مختصر صحيح مسلم کل احادیث 2179 :حدیث نمبر
مختصر صحيح مسلم
خریدوفروخت کے مسائل
18. بیع مصراۃ کی ممانعت کا بیان۔ مصرات سے مراد دودھ والا جانور ہے جس کا دودھ کچھ وقت تک روک لیا گیا ہو تاکہ دودھ زیادہ نظر آئے۔
حدیث نمبر: 928
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص دودھ چڑھی ہوئی بکری خریدے تو اس کو تین روز تک اختیار ہے چاہے تو اس کو رکھ لے یا واپس کر دے اور اس کے ساتھ کھجور کا ایک صاع بھی دے۔
19. جس کا کھانا حرام ہے اس کی بیع حرام ہے۔
حدیث نمبر: 929
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کو خبر پہنچی کہ سیدنا سمرہ رضی اللہ عنہ نے شراب بیچی ہے تو انہوں نے کہا سمرہ رضی اللہ عنہ پر اللہ کی مار! کیا اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کا علم نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے یہودیوں پر لعنت کی (اس وجہ سے کہ) ان پر چربی کا کھانا حرام ہوا تو انہوں نے اسے پگھلایا اور بیچ دیا۔
20. شراب کی بیع حرام ہے۔
حدیث نمبر: 930
Save to word مکررات اعراب
عبدالرحمن بن وعلہ السب (جو مصر کے رہنے والے تھے) سے روایت ہے کہ انہوں نے سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے انگور کے شیرہ کے بارے میں پوچھا تو سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا کہ ایک شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے شراب کی ایک مشک تحفہ میں لایا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تجھے معلوم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو حرام کر دیا ہے تو اس نے کہا کہ نہیں۔ تب اس نے دوسرے سے کان میں بات کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تو نے کیا بات کی؟ اس نے کہا کہ میں نے اس کو بیچنے کا کہا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس (اللہ) نے اس کا پینا حرام کیا ہے اس نے اس کا بیچنا بھی حرام کر دیا ہے۔ (یہ سن کر) اس شخص نے مشک کا منہ کھول دیا اور اس میں جو کچھ تھا سب بہہ گیا۔
21. مردار، بتوں اور خنزیروں کی بیع حرام ہے۔
حدیث نمبر: 931
Save to word مکررات اعراب
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جس سال مکہ فتح ہوا، انہوں نے مکہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول نے شراب، مردار، سور اور بتوں کی بیع کو حرام کر دیا ہے۔ لوگوں نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! مردار کی چربی کا کیا حکم ہے؟ کیونکہ یہ کشتیوں میں لگائی جاتی ہے اور کھالوں میں ملی جاتی ہے اور لوگ اس سے روشنی کرتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نہیں وہ حرام ہے۔ پھر اسی وقت فرمایا کہ اللہ تعالیٰ یہود کو تباہ کرے کہ جب اللہ تعالیٰ نے ان پر چربی کو حرام کیا (یعنی اس کا کھانا) تو انہوں نے اس کو پگھلایا پھر بیچ کر اس کی قیمت کھائی۔
22. کتے کی قیمت، رنڈی (فلمسٹار، ہیرو اور ہیروئن وغیرہ سب) کی خرچی اور نجومی کی مٹھائی لینا منع ہے۔
حدیث نمبر: 932
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتے کی بیع، کسی رنڈی فاحشہ کی خرچی اور نجومی کی مٹھائی سے منع کیا۔
23. بلی کی قیمت لینا منع ہے۔
حدیث نمبر: 933
Save to word مکررات اعراب
ابوزبیر کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے کتے کی قیمت اور اور بلی کی قیمت کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے سختی سے منع کیا۔
24. پچھنے لگانے والے کی کمائی خبیث ہے۔
حدیث نمبر: 934
Save to word مکررات اعراب
سیدنا رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کتے کی قیمت خبیث ہے اور رنڈی کی خرچی خبیث ہے اور پچھنے لگانے والے کی کمائی خبیث ہے۔
25. پچھنے لگانے والی کی اجرت کے جائز ہونے کا بیان۔
حدیث نمبر: 935
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بنی بیاضہ کے ایک غلام نے پچھنے لگائے، پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو اس کی اجرت دی۔ اور اس کے مالک سے سفارش کی کہ وہ اس کے ٹیکس میں تخفیف کرے۔ اگر (سینگی لگانے والے کی اجرت) حرام ہوتی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کو مزدوری ہرگز نہ دیتے۔
حدیث نمبر: 936
Save to word مکررات اعراب
حمید کہتے ہیں کہ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے پچھنے لگانے والے کی کمائی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوطیبہ سے پچھنے لگوائے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو دو صاع اناج دینے کا حکم فرمایا اور اس کے مالکوں سے فرمایا کہ اس سے محصول کم لیں۔ (یعنی جو خراج اس سے لیتے تھے) اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ دواؤں میں جن سے تم علاج کرتے ہو، افضل دوا پچھنے لگانا ہے یا یہ فرمایا: تمہاری بہترین دواؤں میں سے ہے۔
26. بیع ”حبل الحبل“ کے متعلق۔
حدیث نمبر: 937
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جاہلیت کے لوگ اونٹ کا گوشت حبل الحبلہ تک بیچتے تھے۔ اور حبل الحبلہ یہ ہے کہ اونٹنی جنے پھر اس کا بچہ (اونٹنی) حاملہ ہو اور وہ جنے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا۔

Previous    1    2    3    4    5    6    7    Next    

https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.