوگوں اور سواریوں کی آمدورفت سے راستہ پر نشان قدم پڑجاتے ہیں،
اور جب آمد و رفت بند ہو جائے،
تو یہ نقش مٹ جاتے ہیں،
ایک ماہ کا عرصہ گزرنے پر دونوں کام حاصل ہو جاتے ہیں یا مطلب یہ ہےکہ زخم درست ہونے کے بعد ان کے نشان بھی مٹ جاتے ہیں۔
(3)
تَعَاظَم:
انتہائی ناگواری اور گرانی پیدا ہو گئی،
کیونکہ یہ لوگ حج سے پہلے عمرہ کے عادی نہ تھے،
بلکہ اس کو جرم وگناہ تصور کرتے تھے،
اس سے پہلے ذوالقعدہ میں عمرے کیے گئے ہیں،
لیکن ان کے بعد حج نہیں کیا گیا،
اس لیے وہاں ناگواری پیدا نہ ہوئی اور نہ ہی رسم جاہلیت پر زد پڑی۔
فوائد ومسائل:
عرب لوگ جنگ وجدال اور لوٹ مار کے عادی تھے اس لیے مسلسل تین ماہ قتل و غارت اور لوٹ مارسے رکے رہنا ان کے لیے بہت مشکل تھا اس لیے انھوں نے اس کا حل یہ نکالا کہ حج سے فراغت کے بعد اس کام کو شروع کرنے کے لیے انھوں نے محرم کوصفر بنا ڈالا اور اس میں لوٹ مار کی عادت پوری کر لی۔
اس کے بعد والے مہینہ کو محرم بنا ڈالا اور اس میں عمرہ کر لیتے قرآن مجید نے اس رسم کو نسی کا نام دیا ہے اور اس کو کافرانہ فعل قرار دیا ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 3009   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1564  
1564. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا: لوگ سمجھتے تھے کہ حج کے زمانے میں عمرہ کرنا اس زمین پر بدترین گناہ ہے۔ اور وہ (اپنی طرف سے) ماہ محرم کو صفر بنا لیتے اور کہتے کہ جب اونٹ کی پیٹھ کازخم اچھاہوکر اس کا نشان مٹ جائے اورصفر گزر جائے تو اس وقت عمرہ حلال ہے اس شخص کے لیے جو عمرہ کرنا چاہے۔ جب رسول اللہ ﷺ آپ کے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین چار ذوالحجہ کی صبح کو حج کا احرام باندھے ہوئے مکہ پہنچے تو آپ نے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کو حکم دیا کہ وہ اس حرام کو ختم کرکے اس کے بجائے عمرے کا احرام باندھ لیں۔ یہ بات ان پر بہت گراں گزری اور کہنے لگے: اللہ کے رسول ﷺ!عمرہ کرکے ہمارے لیے کیا چیز حلال ہوگی؟آپ نے فرمایا: سب چیزیں حلال ہوں گی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1564]
حدیث حاشیہ:
ہر آدمی کے دل میں قدیمی رسم ورواج کا بڑا اثر رہتا ہے۔
جاہلیت کے زمانہ سے ان کا یہ اعتقاد چلا آتا تھا کہ حج کے دنوں میں عمرہ کرنا بڑا گناہ ہے، اسی وجہ سے آپ کا یہ حکم ان پر گراں گزرا۔
ایمان افروز تقریر! حدیث ہذا کے ذیل حضرت مولانا وحید الزمان صاحب مرحوم نے ایک ایمان افروز تقریر حوالہ قرطاس فرمائی ہے جو اہل بصیرت کے مطالعہ کے قابل ہے۔
صحابہ کرام نے کہا یا رسول اللہ أي الحل قال حل کله یعنی یا رسول اللہ! عمرہ کرکے ہم کو کیا چیز حلال ہوگی۔
آپ نے فرمایا سب چیزیں یعنی جتنی چیزیں احرام میں منع تھیں وہ سب درست ہوجائیں گی۔
انہوں نے یہ خیال کیا کہ شاید عورتوں سے جماع درست نہ ہو۔
جیسے رمی اور حلق اور قربانی کے بعد سب چیزیں درست ہوجاتی ہیں لیکن جماع درست نہیں ہوتا جب تک طواف الزیارۃ نہ کرے تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ نہیں عورتیں بھی درست ہوجائیں گی۔
دوسری روایت میں ہے کہ بعضے صحابہ کو اس میں تامل ہوا اور ان میں سے بعضوں نے یہ بھی کہا کہ کیا ہم حج کو اس حال میں جائیں کہ ہمارے ذکر سے منی ٹپک رہی ہو۔
آنحضرت ﷺ کو ان کا یہ حال دیکھ کر سخت ملال ہوا کہ میں حکم دیتا ہوں اور یہ اس کی تعمیل میں تامل کرتے ہیں اور چہ میگوئیاں نکالتے ہیں۔
لیکن جو صحابہ قوی الایمان تھے انہوں نے فوراً آنحضرت ﷺ کے ارشاد پر عمل کیا اور عمرہ کرکے احرام کھول ڈالا۔
پیغمبر ﷺ جو کچھ حکم دیں وہیں اللہ کا حکم ہے اور یہ ساری محنت اور مشقت اٹھانے سے غرض کیا ہے۔
اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی۔
عمرہ کرکے احرام کھول ڈالنا تو کیا چیز ہے۔
آپ جو بھی حکم فرمائیں اس کی تعمیل ہمارے لیے عین سعادت ہے۔
جو حکم آپ دیں اسی میں اللہ کی مرضی ہے گو سارا زمانہ اس کے خلاف بکتا رہے۔
ان کا قول اور خیال ان کو مبارک رہے۔
ہم کو مرتے ہی اپنے پیغمبر ﷺ کے ساتھ رہنا ہے۔
اگر بالفرض دوسرے مجتہد یا امام یا پیرومرشد درویش قطب پیغمبر ؑ کی پیروی کرنے میں ہم سے خفا ہوجائیں تو ہم کو ان کی خفگی کی ذرا بھی پرواہ نہیں ہے۔
ہم کو قیامت میں ہمارے پیغمبر کا سایہ عاطفت بس کرتا ہے۔
سارے ولی اور درویش اور غوث اور قطب اور مجتہد اور امام اس بارگاہ کے ایک ادنیٰ کفش بردار ہیں۔
کفش برداروں کو راضی رکھیں یا اپنے سردار کو اللهم صل علی محمد وعلی آل محمد وعلی أصحابه وارزقنا شفاعته یوم القیامة واحشرنا في زمرة أتباعه وثبتنا علی متابعته والعمل بسنته امین۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1564   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 1731  
1731. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ جب نبی ﷺ مکہ معظمہ تشریف لائے تو اپنے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کو حکم دیا کہ وہ بیت اللہ کا طواف اور صفا ومروہ کی سعی کریں، پھر احرام کھول دیں، اس کے بعد بال منڈوائیں یا چھوٹے کروائیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1731]
حدیث حاشیہ:
آپ ﷺ نے ہر دو کے لیے اختیار دیا جس کا مطلب یہ ہے کہ دونوں امور جائز ہیں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 1731   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1564  
1564. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا: لوگ سمجھتے تھے کہ حج کے زمانے میں عمرہ کرنا اس زمین پر بدترین گناہ ہے۔ اور وہ (اپنی طرف سے) ماہ محرم کو صفر بنا لیتے اور کہتے کہ جب اونٹ کی پیٹھ کازخم اچھاہوکر اس کا نشان مٹ جائے اورصفر گزر جائے تو اس وقت عمرہ حلال ہے اس شخص کے لیے جو عمرہ کرنا چاہے۔ جب رسول اللہ ﷺ آپ کے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین چار ذوالحجہ کی صبح کو حج کا احرام باندھے ہوئے مکہ پہنچے تو آپ نے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کو حکم دیا کہ وہ اس حرام کو ختم کرکے اس کے بجائے عمرے کا احرام باندھ لیں۔ یہ بات ان پر بہت گراں گزری اور کہنے لگے: اللہ کے رسول ﷺ!عمرہ کرکے ہمارے لیے کیا چیز حلال ہوگی؟آپ نے فرمایا: سب چیزیں حلال ہوں گی۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1564]
حدیث حاشیہ:
(1)
دورِ جاہلیت میں جنگل کا قانون رائج تھا۔
ہر طرف تحکم اور سینہ زوری تھی۔
اپنی مرضی کو قانون کا درجہ دے لیتے تھے۔
ان کالے قوانین میں ایک قانون یہ تھا کہ وہ حج کے مہینوں میں عمرہ کرنے کو بدترین گناہ خیال کرتے تھے، پھر اپنی مرضی سے مہینوں کو آگے پیچھے بھی کرتے، مثلا:
محرم کو صفر قرار دے کر اس میں لوٹ مار کا بازار گرم کرتے۔
حضرت ابن عباس ؓ نے دور جاہلیت کی اندھیر نگری کو آغاز حدیث میں بیان کیا ہے۔
وہ کہتے تھے کہ حج کے بعد عمرہ کرنے کے لیے اتنا وقفہ ہونا چاہیے کہ حج پر کٹے ہوئے اونٹوں کے زخم درست ہو جائیں اور زخموں كے نشانات مٹ کر ان پر اون وغیرہ آ جائے اور صفر کا مہینہ گزر جائے۔
رسول اللہ ﷺ نے حضرت عائشہ ؓ کو اسی عقیدے کی تردید کے لیے ماہ ذوالحجہ میں عمرہ کرایا تھا، چنانچہ حضرت ابن عباس ؓ فرماتے ہیں:
اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے حضرت عائشہ ؓ کو ماہ ذوالحجہ میں عمرہ کرنے کا حکم اس لیے دیا تھا کہ قریش اور ان کے مسلک پر چلنے والوں کے اس عقیدے کی تردید ہو کہ اس مہینے میں عمرہ کرنا گناہ ہے۔
(صحیح ابن حبان: 31/7) (2)
اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ رسول اللہ ؓ نے صحابہ کرام ؓ کو حج کا احرام عمرے میں تبدیل کرنے کا حکم دیا۔
اس سے مقصود بھی دور جاہلیت میں رائج اعتقاد فاسد کی تردید تھا۔
چونکہ حج میں دو قسم کی حلت تھی:
ایک حلت صغریٰ کہ دسویں تاریخ کو رمی کرنے کے بعد آدمی محدود پیمانے پر احرام کی پابندیوں سے آزاد ہو جاتا تھا، یعنی بیوی سے جماع کے علاوہ ہر قسم کی پابندی سے آزاد ہو جاتا، دوسری حلت کبریٰ، طواف افاضہ کرنے کے بعد حاصل ہوتی کہ اس میں بیوی سے جماع بھی کیا جا سکتا تھا۔
جب رسول اللہﷺ نے صحابہ کرام کو حج کا احرام ختم کر کے عمرے کا احرام باندھنے کے متعلق حکم دیا تو انہوں نے سوال کیا کہ عمرے سے فراغت کے بعد کس قسم کی حلت سے واسطہ پڑے گا؟ آپ نے وضاحت فرمائی کہ فراغت کے بعد تمہارے لیے ہر چیز حلال ہو گئی حتی کہ تم اپنی بیویوں سے جماع بھی کر سکو گے۔
چونکہ صحابہ کرام ؓ حج کے مہینوں میں عمرہ کرنے سے مانوس نہ تھے، اس لیے انہیں وقتی طور پر یہ بات بہت گراں محسوس ہوئی۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1564   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:1731  
1731. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ جب نبی ﷺ مکہ معظمہ تشریف لائے تو اپنے صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین کو حکم دیا کہ وہ بیت اللہ کا طواف اور صفا ومروہ کی سعی کریں، پھر احرام کھول دیں، اس کے بعد بال منڈوائیں یا چھوٹے کروائیں۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:1731]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ انسان کو اختیار ہے، خواہ حلق کرے یا قصر لیکن اس میں تفصیل ہے:
اگر حج سے اتنا عرصہ پہلے عمرہ کیا کہ حج کے وقت دسویں تاریخ کو بال دوبارہ اُگ آئیں تو اس کے لیے حلق بہتر ہے۔
اگر بال اُگنے کا امکان نہ ہو تو بال چھوٹے کرا دے تاکہ حج کا موقع پر دسویں تاریخ کو حلق ہو سکے۔
(فتح الباري: 715/3)
واللہ أعلم۔
(2)
اس بات پر اتفاق ہے کہ حج اور عمرے میں بال چھوٹے کرانا بھی جائز ہے اور ایسا کرنے میں کوئی گناہ نہیں ہو گا۔
ابن منذر نے حسن بصری ؒ سے نقل کیا ہے کہ جس نے پہلی دفعہ حج کیا ہو اس کے لیے حلق ضروری ہے، بال چھوٹے کرانے سے کام نہیں چلے گا لیکن ابن منذر کی مذکورہ بات محل نظر ہے کیونکہ مصنف ابن ابی شیبہ میں ہے کہ حسن بصری ؒ نے فرمایا:
جس نے پہلے حج نہ کیا ہو اسے اختیار ہے چاہے بال منڈوائے یا قصر کرے۔
(عمدةالقاري: 345/7)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 1731   


http://islamicurdubooks.com/ 2005-2023 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to www.islamicurdubooks.com will be appreciated.