مختصر صحيح مسلم کل احادیث 2179 :حدیث نمبر
مختصر صحيح مسلم
(پانی، شراب وغیرہ) پینے کے مسائل
9. دباء اور مزفت (برتنوں) میں نبیذ بنانے کی ممانعت۔
حدیث نمبر: 1272
Save to word مکررات اعراب
زاذان سے روایت ہے، کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے کہا کہ مجھے پینے کی چیزوں میں سے ان چیزوں کے متعلق بتائیے جن سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے۔ اپنی لغت میں بتا کر پھر اس کی ہماری لغت میں وضاحت کر دیجئیے کیونکہ آپ کی زبان ہماری زبان سے ذرا ہٹ کر ہے، تو انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم حنتم یعنی ٹھلیا سے، دباء (کدو کا برتن) مزفت یعنی روغنی برتن اور نقیر یعنی کھجور کی لکڑی کو کرید کر بنائے جانے والے برتنوں (میں نبیذ بنانے) سے منع فرمایا ہے۔ اور اس بات کا حکم دیا کہ نبیذ مشکوں میں بنایا جائے۔
10. پتھر کے گھڑے میں نبیذ بنانے کی اجازت۔
حدیث نمبر: 1273
Save to word مکررات اعراب
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے نبیذ ایک مشک میں بنایا جاتا تھا اور جب مشک نہ ملتی تو پتھر کے گھڑے میں بناتے۔ بعض نے کہا کہ میں نے ابوالزبیر سے سنا وہ کہتے تھے کہ گھڑا برام یعنی پتھر کا تھا۔
11. ہر قسم کے برتنوں میں نبیذ بنانے کی رخصت اور ہر نشے والی چیز پینے کی ممانعت۔
حدیث نمبر: 1274
Save to word مکررات اعراب
سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نے تمہیں برتنوں سے منع کیا تھا، لیکن برتنوں سے کوئی چیز حلال یا حرام نہیں ہوتی اور ہر نشہ کرنے والی چیز حرام ہے۔
12. مٹکے کو استعمال کرنے کی رخصت سوائے روغنی مٹکے کے۔
حدیث نمبر: 1275
Save to word مکررات اعراب
سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ برتنوں میں نبیذ بنانے سے منع فرمایا تو صحابہ کرام نے عرض کیا کہ تمام لوگوں کو وہ برتن میسر نہیں ہو سکتے جن میں نبیذ بنانے کی اجازت ہے، چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سوائے مزفت یعنی روغنی مٹکے کے باقی تمام برتنوں میں نبیذ بنانے کی اجازت دے دی۔
13. نبیذ استعمال کرنے کی میعاد۔
حدیث نمبر: 1276
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے اول رات میں نبیذ بھگو دیتے آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کو صبح کو پیتے، پھر دوسری رات کو، پھر صبح کو، پھر تیسری رات کو، پھر صبح سے عصر تک۔ اس کے بعد جو بچتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم خادم کو پلا دیتے یا حکم دیتے وہ بہا دیا جاتا۔
حدیث نمبر: 1277
Save to word مکررات اعراب
ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ایک مشک میں نبیذ بھگوتے اور گانٹھ لگا دیتے۔ اس میں سوراخ تھا۔ صبح کو ہم بھگوتے اور رات کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم پیتے اور رات کو بھگوتے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کو پیتے۔
14. شراب سے سرکہ بنانے کے متعلق۔
حدیث نمبر: 1278
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے شراب سے سرکہ بنانے کے متعلق پوچھا گیا؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ نہیں۔
15. شراب سے دوا کرنا۔
حدیث نمبر: 1279
Save to word مکررات اعراب
وائل حضرمی سے روایت ہے کہ طارق بن سوید جعفی رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے شراب کے بارے میں پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے بنانے سے منع کیا (یا ناپسند کیا)۔ وہ بولا کہ میں دوا کے لئے بناتا ہوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ نہیں وہ دوا نہیں بلکہ بیماری ہے۔
16. برتن کو ڈھانپنے کے متعلق۔
حدیث نمبر: 1280
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابو حمید ساعدی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک پیالہ دودھ کا (مقام) نقیع سے لایا، جو ڈھانپا ہوا نہ تھا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تو نے اس کو ڈھانپا کیوں نہیں؟ (اگر ڈھانپنے کو کچھ نہ تھا تو) ایک آڑی لکڑی ہی اس پر رکھ لیتا۔ ابوحمید (راوی حدیث) کہتے ہیں کہ ہمیں رات کے وقت مشکیزوں کو باندھنے اور دروازے بند کرنے کا حکم فرمایا۔
17. برتن کو ڈھانپو اور مشک کا منہ بند کرو۔
حدیث نمبر: 1281
Save to word مکررات اعراب
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب رات ہو جائے یا فرمایا کہ تم شام کرو تو اپنے بچوں کو (گھروں میں) روک لو کیونکہ اس وقت شیطان پھیل جاتے ہیں۔ پھر جب کچھ رات گذر جائے تو بچوں کو چھوڑ دو اور اللہ کا نام لے دروازے بند کر دو کیونکہ شیطان بند دروازے نہیں کھولتا۔ اور اللہ کا نام لے کر اپنے مشکیزوں کا بندھن باندھ دو اور اپنے برتنوں کو ڈھانک لو اللہ کا نام لے کر۔ (اگر برتن ڈھانکنے کے لئے اور کچھ نہ ملے سوا اس کہ) ان برتنوں کے اوپر کوئی چیز چوڑائی میں رکھو (تو وہی رکھ دو) اور اپنے چراغوں کو بجھا دو۔

Previous    1    2    3    4    Next    

https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.